ہوم << جھوٹے لوگ اور سچے کُتّے - ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم

جھوٹے لوگ اور سچے کُتّے - ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم

ایک بستی کے لوگ جھوٹ بولنے اور جھوٹی گواہی دینے کے لیے مشہور تھے۔

اس بستی کے ایک مرد و عورت نے خفیہ طور پر نکاح کرلیا۔نکاح یقیناً شریعت کے مطابق تھا۔۔ نکاح خوان قاضی اور گواہوں کی موجودگی میں۔
کچھ عرصے بعد میاں بیوی میں ناچاقی ہوگئی اور شوہر نے بیوی کو گھر سے نکال بھی دیا،اور اسے تمام شرعی حقوق سے بھی محروم کردیا۔

خاتون شہر کے قاضی کے پاس مقدمہ لے کر گئی اور بتایا کہ شوہر نے گھر سے نکال دیا ہے۔
قاضی نے کہا کہ تمہارے اس نکاح کی توکسی کو خبر ہی نہیں۔
خاتون نے کہا کہ جناب ہمارا نکاح بالکل شریعت کے عین مطابق ہوا۔
قاضی نے پوچھا ۔۔کوئی گواہ ہے؟
جی ۔۔قاضی صاحب ۔۔دو گواہ بھی تھے،ان ہی کی موجودگی میں یہ نکاح ہوا تھا۔

قاضی صاحب نے شوہر اور گواہوں کو طلب کرلیا۔مگر انہوں نے بھری عدالت میں خاتون کو پہچاننے اور نکاح سے صاف انکار کردیا ۔
اور بیک زبان کہا کہ ہم نے تو اج سے پہلے اس خاتون کو کبھی دیکھا تک نہیں۔

قاضی صاحب نے خاتون ،شوہر اور گواہوں کو بیک وقت گہری نظروں سے دیکھتے ہوئے خاتون سے پوچھا ۔۔کیا تمہارے شوہر کے پاس کتّے ہیں؟
خاتون نے کہا؟ہاں
قال: هل تقبلين بشهادة الكلاب وحكمهم؟ قاضی نے خاتون سے پوچھا ۔۔کیا آپ کتوں کی گواہی اور ان کے فیصلے کو قبول کرلیں گی؟
قالت: نعم خاتون نے کہا۔۔جی ۔۔مجھے ان کی گواہی اور فیصلہ قبول ہوگا ۔

قاضی نے حکم دیا کہ خاتون کو اس شخص کے گھر لے جایا جائے۔۔اگر وہ اس خاتون کو دیکھ کر (اجنبی جان کر)بھونکنے لگیں,تو یہ عورت جھوٹی ہے۔
اور اگر وہ کتے خاتون کو دیکھ کر۔۔گھر کا فرد سمجھ کر۔۔۔ خوش ہوں اور اس کا استقبال کریں تو ،خاتون کا دعویٰ درست اور شوہر اور گواہ جھوٹے ہیں ۔اور یہ خاتون گھر کی مالکن ہے۔

یہ حکم جاری کرتے ہی قاضی اور عدالت میں موجود لوگوں نے شوہر اور گواہوں کی طرف دیکھنا شروع کردیا،جن کے چہرے جھوٹ پکڑے جانے کے خوف سے پیلے پڑگئے تھے اور جسم کپکپانے لگے تھے۔

فیصلہ تو ہوچکا تھا کہ کون سچا اور کون جھوٹا ہے
فقال القاضي: اجلدوهم فإنهم يكذبون قاضی صاحب نے سپاہیوں کو حکم جاری کیا ۔۔ گرفتار کرلو۔۔ان جھوٹوں کو اور انہیں کوڑے لگاؤ۔
اور آبزرویشن دی:
بئس القرى التي كلابها أصدق من اهلها بدترین بستیاں ہیں وہ،جن کے باشندوں سے زیادہ ان کے کتے سچے ہیں۔

(عربی ادب سے انتخاب )

Comments

Avatar photo

ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم

ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم سابق چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد ہیں۔ ڈائریکٹر کالجز، گورنمنٹ کالج سمن آباد کے ریٹائرڈ پرنسل اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے سابق چیئرمین شعبہ عربی ہیں۔ ریڈیو پاکستان سے 30 سال کا تعلق ہے۔ بطور مقرر قومی پروگرام ۔۔حی علی الفلاح۔ سلسلہ "قر ان حکیم اور ہماری زندگی۔ نشری تقاریر پر مشتمل چھ کتب ''قول حسن، قول سدید، قول مبین، قول مجید، قول کریم اور قول حکیم شائع ہو چکی ہیں۔ دو کتب قول فصل اور قول کریم زیر ترتیب ہیں۔ ترکی جو میں نے دیکھا کے نام سے سفرنامہ شائع ہو چکا ہے۔ خود نوشت ''یادوں کا دریچہ'' زیرقلم ہے

Click here to post a comment