میں جلد ہی آپ کےغم بانٹنے آؤں گا: صدر ایردوان کا شہدائے مسجد سے خطاب

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اور اس کے اطراف میں بسے تمام مسلمان ہمارے بھائی ہیں اور میں جلد ہی دورہ کرتے ہوئے آپ کے غم بانٹنے کا خواہاں ہوں۔ اللہ ترکی کو اور آپ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ کرائسٹ چرچ میں موجود نائب صدر فواد اوکتائے اور وزیر خارجہ مولود چاوش اولو سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے طیب ایردوان نے شہدائے مسجد کے اہل خانہ اور دیگر لواحقین سے خطاب کیا۔ انہوں نے تمام لواحقین سے اظہار تعزیت کرتےہوئے شہداء کے لیے دعائے خیر و مغفرت اور زخمیوں کی فوری شفا یابی کی دعا کی۔

صدر ایردوان نے کہا کہ یہ ایک ذاتی نوعیت کا معاملہ نہیں بلکہ منظم اور سوچی سمجھی واردات ہو سکتی ہے جس میں ملوث دہشت گرد نے ترکی کا دو بار سفر کرتےہوئے 46 روز تک قیام بھی کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ترک خفیہ ایجنسی نے اس دہشت گرد کے ہمارے ہمسایہ ممالک اور وہاں موجود عناصر سے رابطے کا بھی انکشاف کیا ہے، امید ہے کہ حکومت نیوزی لینڈ اس معاملے کو سنجیدہ لے گی، کیونکہ یہ معاملہ سنگین نوعیت کا ہے جس پر مغربی دنیا تاحال خاموش ہے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے بتایا کہ انہوں نے اس بارے میں نیوزی لینڈ کی خاتون گورنر پیٹسی ریڈی سے بات کی ہے اور مشترکہ تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انھوں نے نیوزی لینڈ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس دہشت گردانہ حملے کی تفتیش میں سنجیدگی کامظاہرہ کرے۔