اس نئی ترکیب سے مزیدار بھنڈی گھر میں بنائیں

بھنڈی کی سبزی کچھ لوگ بہت شوق سے کھاتے ہیں تو کئی اسے زیادہ پسند نہیں کرتے۔ہر گھر میں بھنڈی الگ انداز میں تیار کی جاتی ہے، کچھ لوگوں کو بھنڈی کا سالن پسند ہوتا ہے تو کوئی سوکھی سبزی کے طور پر کھانا پسند کرتا ہے۔

کسی کو کرکری بھنڈی کی سبزی بسند آتی ہے تو کوئی موٹی موٹی کٹی ہوئی بھنڈی کی سبزی پسند کرتے ہیں۔لیکن اگر آپ اس عام سبزی کو نہ ہی سالن کے طور پر اور نہ ہی سوکھی سبزی کے طور پر کھانا چاہتے ہیں تو یہاں بھنڈی بنانے کی ایک نہایت آسان ترکیب بتائی جارہی ہے۔

اس ترکیب کو آزماتے ہوئے اپنے گھر میں کرکری بھنڈی ضرور بنائیں۔

اجزاء:
بھنڈی - 250 گرام

سرخ مرچ پاؤڈر - ایک چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ

گرم مصالحہ پاؤڈر - ایک چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر - ¼ چائے کا چمچ

نمک - حسب ذائقہ

دھنیہ پاؤڈر - ½ چائے کا چمچ

بیسن - ڈھائی کھانے کا چمچ

تیل - تلنے کے لیے

ترکیب:
بھنڈی کو دھو کر سکھا لیں اور ایک ایک کو چار پتلے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

پیالے میں بھنڈی، سرخ مرچ، گرم مصالحہ، ہلدی پاؤڈر، نمک اور دھنیہ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں اور 10 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

بعد میں بیسن ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں اور الگ رکھ دیں۔

پتیلی میں تیل گرم کریں، اس میں بھنڈی ڈالیں، سنہرے اور کرکری ہونے تک تل لیں، پھر گرما گرم گھر والوں کے آگے پیش کریں۔