ہوم << درس قرآن کے لیے مطالعہ کی ترتیب-امیر جان حقانی

درس قرآن کے لیے مطالعہ کی ترتیب-امیر جان حقانی

سفر حج(2019) میں دیوار کعبہ پکڑ کر اللہ جل جلالہ سے دعا کی تھی. "یا اللہ مجھے فہم قرآن اور درس قرآن کی توفیق دے اور راستے مہیا کر دے" . یہ دعا ہر روز کی. حج سے واپسی پر اہل محلہ نے جمعہ پڑھانے کی دعوت دی، یوں جمعۃ المبارک کے خطبے/ تقریر میں درس کا آغاز کیا. تین سال سے 220 آیات کا مفصل درس ہوچکا ہے. درس قرآن کے لیے کئی تفاسیر زیر مطالعہ ہیں.

فی الحال( ستمبر 20122) دو نئی تفاسیر اور ایک کتاب درس قرآن کیسے دیا جاتا ہے ہاتھ لگی ہیں. خوب استفادہ کررہا ہوں. میرے پیش نظر افادہ سے زیادہ استفادہ ہے.ایک طالب علم استفادہ ہی کرسکتا ہے.

1:فی ظلال القرآن

یہ سید قطب رحمہ اللہ کی تفسیر ہے. سالوں سے اس کی تلاش تھی، نہ مل سکی، بالآخر محترم قاضی نثار احمد صاحب سے ایک جلد عاریتاً لی ہے. جب یہ مکمل ہوگی تو واپس کرکے اگلی جلد لونگا. کمال کی تفسیر ہے. حضرت کی عربی بھی کمال کی ہے. قرآن کے تحریکی موضوعات کو ان سے اچھا کم لوگ بیان کرتے ہونگے. آپ توہمات و خدشات کی دنیا سے نکل کر اس کو پڑھ لیجے. مزہ آئے گا.

2: تفسیر کشف البیان

یہ تفسیر شیخ سلیم اللہ خان رح کے تفسیری افادات پر مشتمل ہے جو کو میرے بھائی جیسے دوست مفتی سمیع الرحمان تونسوی نے ترتیب دی ہے. مختصر ہونے کیساتھ شاندار بھی ہے.برادرم سمیع الرحمن نے گفٹ کیا ہے. امید ہے اگلی جلد بھی عنایت کریں گے.

3:درس قرآن کیسے دیا جاتا ہے؟

یہ کتاب مفتی ابولبابہ شاہ منصور صاحب نے مرتب کی ہے. اس کتاب سے درس قرآن دینے کے درجنوں طرق کا علم ہوجاتا ہے اور خوب رہنمائی مل جاتی ہے. انتہائی پریکٹیکلی کتاب ہے. اس کے مطالعہ سے درس قرآن کو انتہائی پرکشش، پراثر اور مفید بنایا جاسکتا ہے. جو احباب درس دینے سے کتراتے ہیں وہ ایک بار ضرور اس کا مطالعہ کیجئے.

قرآن کریم کو کسی بھی شکل میں لازم پکڑنے والوں کو اللہ دونوں جہانوں میں عظمت کا مینارہ بناکر رکھ دیتے ہیں. اللہ مجھے بھی توفیق عطا فرمائے اور آپ کو بھی. اور کسی بھی طرح خدمت قرآن کی توفیق دے.

گزشہ تین سال سے ان تفاسیر کا مطالعہ جاری ہے.

1۔معارف القرآن (مولانا ادریس کاندھلوی رح)

2:تفہیم القرآن ( مولانا مودودی رح)

3:آسان ترجمہ و تفسیر قرآن (مفتی تقی عثمانی صاحب )

4:البرہان فی توضیح آیات الرحمان( شیخ مختار الدین شاہ صاحب)

5: تدبر قرآن (مولانا امین احسن اصلاحی رح)

6: نورالقرآن( سات تراجم سات تفاسیر، مرتب محمد صدیق بخاری، اس میں مختلف مکاتب فکر کے سات علماء کے تراجم اور دیگر سات علماء کی تفاسیر کے اہم اقتباسات ہیں. محمد صدیق بخاری صاحب نے محبتاََ ارسال کیا ہے)

عربی میں

1:صفوۃ التفاسیر

2:الوسیط فی تفسیر القرآن (النیسابوری)

3:التفسیر الواضح المیسر

4:التفسیر المیسر (عربی ترجمہ قرآن)

درس قرآن فی الجمعہ کے لئے ان تفاسیر و تراجم کا بالاستیعاب مطالعہ کرتا ہوں. ان میں کچھ پی ڈی ایف میں ہیں. جو طبع شدہ ہیں ان پر نوٹس بھی لکھتا.

باقی چند تفاسیر و تراجم کا جزوی اور ضرورت پڑنے پر مطالعہ کرتا ہوں۔ ان میں
1: معارف القرآن، مفتی شفیع عثمانی رح

2: جواہرالقرآن( غلام اللہ خان رح)
3: بلاغ القرآن (محسن علی نجفی صاحب )
4: ابن کثیر (اردو)

قرآن کریم کے اردو تراجم میں نفس ترجمہ، مولانا جوناگڑھی مرحوم اور تقی عثمانی صاحب کا سب سے اچھا اور عام فہم لگا. تدبر قرآن والا بھی شاندار ہے. مزہ آتا ہے پڑھ کر.

مکتبہ شاملہ اردو میں اہل حدیث علماء کے کئی تراجم و تفاسیر ہیں ان سے بھی استفادہ جاری ہے.

اور آیات میں وارد اہم موضوعات کی تفصیلات آن لائن بھی دیکھتا ہوں۔جہاں ان آیات میں موجود موضوعات پر خوب مواد ملتا ہے. نیٹ بھی ایک غنیمت ہے.

مطالعہ تفسیر کے اس سفر میں اور بھی کئی تفاسیر شامل ہونگی ان شاء اللہ. فی الحال یہی تفاسیر دستیاب ہیں اس لیے ان سے استفادہ جاری ہے. احباب خصوصی دعا فرمالیجے کہ اللہ قرآن کے ساتھ لگاؤ اور فہم قرآن و درس قرآن کی کوشش آخری لمحے تک جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے آمین

Comments

Click here to post a comment