ہوم << عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

فیصل آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں، انہوں ںے 30 کروڑ کے اثاثے اور بشریٰ بی بی کے نام 698 کنال اراضی ظاہر کی ہے۔

ضمنی انتخاب این اے 108 فیصل آباد کے لیے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی کاپی سامنے آگئی جس کے ساتھ ہی عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔ کاغذات میں عمران خان نے 30 کروڑ 42 لاکھ 78 ہزار 495 روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں، عمران خان نے زوجہ بشری بی بی کے نام پاکپتن اور اوکاڑہ میں 698 کنال اراضی ڈکلئیر کی ہے۔

عمران خان نے زوجہ کے نام پر تین کنال پر بنا ہوا بنی گالا کا گھر، وراثت میں ملنے والے دو گھر، بھکر میں 228 کنال زمین بھی ڈیکلئیر کی، زمان پارک گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ 60 ہزار روپے خرچ کیے، 2020ء میں بنی گالا میں اضافی تعمیرات پر 39 لاکھ 54 ہزار اناسی روپے لگائے۔

کاغذات کے مطابق عمران خان کا اسلام آباد میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر ایک فلیٹ اور ایک کمرشل پلاٹ ہے جہاں سے 14 لاکھ روپے کرایہ وصول ہورہا ہے، ان کے پاس چار بکریاں جن کی مالیت دو لاکھ ہے، ان کے اور ان کی زوجہ کے پاس کوئی زیور نہیں ہے، عمران خان کی کسی بھی کمپنی میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہے۔

کاغذات نامزدگی کے مطابق عمران خان کے پاس ایک کروڑ 12 لاکھ 29 ہزار 398 روپے ہیں، انہوں نے چار بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی ظاہر کی ہیں، عمران خان کے ایک اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 23 ہزار 587 ڈالرز موجود ہیں۔