ہوم << پیسے جوڑ جوڑ کر رکھنا برا ہے؟عبدالعلام زیدی

پیسے جوڑ جوڑ کر رکھنا برا ہے؟عبدالعلام زیدی

اس جملے سے ہمیں کتنی نفرت سی ہوتی ہے کہ یار فلاں بندہ پیسے جمع کر کے رکھتا ہے۔ پیسے ہاتھوں کی میل ہوتے ہیں۔ انھیں ایک ایسے وقت میں جمع رکھنا کہ جب کہیں غز ہ کے مسلمان مصائب کا سامنا کر رہے ہیں، آپ کے اپنے رشتے دار تکالیف میں ہیں، ایسے میں تو پیسے جمع کرنے والا پکا منافق معلوم ہوتا ہے۔

یہ باتیں ہم جیسے وہ لوگ سوچ رہے ہوتے ہیں، جو نہ بہتر کماتے ہیں اور نہ فی سبیل اللہ خرچ کرنے میں کوئی بہت ہمت کرتے ہیں۔ یہ باتیں ہماری نفسیات کا گہرا حصہ ہیں۔

خیر اس دفعہ جمعہ میں ہماری مسجد کے مولانا صاحب کا موضوع زکوٰۃ کی عبادت تھا۔ زکوٰۃ کو عبادت محسوس کرنا بھی ہمارے لیے ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ ہم اسے ایک طرح کی سزا سمجھتے ہیں کہ جو کم بخت پیسے جمع کرنے کی گندی بیماری کا شکار ہیں۔ نعوذ باللہ گویا اسلام انہیں سزا دیتے ہوئے زکوٰۃ دینے کا حکم دیتا ہے۔ حالانکہ زکوٰۃ ایسے ہی ایک عبادت ہے جیسے نماز، قرآن مجید میں بہت سارے مقامات پر انھیں اکٹھا بیان کیا گیا ہے کہ نماز پڑھو اور زکوٰۃ ادا کرو۔

میں مولانا کے خطاب کے دوران یہ سوچ رہا تھا کہ اگر زکوٰۃ دینا عبادت ہے تو یہ عبادت تو تبھی ممکن ہے کہ جب آپ کے گھر، بینک میں ساڑھے سات تولے سونا ایک سال تک پڑا رہے۔ یہ بھلا کتنے پیسے بنتے ہیں۔ ایک تولہ تقریباً 3 لاکھ کا ہے۔ یعنی کوئی 25 لاکھ کی رقم بنتی ہے۔ جی جناب اتنے پیسے آپ کے پاس مسلسل محفوظ ایک سال تک پڑے رہیں تو تب آپ کو زکوٰۃ ادا کرنا ہوتی ہے۔ اگر پیسے ساڑھے 52 تولہ چاندی کے برابر بھی ہوں تب بھی زکوۃ ادا کرنا ہوگی۔

سوچیے اتنی بڑی رقم جمع رکھنے والوں کو ہم تو منافق، دنیا دار، پیسوں کے پجاری، دنیا کے بھوکے سمجھتے ہیں۔ جبکہ اسلام انھیں عبادت گزار اور پاکیزہ مال کا مالک قرار دیتا ہے، اور ان کی اس زکوٰۃ کی بنیاد پر ہی اسلامی مملکت اپنے غرباء و مساکین کا بندوست کرتی ہے۔

یہ سوچنے کی بات ہے کہ پیسے کی نفرت، پیسے کے بارے میں غلط تصورات نے ہمیں کہاں پہنچا دیا ہے۔ ہم خرچ کرنے والوں کے مقام سے گر کر سوال کرنے والوں کی صف میں کھڑے ہیں۔ پیسے کی چاہت میں اذیت بھری زندگی جیتے ہیں، مگر پیسہ کمانے اور پھر اسے محفوظ رکھنے کو دنیا پرستی سمجھتے ہیں۔

ہمارے تصورات کی بنیاد کہیں صوفیت ہے، کہیں ہندو کلچر اور کہیں ٹراماز ۔۔۔ خدارا اپنے تصورات کو قرآن و سنت اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں درست کیجیے کہ یہ دنیا و آخرت کی بھلائیاں حاصل کرنے کی بنیاد ہیں۔

Comments

Avatar photo

عبدالعلام زیدی

عبدالعلام زیدی اسلام آباد میں دینی ادارے the REVIVEL کو لیڈ کر رہے ہیں۔ اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے بی ایس کے بعد سعودی عرب سے دینی تعلیم حاصل کی۔ زکریا یونیورسٹی ملتان سے ایم اے اسلامیات اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولہور سے ایم اے عربی کیا۔ سرگودھا یونیورسٹی سے اسلامیات میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ سید مودودی انسٹی ٹیوٹ لاہور میں تعلیم کے دوران جامعہ ازھر مصر سے آئے اساتذہ سے استفادہ کیا۔ دارالحدیث محمدیہ درس نظامی کی تکمیل کی۔ دینی تعلیمات اور انسانی نفسیات پر گہری نظر رکھتے ہیں

Click here to post a comment