میرے پیارے عبداللہ - سعدیہ مسعود

میرے پیارے عبداللہ
یہ خط ، جو آج لکھ رہی ہوں اسے سوچتی سال بھر رہی ۔ بلکہ تب سے ہی ، جب (تین سال پہلے) پچھلا خط لکھا تھا۔ لیکن ابھی سے وعدہ کہ اب خط سوچا نہیں بلکہ ہر سال گرہ پرلکھا کروں گی۔

اب آپ بڑے ہو رہے ہو سکول جانے لگے ہو۔ پاک ترک سکول میں آپ کو بڑھتا ، پڑھتا ، ہنستا ، کھیلتا اور سیکھتا دیکھ کر میں اور آپ کے بابا بہت خوش ہیں۔ اللہ پاک آپ کا اس سکول میں ہونا بابرکت بنائے آمین ۔ اس سکول کا انتخاب ہم نے اسی لیے کیا کہ یہاں صرف انگریزی بولنا نہیں سیکھو گے ، بلکہ اس سکول میں ایک اچھے پاکستانی اور مسلمان کی خوبیاں بھی بچوں میں پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اب جب کہ آپ سکول جانے والے بچے ہو تو زیادہ باتیں سکول کی ہی ہوں گی۔ نرسری کلاس میں جب آپ نے شیف کا ڈریس پہن کر سٹیج پر پرفارم کیا تھا تو ہال میں بیٹھے آپ کے بابا اور میں بے حد خوش تھے۔ ابھی بھی کانوں میں آپ کی پیاری میٹھی سی آواز گونجتی ہے۔ I am Abdullah khakwani. I am a chef.
When someone come to my restaurant it is my duty to serve them with good food and make their tummy happy.
آپ کو یاد کرواتے کرواتے ہمیں بھی یہ لائنز یاد ہوگئیں۔

مجھے یاد ہے پچھلے سال انہیں دنوں میں جب آپ نے علامہ اقبال ڈے کے موقع پر اپنی پوری کلاس کے ساتھ ’’ لب پے آتی ہے دعا بن کے تمنا میری ‘‘ پر پرفارمنس دی تھی ۔ آپ کا کلاس فیلو ابراہیم جو سفید داڑھی لگائے اور ہاتھ میں لاٹھی لے کر ضعیف آدمی بنا ہوا تھا ۔ نظم کے دوران وہ سٹیج پر کمر جھکا کے چلتے چلتے گرنے ہی لگا کہ آپ نے آگے بڑھ کے اسے سنبھال لیا۔ اس دن آپ نے مجھے بتایا تھا کہ آپ نے ایک ض ضعیف آدمی کی مدد کی۔ ضعیف لفظ کے ساتھ آپ ’’ض‘‘ بھی بولتے ہو۔ مجھے بھی آپ کے نانا نے ایسے ہی سیکھایا تھا ۔ آپ کو یاد ہے ناں بہاول پور سے احمد پور آتے جاتے میں آپ کو ’’ذال ‘‘ ذخیرہ دکھایا کرتی ہوں ۔ اچھی بات یہ ہے کہ آپ نے ماشااللہ اچھی طرح سیکھ لیا ہے کہ آپ نے ہمیشہ ’’ض‘‘ ضعیف کی مدد کرنی ہے ۔ ویسے کچن میں جب میں کھانا بنا رہی ہوتی ہوں تب بھی آپ مجھے یاد تو دلاتے ہو کہ چونکہ آپ شیف ہو، اس لئے آپ کو کھانا بنانے کی اجازت ہونی چاہیے۔ ’’ ض ضعیف آدمی ‘‘ والی پرفارمنس ایک اور وجہ سے بھی مجھے یاد ہے کہ اپنی پرفارمنس کے بعد جب آپ سٹیج پر اپنی ٹیچر کی بتائی ہوئی جگہ پر جا کے کھڑے ہوگئے تھے تو نجانے کیوں ساری کلاس تو سامنے دیکھ رہی تھی مہمانوں کی طرف لیکن آپ اکیلے ہی پیچھے مڑے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:   عظیم ماں - لطیف النساء

تصویریں بناتےہوئے میں تنگ سی ہو رہی تھی کہ آپ منہ موڑے اوپر لگے بینرز کو دیکھ رہے تھے۔ مزے کی بات ہے کہ بعد آپ نے مجھے بتایا کہ آپ کو پتہ ہے کہ ’’ پاک ترک‘‘ کا مطلب کیا ہے۔ پھر آپ نے سمجھایا کہ اس دن جب آپ پیچھے مڑ کے اوپر دیکھ رہے تھے بینیرز پر لکھا پاک ترک دیکھ کر آپ کو سمجھ آگئی کہ ’’پاک ‘‘ مطلب پاکستان اور ’’ترک‘‘ مطلب ترکی ہے۔ کیا بات ہے میرے میٹھے کی ،بس اس دن کے بعد میں نے آپ کو جب سارا جہان کچھ کر رہا ہو اور آپ کچھ اور، تو ٹوکا نہیں کہ میرا بیٹا کچھ سوچ ہی رہا ہوگا۔ اپنی ہی دھن میں آپ لگ کر اچھا کام کر سکتے ہو اس کا اندازہ تو اس دن ہوا جب آپ کا سپورٹس ڈے تھا۔ لمبے قد کی وجہ سے تب آپ کو لائن کے آخر میں رہنا پڑ رہا تھا لیکن آپ کو ہر سٹیپ اچھے سے یاد تھا اور بالکل آخر میں کھڑے اکیلے آپ نے بہترین ایروبکس سٹیپس کیے۔ اور ہاں کراٹے بھی کیے بلکہ کراٹا مار کےایک پلاسٹک سٹک بھی توڑ دی تھی ۔تائیکوانڈو میں تو اب میں آپ کے بابا اور دونوں بھائی بھی آپ کے سٹوڈنٹ ہیں۔ بھئی بڑی کڑک آواز میں بولتے ہو ۔ ہجمے ، کھنے ۔۔۔۔۔۔ ’’ تائی کانڈووووو‘‘

پچھلے ہی سال سے ہماری زندگی میں ایک بڑی تبدیلی ارطغل ہے۔ جس نے دیکھا وہ ہی متاثر ہوا لیکن جیسے آپ میرے چھوٹے سے گڈے ارطغل کی محبت میں گرفتار ہوئے ہو، وہ بہت ہی کیوٹ ہے۔ عبداللہ آپ کو پتہ ہے کہ جب آپ ارطغل کی طرح ہمارے مولا ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے نام پر سینے پر بند مٹھی رکھے ادب سے ذرا آگے کو جُھک جاتے ہو ۔ ہر بار میری آنکھیں بھیگ جاتی ہیں ۔ اللہ پاک آپ کو ایسا ہی مودب بنائے ۔ اپنے آقا ، اپنی نبی ﷺ کے لئے ایسے ہی تکریم دینا آپ تمام زندگی کے لئے سیکھ جائو۔ کچھ روز پہلے اردو تقریری مقابلے میں آپ نے حصہ لیا۔ حصہ لینا ہی آپ کی، ہماری جیت ہے ۔ آپ نے ارطغل اور حسن صدیقی جیسا بہادر اور قوم کا ایسا بیٹا بننے کا عزم کیا جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے۔ میری دعا ہے اللہ آپ سے راضی ہو اور ایسے ہی اچھے کام کروائے۔
میری جان پچھلے ایک سال میں ہم ایک بڑے صدمے سے گزرے۔ آپ کی بہت محبت کرنے والی دادو چلی گئیں ۔ آپ کو پوری طرح پتہ تو نہیں کہ وہ کہاں چلی گئیں لیکن یہ یقین ہے کہ وہ جنت میں ہیں۔ اور یقیناً ایسا ہی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:   وہ 9 مہینے ایک عذاب سے گزرتی ہے

رات کو دعائیں پڑھنے کے بعد آپ کبھی کبھی اداس ہو جاتے ہو۔ آپ کو کبھی دادو یاد آتی ہیں اور کبھی آپ کے دادا ابو اور نانا ابو جن کو آپ نے کبھی بھی نہیں دیکھا۔ تو میری جان تب رویا نا کرو۔ دعا کیا کرو کہ وہ بہت خوش ہوں اور جب ہم ان سے ملیں تب اللہ کی بہترین رحمتوں میں ملیں ۔ آپ کے پاس نانو ہیں ۔ ان سے سرائیکی بولو ان سے پیار کرو، ان کے ساتھ لیٹ کر سرائیکی کہانیاں سنا کرو۔ ان کا خیال رکھا کرو۔ آپ کو پتہ ہے ؟ نانا بابا آپ سے بڑے ایمپریس ہوے تھے جب آپ نے ان کو بتایا کہ ایمپوریم مال میں پورا کھیلوں کا ایک محلہ ہے ۔ پلے لینڈ کی ٹرانسلیشن بھی اچھی کی اور ایکسپریشن بھی اچھا تھا ۔ آپ جانتے ہی ہو کہ نانا بابا آپ کے نانا ابو کے چھوٹے بھائی ہیں، آپ سے انہی کی طرح پیار کرتے ہیں۔ سارو (صارم )بھیا کیڈٹ کالج چلے گئے ہیں آپ ان کے لیے تو اداس ہوتے ہو لیکن میذو(معز) بھیا سے نجانے کیوں نہیں بن رہی ان کو افریقہ کے جنگل میں بھیجنا چاہتے ہو۔ لائبہ آپی کے ساتھ جب کھیل میں تشدد چھوڑ دو گے تبھی وہ آپ کی پکی دوست بنے گی نا۔ آپی کے بنائے کیکس کھاو مزے کرو۔ عبداللہ خان میں اور آپ کے بابا چاہتے ہیں کہ عبداللہ اچھا میٹھا بیٹا بنے ،چوں چوں چوں والی لڑائیاں کرنی بند کر دے۔ آپ کے لیے بہت دعائیں ۔

آپ کی مما
سعدیہ مسعود

ٹیگز