ہوم << تراویح اور اس کی رکعتوں کے اختلافات - ابوالاعلی سید سبحانی

تراویح اور اس کی رکعتوں کے اختلافات - ابوالاعلی سید سبحانی

تراویح سے متعلق ایک "سرکاری فرمان" سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے! فرمان کا خلاصہ یہ ہے کہ: ”آٹھ رکعات پڑھنا ممنوع، اور پڑھنے پر سزا!“ یہ فرمان حیرت انگیز بھی ہے اور افسوسناک بھی! یہ فرمان نہ تو شریعت کے مزاج سے میل کھاتا ہے.

اور نہ تراویح سے متعلق درست شرعی موقف کے مطابق ہے. اس فرمان نے ایک بار پھر تراویح کی رکعتوں سے متعلق ایک بڑی فقہی بحث چھیڑ دی ہے، آٹھ رکعت والے بھی آستین چڑھا کر میدان میں ہیں اور بیس رکعت والے بھی،آٹھ والے آٹھ ہی کو درست مانتے ہیں، بیس کو خلاف سنت قرار دیتے ہیں، جبکہ بیس والے بیس ہی کو درست مانتے ہیں، آٹھ کو خلاف سنت قرار دیتے ہیں، حالانکہ یہ دونوں ہی رویے درست نہیں ہیں، دونوں ہی شریعت کے مزاج سے مطابقت نہیں رکھتے. نماز کے اختلافات سے متعلق گزشتہ سو سالوں میں بڑی بحثیں ہوئی ہیں، عربی زبان میں بھی اور اردو زبان میں بھی،

ہندوپاک میں بھی، عرب دنیا میں بھی، اور دوسرے ممالک میں بھی، لیکن ان تمام بحثوں میں اصل ترکیز اور تمام زور اپنے موقف کو درست ثابت کرنے اور دوسرے موقف کو غلط ثابت کرنے پر تھا، اس سلسلے کی آخری اور سب سے قابل قدر علمی کوشش ڈاکٹر محی الدین غازی کی ہے، یہ کتاب اردو زبان میں بھی موجود ہے اور عربی زبان میں بھی موجود ہے، اردو میں”نماز کے اختلافات اور ان کا آسان حل” کے نام سے، اور عربی میں “نظریۃ التواتر العملی وتطبیقھا علی الاختلافات فی صفۃ الصلوٰۃ کنموذج” کے نام سے شائع ہورہی ہے۔ اردو میں اس کتاب کا ایک مختصر ایڈیشن”نماز اتحاد امت کی بنیاد” کے نام سے موجود ہے۔

اس کتاب میں خاص طور پر سنتوں کے تنوع پر گفتگو کی گئی ہے، اور اس کے لیے عملی تواتر کو بنیاد بنایا گیا ہے، اور اس موقف کو بہت ہی مدلل کرکے پیش کیا گیا ہے کہ: تدوین کے زمانے میں ریکارڈ کیے گئے نماز کے تمام طریقے مسنون ہیں، اور تمام طریقے درست ہیں، اس میں نہ تو افضل اور غیر افضل کی بحث درست ہے، اور نہ درست اور نادرست کی بحث درست ہے، اس موقف کے مطابق: آٹھ رکعت تراویح بھی درست ہے اور بیس رکعت تراویح بھی درست ہے! رفع یدین کرنا بھی درست ہے اور رفع یدین نہ کرنا بھی درست ہے! تین رکعت وتر پڑھنا بھی درست ہے اور ایک رکعت وتر پڑھنا بھی درست ہے!

اس کتاب کو ایک ایک مسجد، ایک ایک عالم اور ایک ایک مولوی تک پہنچانے کی ضرورت ہے!

یہ صدی کی کتاب ہے!
ایک غیرمعمولی تجدیدی کوشش ہے! ذہن سازی کرنے والی کتاب ہے!
عملی رہنمائی کرنے والی کتاب ہے! یہ نماز کی حفاظت کرنے والی کتاب ہے؛
مسلکی شدت پسندی سے!مسلکی تعصب سے!
مسلکی بے اعتدالی سے! کم علمی اور جہالت سے!
غلط تصورات اور غلط رویوں سے! نماز ہماری بنیاد ہے!
ہماری پہچان ہے! ہماری روحانیت ہے!

اس کو ہرگز ہرگز مسلکی اختلافات اور فرقہ وارانہ شدت پسندی کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینا چاہیے.

Comments

Avatar photo

ابوالاعلی سبحانی

ابوالاعلی سید سبحانی مصنف اور مترجم ہیں۔ دہلی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ لکھنو یونیورسٹی سے ایم اے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ سے گریجویشن کی ہے۔ جامعۃ الفلاح اعظم گڑھ، ندوۃ العلماء لکھنو اور الجامعۃ الاسلامیہ کیرلا سے دینی تعلیم حاصل کی ہے۔ ماہنامہ رفیق منزل اور ماہنامہ حیات نو کے سابق مدیر ہیں۔ عربی سہ ماہی “النشرہ”، نئی دہلی کے سابق مدیر معاون ہیں۔ ہدایت پبلیکیشنز کے نام سے اپنا ادارہ چلا رہے ہیں

Click here to post a comment