لاہور: پنجاب حکومت نے شدید اسموگ کے باعث بیماریوں کے خدشے کے پیش نظر لاہور کے اسکولز و دفاتر میں ہفتے میں 3 تعطیلات کا حکم جاری کردیا۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے اس حوالے سے ہفتے میں 3 چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں ضلع لاہور کے تمام سرکاری و نجی اسکولز ہفتے میں تین دن بند رہیں گے۔ حکم نامے کے مطابق اسکولز جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے۔ اسکولز میں تعطیلات کا یہ فیصہے تاحکم ثانی جاری رہے گا اور دوبارہ کھلنے کی تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔
متعلقہ حکام اور اساتذہ کو اسکولز کی تعطیلات کے دوران طلبہ کو ہوم ورک کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ پڑھائی کا حرج نہ ہو۔دوسری جانب صوبائی ڈزاسٹر مینجمٹ اتھارٹی پنجاب نے بھی شہر کے نجی ادارے اور ان کے ذیلی دفاتر بھی بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا تاہم انہیں ورک فرام ہوم گھروں سے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور میں اسموگ کے نتیجے میں سانس کے مسائل سے لوگ متاثر ہو رہے ہیں.
لہذا لاہور کی حدود میں کام کرنے والے تمام نجی ادارے اور ان کے سب آفسز جمعہ ،ہفتہ کے لئے بند رہیں گے، اس فیصلے کا اطلاق 7 دسمبر سے 15 جنوری تک ہوگا۔ واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے اسکولوں میں 3 روز کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
تبصرہ لکھیے