ہوم << اقامت دین کی کوششوں کے لیے زریں اصول - انصر خان کھچی

اقامت دین کی کوششوں کے لیے زریں اصول - انصر خان کھچی

امت کے کھلے دشمن کے خلاف اہل سنت کی ہمہ جہتی جنگ میں امت کے ہر طبقے، کو ساتھ چلایا جاتا ہے، جن میں ایسے مسلمان بھی بڑی تعداد میں آئیں گے جن کی زندگی شریعت کی بعض واضح خلاف ورزیوں سے آلودہ ہے یا جن کے عقیدے میں ایک درجے کی خرابی ہے۔ یہ شرط نہیں لگائی جائے گی کہ پہلے وہ شریعت کی اُن خلاف ورزیوں کو اپنی زندگی سے باہر کریں یا اپنے عقیدے کی خرابیوں کو دور کریں اور اس کے بعد الحاد کے خلاف ہماری اِس جدوجہد یا منافق کے خلاف ہماری اِس سماجی مزاحمت میں شریک ہوں.

البتہ جب تک ان کے اعمال اور حلیے باشرع نہیں ہوتے اور ان سے عقیدے کی خرابیاں دور نہیں ہوتیں تب تک کافر ہمارے ساتھ جو کرتا ہے کرتا رہے! تب تک صلیبی، کمیونسٹ، سیکولر، لبرل ہماری بستیوں کو تاراج، ہماری عصمتوں کو پامال اور ہمارے معاشروں کو مسخ کرنے کا مشن جس قدر پورا کر سکتا ہے اور اس میں جس قدر آگے بڑھ سکتا ہے بڑھ لے!!! یہ درست ہے کہ اِس عمل کے دوران ہم نہایت حکمت اور دانائی سے کام لیتے ہوئے ان کو سنت اور اطاعت کی راہ پر لانے کی بھی کوشش کریں گے؛ بلکہ خود اِس عمل کی برکت سے ان کی زندگی میں نہایت اعلیٰ تبدیلیاں برپا ہوتی چلی جائیں گی (ان شائاللہ).

تاہم کفر کو گزند پہنچانے کی یہ سعادت لینے سے ہم انہیں ان کی اِس گناہگاری کی حالت میں بھی کسی صورت نہ روکیں گے (بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کریں گے)؛اور ان میں کسی بھی عمل کی کمزوری یا عقیدے کی خرابی کو اِس فرض کی ادائیگی سے پیچھے رہنے کی ’’دلیل‘‘ نہیں بنائیں گے۔ کیونکہ اقامت دین کی کوششوں سے پیچھے رہنے کیلیے یہ فی الواقع دلیل نہیں ہے۔ جو شخص اِسے دلیل سمجھتا ہے، اور بلاشبہ بہت سے لوگوں کا یہی خیال ہے، اسے چاہئے وہ کتاب یا سنت یا فقہائے اسلام سے اس کا ثبوت پیش کرے۔

یہ غلط فہمی جو اِس وقت بڑے بڑے نیک لوگوں میں پائی جاتی ہے... کچھ عظیم مغالطوں کی پیداکردہ ہے۔ بلکہ خود اِسے ایک انحراف اور بدعت ماننا چاہئے۔ کس فقیہ نے کہا ہے کہ ایک آدمی جب تک کچھ گناہوں میں ملوث ہے تب تک اس کے حق میں دین کے بعض فرائض ادا کرنا منع ہے۔ جو فرض ہے وہ فرض ہے؛ نیکوکار پر بھی اور گناہگار پر بھی۔ اور جب تک شرک نہ ہو، دونوں کا عمل اللہ قبول کرتا ہے۔

خود یہ حضرات سوچ لیں؛ ایک آدمی کے ڈاڑھی نہ رکھنے یا ایک عورت کے سر نہ ڈھانپنے کو مثلاً اگر یہ گناہ سمجھتے ہیں تو کیا یہ ایک بیڈاڑھی مرد یا ایک بے پرد عورت کو ’’نماز‘‘ پڑھنے سے روکیں گے؟ یا ’’نماز‘‘ پڑھنے سے اُس کی حوصلہ شکنی کریں گے؟ کہ منہ پر ڈاڑھی ہے نہیں اور نماز پڑھنے میں لگے ہو!!! وہاں یہ خود کہیں گے کہ بھئی وہ گناہ اپنی جگہ مگر نماز کا فرض اپنی جگہ۔ تو پھر ’’اقامت دین کی کوشش‘‘ کا فرض اپنی جگہ کیوں نہیں؟ ایک گناہ کے باعث ’’نماز‘‘ سے نہیں روکا جائے گا، اپنے مدرسہ کو ’’چندہ‘‘ دینے سے نہیں روکا جائے گا، لیکن ’’اقامت دین کی کوششوں‘‘ سے روکا جائے گا! سبحان اللہ!!!

یہ تو درست ہے کہ آپ خود اپنی نماز سنت کے مطابق پڑھیں گے اور جماعت کیلیے ایک سُنی امام کا اہتمام کریں گے۔ لیکن اگر کوئی گناہگار یا کسی بدعت میں ملوث شخص آپ کے پیچھے آ کر کھڑا ہوجاتا ہے تو کیا آپ اُس کو صف سے نکال دیں گے؟ کیا آپ اس کو مسجد سے باہر کر آنے کے مجاز ہیں؟ آپ معترض ہوسکتے ہیں اُس کے امام بننے پر، لیکن پیچھے کھڑے ہونے سے آپ اُس کو کیسے روک سکتے ہیں؟

چنانچہ یہ بات عام حالات میں بھی درست نہ ہوگی، البتہ جس وقت دشمن عالم اسلام پر چڑھ آیا ہو تب تو اگر دشمن کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کیلیے آپ صرف ’باشرع‘ لوگوں کی شرطیں لگائیں گے تو ملت کا صفایا کروا بیٹھیں گے۔ یہاں تو سب نے اٹھنا ہے اور اپنے دین، اپنی عزتوں، اپنی تہذیب، اپنی سرزمین اور اپنی سالمیت کو دشمن کے چنگل سے رہا کروانا ہے۔ عام لوگوں کو مذہبی حلیے وغیرہ نہ رکھنے کے باعث اگر آپ اس سے روک دیں گے تو خود اپنے ہاتھ سے امت کا ستیاناس کریں گے، جبکہ دین نے آپ کو ایسا کرنے کا نہیں کہا۔ جبکہ آپ ’پابندیِ شرع‘ کے جذبے سے امت کا یہ نقصان کر رہے ہوں گے!

ایسا کرنا درحقیقت احکامِ دین سے لاعلمی اور مقاصدِ شریعت سے ناواقفیت ہوگی۔ نیز سمجھداری سے دور ہونے کی دلیل۔ اور اہل سنت والی فراست اور وسعتِ نظر سے محروم ہونے کی علامت۔ نیز جن لوگوں کو آپ نے اِس موقع پر دین اور امت کی نصرت کے ناقابل جانا، ان کو کمتر اور ناچیز خیال کر بیٹھنا؛ حالانکہ نبیﷺ کا ہر امتی کسی نہ کسی خیر پر ہوسکتا ہے۔ جبکہ نبیﷺ نے تو یہاں تک فرما دیا کہ وَإِنَّ اللَّہَ لَیُؤَیِّدُ ہَذَا الدِّینَ بِالرَّجُلِ الْفَاجِرِ (متفق علیہ) ’’اللہ تعالیٰ (کسی وقت) ایک بدکار آدمی سے بھی اِس دین کی نصرت کروا لیتا ہے .اِس بحث کو مزید کھولنے کیلیے اس کے چند مقدمات اور واضح کرنا ضروری ہے:

1. امت کے اُن عام لوگوں کو، جن کا ظاہر بعض گناہوں یا شریعت کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتا ہے، معمولی جاننا نہ صرف اُن امتیوں کے ساتھ بلکہ اپنے ساتھ زیادتی ہے۔ خود رسول اللہﷺ نے متعدد مقامات پر اس جانب اشارہ فرمایا ہے کہ ایک بدعمل سے بدعمل شخص کسی وقت اللہ کی اطاعت کا کوئی ایسا کام کرلیتا ہے جو اس کیلیے ذریعہ? خیر بن جائے۔ مثال کے طور پر ایک بدکار عورت کا ایک پیاس سے بلکتے کتے کو پانی پلانے کیلیے کنویں میں اترنا اور پھر اپنے بندجوتے میں پانی بھر کر اور اسے اپنے دانتوں میں دبا کر کنویں کا منڈیر چڑھنا؛ جس کی اللہ نے قدر فرمائی اور اِسی عمل کو اُس کیلیے ذریعہ? بخشش بنا دیا۔ پس گناہوں میں گرفتار طبقے کو کسی قابل نہ جاننا ہمارے دین کی تعلیم نہیں۔

اللہ نے اِن کو، اِن کے گناہوں کے باوجود، ’’کتاب کے وارثوں‘‘ میں شمار کیا ہے، جیساکہ ہم پچھلی فصل میں دیکھ آئے۔ تو پھر لامحالہ، اپنی اِس حالت پر رہتے ہوئے بھی، اپنی کتاب، اپنی شریعت، اپنے نبیؐ اور اپنی امت کے حق میں اِن کا کوئی کردار ہوگا۔ فقہائے منہج اس بات کے شدید مخالف ہیں کہ کسی کٹھن موقع پر امت کے کمزور طبقوں کا کردار معطل کروا دیا جائے اور کسی جان لیوا موڑ پر صالحین اِن سے اور یہ صالحین سے کٹ جائیں۔ نتیجتاً؛ یہ شیطان کیلیے اور بھی لقمہ? تر بنیں جبکہ صالحین دشمن کیلیے اور بھی زیادہ آسان ہدف۔ یہ اپنی اِس حالت میں بھی؛ اگر لادین قیادتوں کی بجائے صالحین سے اور صالحین اِن سے مانوس ہوں، تو معاشرے میں خیر کے بہت سے دروزاے کھلے اور شر کے بہت سے دروازے بند رکھے جا سکتے ہیں۔

2. امت کے ’’عوام الناس‘‘ کسی فرقے کے نہیں ہوتے، صرف اللہ اور رسول کے ہوتے ہیں۔ بیشک فرقوں نے ان پر اپنے اپنے ٹھپے لگارکھے ہوں اور یہ بھی کسی درجے میں ان کے ساتھ منسلک ہوں، حتیٰ کہ اگر یہ خود بھی کوئی خاص نام یا لیبل اٹھالیتے ہوں مگر باعتبارِ حقیقت یہ ’’عام قسم مسلمان‘‘ کے سٹیٹس سے باہر نہیں ہوتے، الاماشائاللہ۔ جبکہ پیچھے ہم دیکھ آئے، امت کی ’’عوام‘‘ اہل سنت ہی شمار ہوتی ہے خواہ ان پر لاکھ ٹھپے لگے ہوں تاوقتیکہ ان میں سے کسی کا - باعتبارِ حقیقت – اہل بدعت میں سے ہونا پایہ? ثبوت کو نہ پہنچ لے۔

3. پھر اگر ان میں سے کسی کی خرابی اِس درجے کی ثابت ہو بھی جائے کہ اُسے ہم ’’بدعتی‘‘ کہیں، تو بھی جب تک اُس کا بدعتی ہونا اُسے دائرہ? اسلام سے خارج نہیں کرتا تب تک وہ امت کے گناہگاروں کی صنف سے باہر نہیں ہے۔ بلکہ اصل یہ ہے کہ نماز اور تعلیم و تعلم میں ہم ان کو اپنے ساتھ لگائیں۔

4. اس سلسلہ میں ایک نہایت اہم چیز: دورِ مغلوبیت میں امت کے تربیتی اداروں کے معطل ہو رہنے کے نمایاں اثرات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ جس پر ہمارے اکثر واعظ، لوگوں کو کوسنے اور ’شرم دلانے‘ کا اسلوب اختیار کرتے ہیں۔ بہت سے خطیب ’داڑھی‘ نہ رکھنے والوں کو بھری مسجد میں ذلیل کر کے رکھ دینا آج ’دعوتِ دین‘ سمجھ بیٹھے ہیں! اِن خطیب صاحب کو کیا علم کہ ’داڑھی رکھنا‘ اِن کی اپنی تو شاید مجبوری بھی ہو کہ شروع سے ہی ایک خاص ’مذہبی‘ دنیا میں رہتے آئے ہیں، باہر نکل کر دیکھیں جہاں لوگوں کو ’’زندگی کی دوڑ‘‘ میں پورا اترنا پڑ رہا ہے؛ وہاں ماحول کا اپنا جو ایک مومنٹم ہے اُس میں آدمی کو دو دن نکالنے شاید مشکل ہوں۔ بڑی بات ہے جو یہ لوگ اب بھی ’’اذان‘‘ ہوتے ہی سب کام دھندے چھوڑ کر خدا کے گھروں میں آ پہنچتے اور ’’پہلی صف‘‘ میں جگہ ڈھونڈتے ہیں! جس پر حق تو یہ تھا کہ ہم اِن کا ماتھا چومیں اور اِنہیں سر آنکھوں پر بٹھائیں (وَإِذَا جَائَکَ الَّذِینَ یُؤْمِنُونَ بِآیَاتِنَا فَقُلْ سَلَامٌ عَلَیْکُمْ کَتَبَ رَبُّکُمْ عَلَی نَفْسِہِ الرَّحْمَۃَ)۔

یہ سب لوگ، یا ان میں سے اکثر، غیرمعمولی انسان ہیں۔ خطیب صاحب کو گویا معلوم ہی نہیں کہ زندگی کا وہ مومنٹم جس میں اِن کے مخاطبین دو سو سال سے کھینچے دھکیلے جا رہے ہیں عالمی اور مقامی جاہلیت کا تشکیل کردہ ہے؛ جس میں اِن کی نماز اور حیاء کا ابھی تک بچا رہنا کسی معجزے سے کم نہیں، جبکہ اُس جاہلیت کو جڑ سے ہاتھ ڈالنا اور اس کے خلاف ایک زیرک مزاحمت کھڑی کرنے میں قوم کی قیادت کرنا خطیب صاحب اور ان کے بڑوں کا فرض تھا۔ اس پر سرزنش کریں مگر سامنے بیٹھے اِن نمازیوں کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو۔ ایک ’’ماحول‘‘ فراہم کیے بغیر ایک ’’عامی‘‘ سے آخر آپ کس چیز کی توقع رکھتے ہیں؟ آپ کے سامنے تو اس وقت دنیا کی یہ ایک مظلوم ترین قوم بیٹھی ہے جسے بیک وقت ایک بیرحم دشمن اور ایک نادان دوست کے ساتھ آزمایا گیا ہے۔

اُدھر ’مذہبی‘ خطاب کا یہ حال ہے تو اِدھر ’دانشور‘ کا خطاب شروع ہوتا ہے: دیکھتے نہیں مغرب میں رہنے والوں میں وہ خوبی ہے وہ اچھائی ہے اور تم میں؟! فلاں برائی، فلاں خرابی اور فلاں نالائقی!

بھائی مغرب میں لوگوں کا اس سے برا حال تھا وہاں کے سمجھداروں نے بڑی محنت کے ساتھ اُن کو ایک سسٹم دیا ہے۔ یہ تم وہاں کے ایک ’عام فرد‘ کی اچھائیوں پر جس طرح قربان ہوئے جاتے ہو، وہ ’عام فرد‘ وہاں زمین سے نہیں اگ آیا بلکہ ایک خاص ماحول اور خاص سسٹم کا پروردہ ہے جسے وہاں کے سمجھداروں نے بڑی محنت سے کھڑا کیا ہے؛ جبکہ یہاں کے سمجھدار تم ہو!
غرض یہ تاثر عام ہوجانا کہ امت میں خیر نہیں ہے، شیطان کا ایک بہت بڑا حربہ ہے۔ صرف بات اتنی ہے کہ غلاموں کی کوئی زندگی نہیں۔ قوم کے سمجھداروں کو ایک بہت بڑی سطح پر اِس بازی کو پلٹنا ہے۔ ورنہ اِس امت میں اللہ کا شکر ہے خیر ہی خیر ہے۔یہ سب جو آپ دیکھ رہے ہیں ایک خاص ماحول اور خاص نظام کا تشکیل کردہ ہے۔

یہ غلاموں کیلیے باقاعدہ بنایا گیا ہے۔ اِس میں ’’فرد‘‘ کو ڈانٹنا کسی مسئلے کا حل نہیں، بات بہت اوپر کی سطح پر بگاڑی گئی ہے۔ اس کیلیے کوئی اونچے درجے کی سکیم ہی سامنے آنا ضروری ہے۔ اور فی الحال آپ کو اِسی ’’فرد‘‘ کے ساتھ گزارا کرنا ہے؛ اور یہ ’’فرد‘‘ بڑی غنیمت ہے جو اب بھی اپنے دین اور اپنے نبیؐ سے بیگانہ نہیں۔ اِسی کو ساتھ لیکر آپ کو اِس بحرظلمات میں پار لگنا ہے۔ ہاں جب یہاں کی تعلیمی، تربیتی اور ابلاغی مشینری خدا کی عبادت کروانے کیلیے مسخر ہوگی اور اپنی اسلامی تہذیب کے نغمے چھیڑے گی، تب خودبخود آپ کے یہاں ایک اور طرح کا ’’فرد‘‘ پیدا ہونے لگے گا۔ تب نہ واعظ کو چیخنے کی ضرورت ہوگی اور نہ دانشور کو سر پیٹنے کی۔ البتہ آج واعظ کو بھی اپنا فرض پہچاننا ہے اور دانشور کو بھی۔

مشکل اوقات میں آسانی کے ایام کی سہولتیں ڈھونڈنا (کہ مسلم معاشرے میں معیار سے اترا ایک آدمی جہاں نظر آیا ڈانٹ دیا) قوم کے سمجھداروں کو تو ہرگز زیب نہیں۔ یہاں روئیں تو خود اپنے فرض سے غافل رہنے پر؛ کہ ’مذہب‘ اور ’اصلاح‘ کے نام پر نجانے ہم اِن بیچاروں کا کیا کیا نقصان کرتے رہے۔

: ائمہ? سنت اپنے دور کے خطباء کو مسلمانوں کے عیوب برسرِمنبر بیان کرنے سے منع فرماتے، کہ مبادا اس سے کافروں کو بغلیں بجانے کا موقع ملے۔ سبحان اللہ۔ ہمارے ائمہ اپنے وقت کے صرف ’مذہبی راہنما‘ نہیں بلکہ ’’سماجی ماہرین‘‘ بھی تھے۔ ’قومی ملامت‘ اعصاب کو تباہ کردینے والی چیز ہے۔اِس سے عیوب کی اصلاح تو پھر بھی نہیں ہوتی، البتہ قوم کا مورال گر جاتا ہے۔ اور نفسیاتی طور پر یہ چیز قبول ہونے لگتی ہے کہ ’ہم ایک ناکام قوم ہیں‘، جیساکہ اس وقت آپ دیکھ رہے ہیں۔ ایسے طبقوں کیلیے جو اپنی قوم کے حوصلے پست کرکے باہر والوں کا کام آسان کریں، دورِحاضر میں باقاعدہ اصطلاح رائج ہے دشمن کی فوجیں وہ کام نہیں کرتیں جو یہ بیٹھے بٹھائے کردیتے ہیں۔ ہمارے خطباء کی بڑی تعداد نیز دانشوروں کے بڑے طبقے میں اِس وقت یہ لہجے عام ہیں، جس سے متنبہ ہونا چاہئے۔

5. اس وقت جب امت کا دشمن ہر طرف سے اور ہر ہر انداز سے اِس پر ٹوٹ پڑا ہے، دشمن کی ہم پر یلغار کے آج سو رنگ ہیں اور سو ڈھنگ، ہزارہا وسائل اور ان گنت چہریاور بھانت بھانت کے ٹولے اور طرح طرح کی کمپنیاں، ادارے، پروگرام، پراجیکٹ،احسانات، مہربانیاں، قرضے، این جی اوز... تو اَشد ضروری ہے کہ اِس وقت پوری امت ایک جسم کی مانند اکٹھی ہو جائے۔ امت کے کسی بھی شعبیاور کسی بھی طبقے کو آج معمولی نہ جانا جائے۔ امت کے وجود میں جو جو صلاحیت اور توانائی کی جو جو رمق موجود ہے امت کے ایجنڈا کیلیے اسے آخری حد تک برتنے کی کوشش ہونی چاہئے؛ اس سے استغناء کیسا؟ امت کا ہر فرد جو ہمیں مل سکتا ہے، ہرہرجماعت، ہرہر خطہ، ہرہر پیشہ اہم ہے۔ ایک ایک مسلمان قیمتی ہے۔

وہ جو کرکے دے سکتا ہے، ہمیں اس کی ضرورت ہے۔ میں کہتا ہوں ’دیندار‘ اور ’بیدین‘ کی وہ روایتی تقسیم جس سے ہم اب تک مانوس رہے ہیں، اس وقت ترک کردی جانی چاہئے۔ دین کی نصرت پوری امت سے مطلوب ہے۔ کوئی مسلمان ایسا نہیں جس میں کچھ خیر نہ ہو۔ اور یاد رکھئے: ایمان ایک شعبہ نہیں؛ متعدد شعبے ہیں۔ ایمان کے کچھ شعبوں کا تعلق ’’ظاہر‘‘ سے ہے تو کچھ کا تعلق ’’باطن‘‘ سے۔ یہاں کتنے ہی فرد آپ کو ایسے نظر آئیں گے جو ’’ظاہری حلیے‘‘ میں ایمان کی سب شرطیں پوری کر رہے ہوں گیمگر اندر سے کھوکھلے اور خدا سے غافل۔

اور کتنے ہی فرد آپ کو ایسے ملیں گے جو ظاہری حلیے سے گو ایسا نظر نہیں آئیں گیلیکن اندر خیر سے بھرے ہوئے اور ایمان سے لبریز۔ پھر ان طبقوں میں آپ کو بلا کے ذہین، سمجھدار اور دانائی کے پتلے ملیں گے۔ میرا کہنے کا یہ مطلب نہیں کہ ایمان کے سب ظاہری و باطنی شعبوں پر محنت ترک کردیں اور امت کو تربیت دینے کا عمل موقوف ٹھہرا دیں۔ میں یہ کہتا ہوں کہ آج پوری امت کو وہ جس بھی حالت میں ہے اٹھانے اور ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔

اور یہ عمل ان شائاللہ بذاتِ خود اس بات کا موجب ہوگا کہ اس سفر کے دوران گناہگار میں تائب ہونے، غافل میں بیدار ہونے اور نیکوکار میں اپنا تزکیہ کروانے کا داعیہ پیدا ہو۔ضروری ہے، مساجد کے اِنہی پنجوقتہ نمازیوں کو ہم اسلام کا داعی اور رہبر بنا دیں۔اِس مہم میں سب سے پہلے اِنہی کو ساتھ ملائیں۔ دشمن کے خلاف سب کو اٹھا دیں۔ اپنے عزیزوں، دوستوں، آس پاس کام کرنے والوں سب کو اِس ہمہ جہتی اپنی صفوں میں ’’بھرتی‘‘ کریں۔ اگرچہ وہ بعض ظاہری گناہوں میں گرفتار کیوں نہ ہوں۔

مقصد یہ کہ اس وقت ہمیں جس کثیر شعبوں میں چیلنجز کا سامنا ہے، یہاں دین کا مفاد ہر چیز پر مقدم کرکے دیکھا جائے گا۔ ایسی حالت میں تو؛ ایک مجاہدِ فاسق بھی – جو اقامت دین کی کوششوں میں سرگرم ہو – اُس دیندار آدمی سے بہتر جانا جائے گا جو (اسلام کو درپیش اِس وسیع چیلنجزمیں) دین کے کسی کام کا نہیں۔