آنکھیں قدرت کا وہ انمول عطیہ ہیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں۔ اس نعمت غیرمترقبہ کے چھن جانے یا کمزور ہوجانے پر انسان کو روزمرہ زندگی میں ان گنت مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دور حاضر میں ہماری عمومی زندگی میں کمپیوٹر و انٹرنیٹ کا استعمال جس تیزی سے بڑھ رہا ہے، اتنی ہی تیزی سے صارفین میں آنکھوں کے مختلف مسائل و امراض بھی جنم لے رہے ہیں۔ اب تو کمپیوٹر سمارٹ فون کی شکل میں ہماری جیبوں میں بھی جگہ بنا چکا ہے اور ہم میں سے ہر شخص اپنے وقت کا خاطر خواہ حصہ کمپیوٹر و موبائل سکرین کو دیکھنے میں صرف کرتا ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں 70فیصد کمپیوٹرصارفین آنکھوں کے مختلف امراض کا شکار ہوتے ہیں جس کی علامات میں آنکھوں میں جلن، سرخی، سر درد، گردن کا درد، ایک کے دو نظر آنا، آنکھوں میں خشکی و خارش اور آنکھوں کےگرد سیاہ حلقے بن جانا شامل ہیں۔ عموما ہم ایک منٹ میں بارہ سے پندرہ دفعہ پلکیں جھپکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر اور موبائل فون کے استعمال کے دوران ہماری پلکیں جھپکنے کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہو جاتی ہے جس کے باعث آنکھوں کی نمی کم ہونے سے ان میں خشکی آجاتی ہے۔ اس نمی کو بحال رکھنے کے لیے وقفہ وقفہ سے پلکوں کا جھپکنا بہت ضروری ہے۔ علاوہ ازیں کمرے میں زیادہ تیز روشنی اور سکرین برائٹنس زیادہ ہونے سے بھی آنکھوں میں چبھن ہونے لگتی ہے۔ ماہرین چشم اس سلسلے میں ایک مشق تجویز کرتے ہیں جس میں ہر صارف بیس منٹ بعد بیس سیکنڈ کے لیے بیس فٹ دور کسی چیز کو دیکھے۔ اسے 20-20-20 کا اصول بھی کہتے ہیں۔ خوش قسمتی سے سافٹ وئیر ماہرین نے ایسے سافٹ ویئرز تیار کرلیے ہیں جو آپ کو کمپیوٹر استعمال کرنے کے دوران وقفہ وقفہ سے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ ان میں پلکیں جھپکنا، آنکھوں کو دائیں بائیں اور اوپر نیچے گھمانا، گردن گھمانا، دوران استعمال مناسب وقفہ اور دوسری مفید مشقیں شامل ہیں۔ کسی بھی بات کو بھول جانا انسان کی فطرت میں شامل ہے، یہ سافٹ ویئرز آپ کو مناسب طریقہ کار اور وقفوں کے تحت احتیاطی تدابیر کے بارے میں یاد دلاتے ہیں جن پر عمل کر کے آپ ٓآنکھوں کی کئی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
Eye Leo
یہ ایک انتہائی سادہ کمپیوٹر سافٹ وئیر ہے جسے استعمال کرنا بے حد آسان ہے۔ ڈائون لوڈ اور انسٹال کرنے پر سسٹم ٹرے System Tray میں شیر کی تصویر والا آئیکن بن جاتا ہے۔ اپنی مرضی سے مناسب وقفوں کی سیٹنگ کرنے کے لیے آپ Eye Leo Settign پہ کلک کیجیے ایک ونڈو نمودار ہوگی جس میں آپ اپنی مرضی سے وقت کی سیٹنگ کرسکتے ہیں۔ فرض کیجیے کہ آپ نے مختصر وقفے کےلیے پانچ منٹ اور لمبے وقفے کے لیے آدھ گھنٹہ بعد کا وقت منتخب کیا ہے۔ تو مقررہ وقت پہ ایک چھوٹا سا شیر آپ کی کمپیوٹر سکرین پہ نمودار ہوگا اور آنکھوں کی مختلف ورزشیں کر کے دکھائے گا آپ بھی اس کی نقل کیجیے اور شفاء پائیے۔ لمبے وقفے کا وقت آنے پر کمپیوٹر سکرین سیاہ ہو جائے گی، جس کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنی جگہ سے اٹھ کھڑے ہوں، گردن کو دائیں بائیں گھمائیں، چند قدم چہل قدمی کیجیے اور دل چاہے تو انگڑائی بھی لے لیجیے۔ اس طرح آنکھوں اور جسم کو راحت ملے گی اور آپ تازہ دم ہو جائیں گے۔
ڈائون لوڈ ربط
http://www.eyeleo.com/
EyePro
یہ سافٹ وئیر پہلے کے مقابلے میں زیادہ جدید ہے۔ اس میں آنکھوں کی حفاظت اور کمپیوٹر کے سامنے بیٹھنے کے طریق کار پہ مبنی مکمل مواد موجود ہے۔ اس میں موجود سٹیٹس بار کے ذریعے آپ کو یہ پتا چلتا ہے کہ آیا آپ احتیاطی تدابیر پہ عمل کر رہے ہیں یا نہیں۔ Eye Care Tips کے ٹیب میں آنکھوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر تصویری اور تحریری شکل میں موجود ہیں ۔ Addons کے ٹیب میں 6 مختلف گیمز شامل ہیں جنہھں کھیلنے سے آپ کی آنکھوں کی ورزش ہوتی ہے اور انھیں صحت مند رکھا جا سکتا ہے۔
ڈائون لوڈ ربط
http://classlesoft.in/eye-pro
تبصرہ لکھیے