ہوم << جلد انتخابات کے حوالے سے پیر کو اتحادی جماعتوں کا اجلاس متوقع

جلد انتخابات کے حوالے سے پیر کو اتحادی جماعتوں کا اجلاس متوقع

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پیر16 مئی کو تمام اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کی توقع ہے جس میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے پاکستان کے سیاسی اور معاشی مستقبل، موجودہ حکومت کی آئینی مدت پوری کرنے یا جلد الیکشن میں جانے سے متعلق متفقہ فیصلہ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم معاشی صورت حال پر بھی اتحادی جماعتوں کے قائدین کو اعتماد میں لیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف اتوار کو لندن سے ابوظبی روانہ ہوں گے جہاں وہ متحدہ عرب امارات کے صدر صدر شیخ خلیفہ کی وفات پر پاکستان کی طرف سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور اتوار کی شب پاکستان واپس پہنچ جائیں گے۔پاکستان واپسی کے اگلے روز تمام اتحادی جماعتوں کا اجلاس متوقع ہے جس میں لندن دورے میں کیے جانے والے فیصلوں سمیت ملک کی تازہ ترین صورت حال پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، اتحادی جماعتوں کے سامنے تمام صورت حال اور معاشی حالات رکھے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حتمی طور پر مشاورت سے یہ طے کیا جائے گا کہ موجود حکومت نے آئینی مدت مکمل کرنا ہے نہیں، مدت پوری ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف سے معاشی معاملات طے اور پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ ہوگا،آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے پر سعودی عرب، یو اے ای،قطر اور چین سے معاشی مالی پیکج بھی ملنے کا امکان ہے۔

حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے پر فوری الیکشن میں جانا ہوگا، اجلاس میں ملکی تازہ ترین سیاسی معاشی صورتحال تمام اتحادی جماعتوں کے سامنے رکھ کر مشترکہ اور اہم دور رس نتائج کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔