کابل میں شادی کی تقریب میں خودکش دھماکا، 63 افراد جاں بحق

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک شادی کی تقریب میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 63 افراد جاں بحق اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق کابل میں شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 63 افراد جاں بحق اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے۔ افغان حکام کی جانب سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

افغان حکام کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب خود کش دھماکا ہوا تو ہال لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق شادی کی تقریب میں 1000 افراد شریک تھے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک خودکش بمبار نے شادی کی تقریب میں خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا، دھماکا مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 40 منٹ پر ہوا۔