ہوم << پی ٹی آئی کو الیکشن کمشن کے باہر احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی، وزیر داخلہ

پی ٹی آئی کو الیکشن کمشن کے باہر احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ عدالتی حکم پر تحریک انصاف کو کل الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کل احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانا چاہتی ہے.

اور قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ہائیکورٹ نے ریڈ زون میں احتجاج پر پابندی رکھی ہے، اس لیے کسی بھی جماعت یا گروہ کو ریڈ زون یا الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی تاہم اگر کسی نے زبردستی کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پرامن احتجاج جمہوری معاشرے میں سب کا حق ہے اس لیے پر امن احتجاج کے لیے مختص جگہ پر کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن ایجنٹ ثابت ہوچکی ہے، عمران خان نے فارن فنڈنگ کی اور پاکستان کی سیاست میں انتشار پھیلایا۔ رانا ثنا اللہ کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر کی جانب سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کل (4 اگست) کو اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں ای سی پی کے دفاتر کے باہر احتجاج سے متعلق باور کرایا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے صدر دفتر کے باہر ریلی نکالنے کی اپیل کی تھی تاکہ چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجہ کے استعفے کا مطالبہ کیا جا سکے۔