ہوم << اسکرین زیادہ دیکھنے پر آنکھوں کی حفاظت کیسے کریں - وشنو باشانی

اسکرین زیادہ دیکھنے پر آنکھوں کی حفاظت کیسے کریں - وشنو باشانی

آنکھیں ہمارے جسم کا ایک نازک اور اہم حصہ ہیں، اس لیے ان کی درست دیکھ بھال نہایت ضروری ہے۔ یہ جسم کا وہ عضو ہے جس کو خدا کی دی ہوئی بیش قیمت نعمت شمار کیا جاتا ہے ۔ آج کے دور میں ٹیکنالوجی کی بدولت روزانہ نت نئی ایجادات ہمارے سامنے آ جاتی ہیں اور ہمارا زیادہ وقت موبائل فونز اور دیگر سکرین ڈیوائسز پر ہی گزرتا ہے۔ آنکھوں کا استعمال ٹیکنالوجی کی بدولت جتنا بڑھ گیا ہے، اس میں آنکھوں کا خیال رکھنا بھی اتنا ہی ناگزیر ہو گیا ہے ۔ ذیل میں آپ کی مدد کے لیے چند طریقے بتائے جا رہے ہیں جو بغیر پیسے خرچ کیے آپ کی آنکھوں کو اسکرین کے مضر اثرات سے بچانے میں معاون ہوں گے۔

دور کی شے پر نظر مرکوز کریں( 20 :20 :20 فارمولا )
ہر 20 منٹ کے بعد 20 سیکنڈ کے لیے کسی دور کی شے پر نگاہ ڈالی جائے جو کم سے کم 20 فٹ کے فاصلے پر ہو اسے بیس بیس بیس فارمولا کہا جاتا ہے اس سے نہ صرف انکھوں کو سکون ملتا ہے بلکہ ان پر پڑنے والے دباؤ کی شدت بھی کم ہو جاتی ہے ۔ مزید برآں، بینائی پر پڑنے والا اثر زائل ہو جاتا ہے۔ اسکرین کے استعمال کے دوران ہر 20 تا 25 منٹ کے بعد ایک مختصر وقفہ لینا آنکھوں کو نہایت سکون فراہم کرتا ہے ۔یہ محدود وقت آپ کی آنکھوں کو طویل مدت تک ڈیجیٹل ڈیوائسز کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے میں مدد دے سکتا ہے اور آنکھوں کو خشک ہونے سے بچا سکتا ہے۔ یاد رکھیے! ا سکرین کا زیادہ استعمال آنکھوں کا پانی کم یا خشک کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔

وقت مقرر کریں
موبائل فون اور لیپ ٹاپ کا استعمال معقول وقت تک محدود رکھنا ضروری ہے ۔ایسا کرنے سے آنکھیں تھکن سے محفوظ رہیں گی اور وقت گزرنے کے ساتھ بینائی کی صحت بھی بچی رہے گی۔ اگر موبائل فون، ٹیبلٹ یا کوئی بھی دیگر اسکرین دیکھتے دیکھتے وقت کا احساس نہیں رہتا تو بہتر ہے کہ الارم لگا لیا جائے ۔ اس ضمن میں مختلف ایپ اور سوشل میڈیا مثلاً فیس بک وغیرہ میں یہ سیٹنگ موجود ہے کہ اگر وقت مقرر کر کے الارم سیٹ کردیا جائے تو وہ اس مقررہ وقت کے بعد یاد دہانی کا میسج آپ کی اسکرین پر نمایاں کر دیتا ہے۔

آنکھیں بھی وقفہ چاہتی ہیں
طویل وقت تک اسکرین پر کام کرنا ہو تو ہر ایک گھنٹے کے بعد 10 سے 15 منٹ کا وقفہ لینا ناگزیر ہے ۔ اس دوران آنکھوں کو آرام دینا، تھوڑی دیر بند رکھنا ،یا کسی سبزہ زار میں اِدھر اُدھر دیکھنا ان کے لیے اکسیر ہے۔ اگر کمرے میں بیٹھے ہیں تو باہر کھلی فضا چلے جائیں، لمبے سانس لیں اور آنکھوں کو کھولیں اور بند کریں۔

آنکھوں کی ورزش کو معمول بنالیں
آنکھوں کی ہلکی پھلکی ورزش ، یعنی ان کو ہر زاویے سے گھمانا اور حرکت دینا آنکھوں کی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ خاص طور پر جب وہ ایک لمبے وقت تک اسکرین کے سامنے موجود رہیں اور یہ ایک معمول ہو۔ جسم کے دیگر اعضاء کی طرح اسے بھی کسرت کی ضرورت ہوتی ہے۔

بھرپور نیند
روزانہ سات سے اٹھ گھنٹہ کی معیاری نیند لینا انسانی صحت کے لیے ضروری ہے لیکن اسکرین زیادہ استعمال کرنے والوں کے لیے نہایت ضروری ہے۔ نیند محض جسم اور دماغ کے لیے ہی نہیں بلکہ آنکھوں کے لیے بھی نہایت ضروری ہے ۔نیند کی کمی نہ صرف عمومی صحت پر برے اثرات مرتب کرتی ہے بلکہ آنکھوں کو بھی تھکاوٹ اور سوجن کا شکار بنا سکتی ہے، ایسے میں اسکرین کے مضر اثرات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔

قریں قیاس ہے کہ آنے والے وقت میں اسکرین کا استعمال آج سے کٹی سے گنا بڑھ جائے گا، چنانچہ آنکھوں کی حفاظت کا خیال رکھنا ہر شخص پر لازم ہے۔ چند معمولی عادات اپناکر اور روزمرہ معمولات میں ترامیم کرکے آپ اپنی بینائی کو طویل عرصے تک محفوظ رکھ سکتے ہیں اوربھرپور بینائی اور صحت مندآنکھوں کے ساتھ پُر لطف زندگی گزار سکتے ہیں۔