ہوم << اسلام، ایک مذہب مخالف تحریک - ادریس آزاد

اسلام، ایک مذہب مخالف تحریک - ادریس آزاد

ادریس آزاد رسول اطہر صلی اللہ علیہ وسلم کی تحریک بنیادی طور پر ’’مذہب مخالف‘‘ تحریک تھی۔ ابراھیم علیہ السلام سے لے کر عیسیٰ علیہ السلام تک تمام نہیں تو زیادہ تر انبیاء علیہم السلام کی جنگ اپنے وقت کے فراعین و نمارید کے ساتھ رہی یعنی جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے خلاف۔ لیکن اسلام اپنے وقت کی مذہبی پیشوائیت کے خلاف آیا اور کلمہ اسلام کا آغاز تمام خداؤں کے انکار سے کیا گیا۔
یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ انسانیت کے خلاف ہمیشہ تین بڑی قوتیں برسرپیکار رہی ہیں۔
۱۔ جاگیردار
۲۔ سرمایہ دار
۳۔ مذہبی پیشوأ
قران نے اپنے انداز میں ان قوتوں کو سمبولائز کیا ہے۔ جاگیرداری کی علامت فرعون، سرمایہ داری کی علامت قارون اور مذہبی پیشوائیت کی علامت ہامان کو قرار دیا ہے۔ اقبال کے مطابق یہ ایک مثلث ہے، جو صرف انبیاء کے زمانہ میں ہی قائم نہ تھی بلکہ ہمیشہ قائم رہی اور اب تک موجود ہے۔ خلافت راشدہ کے بعد کے مسلمان خلفاء کے دور میں یہ مثلث بہت مضبوطی کے ساتھ اسلامی اقدار کا چہرہ مسخ کرنے میں مصروف رہی اور قرون ِ وسطیٰ کی مسلم مذہبی پیشوائیت نے سابقہ تمام ادوار کے ریکارڈز توڑ دیے۔ بات یہ ہے کہ جب تک جاگیردار کو سرمایہ دار کا تعاون حاصل نہ ہو وہ عامۃ الناس کا خون نہیں پی سکتا لیکن یہ دونوں عوام کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے اگر انہیں مذہبی پیشوائیت کی تائید حاصل نہ ہو۔ فرعون جاگیردار تھا۔ قارون سرمایہ دار تھا اور ہامان مذہبی پیشوأ تھا۔ یہ ہامان ہی تھا جو لوگوں سے کہتا تھا کہ فرعون تمھارا خدا ہے۔ اگر اتنے بڑے مذہبی پیشوا کی تائید نہ ہوتی تو فرعون کبھی بھی خدائی کا دعویٰ نہ کرسکتا تھا۔
سردارن ِ قریش (استعارۃً) فرعون اور نمرود کی اولاد نہیں تھے، بلکہ ہامان کی اولاد تھے۔ مکہ حجاز کا سب سے بڑا ’’مذہبی مرکز‘‘ تھا نہ کہ ممفس (مصر) یا بابل کی طرح کسی بڑی سلطنت کا دارالحکومت۔ مکہ سرمائے اور جاگیر کا نمائندہ ہرگز نہیں تھا بلکہ مذہبی پیشوائیت کا نمائندہ تھا۔ چنانچہ رسول اطھر صلی اللہ علیہ وسلم کی تحریک بنیادی طور پر مذہبیت کے خاتمے کی تحریک تھی۔ آپ نے اپنی پہلی دعوت میں ہی یہی فرمایا تھا کہ ’’قولوا لاالہ الا اللہ تفلحوا‘‘۔ کہہ دو کہ کوئی الہ نہیں سوائے اللہ کے، تم کامیاب ہوجاؤگے۔ ’’لا‘‘ کی شمشیر سے بھانت بھانت کے خداؤں کا سرقلم کرنے والی تحریک بعد میں خود ایک مذہب کیسے بن گئی، اس کی داستان الگ ہے۔ لیکن اس میں چنداں شک نہیں کہ اسلام کوئی مذہب نہیں بلکہ ایک تحریک تھا جو مذہب کے خلاف اُٹھی تھی اور جسے قران نے ’’دین‘‘ کہہ کر پکارا۔ لیکن بدقسمتی سے ملوکیت کے دور میں دین اسلام نے بھی ایک مذہب کی شکل اختیار کرلی کیونکہ بلاتائید مذہب سلاطین و ملوک کےلیے اپنی حکومتیں قائم رکھنا ممکن نہیں تھا۔ خلفائے راشدین کے بعد اسلام میں بھی ملوکیت کا آغاز ہوگیا اور سلاطین نے مذہبی پیشوائیت سے باقاعدہ اسناد حاصل کرکے عامۃ الناس کا لہُو پینا شروع کردیا۔ مسجدوں میں سلطان کے نام کا خطبہ پڑھا جاتا تھا اور اسرائیلیات کے زیراثر ایسی ایسی احادیث کا ذخیرہ تیار کرلیا گیا تھا جن کے بارے میں یہ تصور بھی قرین ِ قیاس نہیں کہ رسول اطھر صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا کچھ فرمایا ہوگا۔ مثال کے طور پر قرون وسطیٰ کے مذہبی پیشوأ جمعہ کے خطبوں میں یہ حدیث پڑھا کرتے تھے،
انّ السلطانَ ظل اللہ فی الارض
سلطان زمین پر اللہ کا سایہ ہے
یا
من اہان السلطان فقد اہانہُ اللہ
جس نے سلطان کی توہین کی اُس نے اللہ کی توہین کی۔
سوال یہ ہے کہ رسول اطھر صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں تو کوئی سلطان موجود نہیں تھا۔ پھر رسول اطھر صلی اللہ علیہ وسلم نے سلطان کو اللہ کا سایہ کیونکر کہا ہوگا؟ یا سلطان کی توہین کو اللہ کی توہین کیوں قرار دیا ہوگا؟ یقیناً یہ روایات مستند کتب ِ احادیث میں ہونے کے باوجود ضعیف ہیں۔
غرض جیسے ابراھیم علیہ السلام اور موسیٰ علیہ السلام اور عیسیٰ علیہ السلام یا باقی انبیاء کی تحریکیں سرمایہ داری اور جاگیرداری کے خلاف اُٹھی تھیں ویسے ہی اسلام مذہبیت اور مذہبی شدت پسندی کے خلاف اُٹھا تھا۔ ریاست مدینہ اپنی کنہ اور ماہیت میں ایک سیکولر سٹیٹ تھی جو ڈیڑھ اینٹ کی مسجدوں کو گرانے کا حکم جاری کرتی تھی۔مسجد نبوی، کسی مذہبی مرکز سے زیادہ ایک کمیونٹی سینٹر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دے رہی تھی۔ ریاست مدینہ میں دیگر مذاہب کے ساتھ رواداری کا ماحول تھا۔ اسلام اگر مذہب ہوتا تو قبلہ کبھی ایک جگہ سے دوسری جگہ اور پھر واپس پہلی جگہ منتقل نہ ہوتا۔ قبلہ کی تبدیلی سے متعلق آیات کا سیاق و سباق دیکھیں تو واضح ہوجاتاہے کہ بیت المقدس سے واپس مسجد حرام کو قبلہ بناتے وقت قران نے اس بات کا باقاعدہ اظہار کیا کہ یہود سے قبول اسلام کی توقع عبث ہے۔
فرض کریں اگر یہود اسلام قبول کرلیتے تو کیا ہمارا قبلہ مسجد حرام ہوتی؟ یقیناً ایسی صورت میں وہ آیات بھی نازل نہ ہوئی ہوتیں جن میں قبلہ دوبارہ تبدیل کردینے کا حکم صادر ہوا۔ غرض یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ اسلام کسی مادی مقام کو پوجنے کا درس دینے والا ’’مذہب ِ محض‘‘ ہرگز نہیں تھا۔ مکہ کے تمام سردار کس بنا پر سردار تھے؟ محض اس بنا پر کہ وہ خانہ کعبہ کی توسط سے ہی اپنی روزی روٹی کماتے تھے۔ ابولہب کون تھا؟ اور کیوں وہ اسلام کا اس قدر مخالف تھا؟ محض اس لیے کہ اسلام خانہ کعبہ کے ساتھ جڑی ہوئی تمام مذہبیت کا قلع قمع کرنے کا ارادہ رکھتا تھا اور یہی بات ابولہب کے لیے ناقابل برداشت تھی۔
ایک بات بہت اہم ہے۔ ہم جو کلمہ طیبہ پڑھتے ہیں وہ خداؤں کے انکار سے شروع ہوتاہے۔ یوں کہنا بالکل بے جا نہ ہوگا کہ اسلام اپنے وقت کے خداؤں کا انکار کرنے کے لیے دنیا میں آیا اور اس نے الاللہ سے پہلے ’’لا‘‘ کی تلوار چلا کر تمام تر مذہبیت اور توھمات کو انسانیت کے رگ و پے سے نکال دینے کی تدبیر کی۔

Comments

Click here to post a comment

  • انتہائی جاہلانہ اور بیحودہ قسم کی تحریر ہے۔ جہالت کا ایسا ''اعلیٰ'' شاہکار میں نہیں آج تک نہیں پڑھا۔۔۔ ادریس آزاد صاحب آپ کا دھریت کے متعلق پچھلا کالم اچھا تھا۔۔ لیکن اس کالم میں تو آپ نے حد ہی کر دی محترم۔
    پہلی بات تو یہ ہے کہ ہم دین اور مزہب کو ایک ہی معنوں میں لیتے ہیں، اور اللہ تعالیٰ نے خود قرآن پاک میں اسلام کو بطور ''دین '' پسند فرمایا ہے۔
    دوسری بات یہ ہے کہ اسلام کوئی کسی سیاسی جماعت کی طرف سے ،سرمایہ داری اور جاگیرداری کے خلاف چلائی جانے والے تحریک نہیں تھی۔ یہ اللہ تعالیٰ کے احکمات کا مجموعہ ہے۔ شرک اور گمراہی کے خلاف ، اللہ کی عبادت کے متعلق اور زندگی کے دیگر معملات کے متعلق احکمات، وغیرہ۔۔۔
    اللہ تعالیٰ نے جائز اور حق حلال سرمایہ اور جاگیر رکھنے سے منع نہیں فرمایا۔۔ بلکہ زکواۃ لگائی ہے ۔۔۔
    تیسرے یہ آپ کو کس نے کہ دیا کہ معاز اللہ مدینہ ''سیکولر '' سٹیت تھی۔ نہیں جناب، مدینہ طیبہ اسلامی ریاست تھی۔ اس میں کوئی ایک بھی قانوں انسانوں کا بنایا ہوا یا احکام الہیٰ کے خلاف نہیں تھا۔ اس ریاست میں رہنے والے غیر مسلموں کو تو عزت،جان،مال کے تحفظ کی تو گارنٹی تھی ، مگر کو غیرمسلم ''خلیفہ" بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ اور نہ ان کو ایسی کوئی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔۔۔۔
    مزید اہل علم آپ کے اس انتہائی لغو کالم کا جواب ضرور دیں گے۔

  • اسلامی تاریخ اور احکامات کی غلط تشریح کر کے ''سیکولرزم'' کو درست ثابت کرنے کا یہ نیا کام شروع ہوا ہے ۔۔۔ یہ کام شروع تو جاوید چودہری نے کیا تھا۔۔
    اللہ ہدایت دے۔ آمیں

  • انتہائی غلط اور گمراہ کن تحریر ہے ، اس تحریر کو " دلیل" پر نہیں ہونا چائیے!
    عامر خاکوانی صاحب اس پر نظرثانی کریں جناب!