ہوم << وزیراعظم شہباز شریف کی منگل کو امریکی صدر سے ملاقات کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف کی منگل کو امریکی صدر سے ملاقات کا امکان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے منگل کو دیے جانے والے استقبالیے میں شرکت کریں گے اور فرانسیسی صدر میکرون سے بھی اُسی روز ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت اور ملاقاتوں کے حوالے سے شیڈول فائنل کرلیا گیا ہے، جس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف پیر کی شام شام 7بجے برطانیہ سے امریکا پہنچیں گے۔ وزیراعظم منگل کو یو این سیکرٹری جنرل اور امریکی صدر کے استقبالیے میں شرکت کریں گے، جہاں اُن کی جوبائیڈن سے ملاقات کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف منگل کو ہی وہ فرانسیسی صدر میکرون، اور آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کارل نیہمر سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

اسپین کے صدر سے دو طرفہ ملاقات اور نیویارک ٹائمز کے ایڈیٹوریل بورڈ کو انٹرویو بھی وزیر اعظم کے شیڈول میں شامل ہے، علاوہ ازیں شہباز شریف کی امریکا کے خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق شہباز شریف ملالہ یوسف زئی سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وہ جمعے کو دن گیارہ بجے اقوام متحدہ ہیڈ کواٹر جائیں گے اور 12بجے جنرل اسمبلی اجلاس کے 77ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ ، ملائیشیا اور جاپان کے وزرائے اعظم، فن لینڈ کے صدر، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی شہباز شریف کی ملاقات شیڈول ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف21ستمبر ہی کو ترکیہ کے صدر طیب اردوان اور ایرانی صدر ابراہیم ریئسی سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے جبکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف 23ستمبر کو اپنا دورہ مکمل کر کے امریکا سے پاکستان کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔