عمان کے دارالحکومت مسقط میں پاکستانی سفارت خانے نے مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے4 پاکستانیوں کی شناخت جاری کردی۔ مسجد پر حملے میں شہید ہونے والے 4 پاکستانیوں میں غلام عباس، حسن عباس، سید قیصر عباس اور سلیمان نواز شامل ہیں۔
عمان میں پاکستانی سفیر عمران علی نے خلیجی میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ مسجد پر فائرنگ کے واقعے میں 50 پاکستانی زخمی ہوئے جن میں سے 20 زخمی تین اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جب کہ معمولی زخمیوں کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
پاکستانی سفیرکا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعے میں مسلح افراد نے مسجد میں خواتین اور بچوں سمیت دیگر نمازیوں کو یرغمال بنالیا تھا، مسجد سے یرغمالیوں کو عمانی پولیس نے رہا کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دہشت گردی کا واقعہ مسقط میں علی بن ابی طالب مسجد میں رونما ہوا۔
عمانی پولیس کے مطابق فائرنگ مسقط کی وادی کبیر میں واقع مسجد علی ابن ابی طالب میں گزشتہ شب کی گئی تھی۔
عمانی سکیورٹی فورسز کا کہنا ہےکہ وادی کبیرکی مسجد میں حملہ کرنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیاگیا، مسجد فائرنگ کے واقعے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے۔
تبصرہ لکھیے