ہوم << پی ٹی آئی حکومت کیخلاف سازش کا جواب عوام نے ووٹوں سے دیا، عمران خان

پی ٹی آئی حکومت کیخلاف سازش کا جواب عوام نے ووٹوں سے دیا، عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ عوام نے پہلے کی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کر دیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دے دیا۔ یہ بات انہوں ںے پارٹی کی صوبائی قیادت سے مشاورتی اجلاس میں ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر انتخابی نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق گفتگو کی گئی۔ عمران خان نے پنجاب میں ضمنی انتخابات میں کامیابی کو ٹیم ورک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے پنجاب کے الیکشن میں بھرپور محنت کی۔ پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے دھاندلی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا، عوام نے پہلے کی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کر دیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے جس کی صدارت چیئرمین عمران خان کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، سینیٹر شہزاد وسیم، مراد سعید، اسد عمر، فواد چودھری، شیریں مزاری، حماد اظہر، اسد قیصر، عمر ایوب، ڈاکٹر یاسمین راشد، سیف اللہ نیازی، شفقت محمود اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان بنی گالہ پہنچے ہیں۔

ضمنی انتخابات جیتنے پر کور کمیٹی اجلاس میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ دریں اثنا چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج عوام سے خطاب کریں گے جس میں وہ موجودہ صورتحال پر پارٹی کا پالیسی بیان دیں گے۔