ہوم << وزیراعلیٰ پنجاب کیس؛ حمزہ شہباز نے فل کورٹ بنانے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی

وزیراعلیٰ پنجاب کیس؛ حمزہ شہباز نے فل کورٹ بنانے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی

اسلام آباد: حمزہ شہباز نے فل کورٹ بنانے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کرتے ہوئے آرٹیکل 63 اے کی نظر ثانی کی درخواستیں بھی ساتھ سماعت کرنے کی استدعا کردی۔ حمزہ نے الیکشن کمیشن کے خلاف منحرف ارکان کی اپیلیں بھی رولنگ کیس کے ساتھ سننے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ منحرف ارکان کے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف اپیلیں زیر التواء ہیں.

ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی 22 جولائی کو دی گئی رولنگ درست ہے، الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کے خلاف عمران خان کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کو تسلیم کیا۔درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ میں منحرف ارکان کی اپیلیں منظور ہوگئیں تو صورتحال یکسر تبدیل ہوجائے گی اور 25 منحرف ارکان کے نکالے گئے ووٹ بھی گنتی میں شمار ہونگے۔

حمزہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کے خلاف عمران خان کی ہدایات کے خط کو درست قرار دیا، لہذا چوہدری شجاعت حسین کا اپنے ایم پی ایز کو لکھا گیا خط بھی آئین اور قانون کے مطابق درست ہے۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی ، جمیعت علماء اسلام اور چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب کیس میں فریق بننے کی درخواست دائر کرتے ہوئے فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا کردی۔