ہوم << پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ، مقامِ شکر تو یقیناً ہے - ڈاکٹر محمد مشتاق احمد

پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ، مقامِ شکر تو یقیناً ہے - ڈاکٹر محمد مشتاق احمد

محمد مشتاق حکومتی اہل کار جو بھی کہیں آج سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر یقیناً اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ پچھلے چھ مہینوں سے حکومت جو کچھ کر رہی تھی، اس کے بعد آج جو کچھ ہوا یہ یقیناً حکومت کے لیے بہت بڑا سیٹ بیک ہے۔
جو لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ سپریم کورٹ آج ہی نواز شریف صاحب کو فارغ کر دے گی، وہ عدالتی نظام سے واقف نہیں ہیں۔ کسی بھی وکیل کو اس کی توقع نہیں تھی۔ نہ ہی قانوناً اس کی کچھ گنجائش تھی۔ اگر آج عدالت پٹیشنز خارج کر کے کہہ دیتی کہ معاملہ قابلِ سماعت نہیں ہے تو یہ حکومت کی فتح ہوتی۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ پہلے ایک دفعہ اس معاملے میں پڑنے سے پہلوتہی کرچکی تھی۔
جن کا یہ خیال ہے کہ عمران خان کو کمیشن پر راضی نہیں ہونا تھا، وہ یہ سوچ لیں کہ کیا اس کا مطلب سپریم کورٹ پر عدم اعتماد نہ ہوتا؟ اس کے بعد سپریم کورٹ اس معاملے میں کیا کرسکتی؟ یہ آپشن تو تب آتا ہے جب آپ ریاست کے پورے نظام کا انکار کر دیں۔
جن کا یہ کہنا ہے کہ کمیشن تو حکومت پہلے ہی بنا رہی تھی وہ یا خود ناسمجھ ہیں یا دوسروں کو سادہ لوح سمجھتے ہیں۔
چند پہلو یہ ہیں:
1۔ نواز شریف صاحب اپنی مرضی کا کمیشن بنانا چاہ رہے تھے. کورٹ نے کہا کمیشن ہماری مرضی کا ہوگا۔
2۔ نواز شریف صاحب کہتے تھے اس کمیشن کا دائرہ کار میں متعین کروں گا. کورٹ نے کہا ہم کریں گے۔
3۔ نواز شریف صاحب کی ساری کاوش یہ منوانے کےلیے تھی کہ کمیشن کا فیصلہ ان پر بائنڈنگ نہ ہو. کورٹ نے پہلے ہی ان سے ضمانت لی کہ فیصلہ وہ مانیں گے۔
4۔ نواز شریف صاحب نے آج تک نہ جواب دعوی دیا تھا نہ ہی ٹی او آر. کورٹ نے ان کو پابند کیا کہ پرسوں تک دونوں دینے ہیں ۔
عملاً تو سپریم کورٹ نے شریف صاحب کی ”تلاشی لینے“ کا کام شروع کر لیا ہے! کیس کی پہلی سماعت میں بندہ اس سے زیادہ کیا چاہتا ہے؟ اس لیے مقامِ شکر تو یقیناً ہے۔
جو کہتے ہیں اتنا پریشر بڑھانے کے بجائے آج تک انتظار کرنا چاہیے تھا، وہ اس پر غور کریں کہ اتنا پریشر نہ ہوتا تو شریفوں کی سفاکیت کا مظاہرہ کیسے ہوتا؟ خود غرضی کی یہ بدترین مثال کیسے قائم ہوتی کہ ذاتی مفاد کے لیے ایک صوبے سے دوسرے صوبے تک جانے کے تمام راستے اس دوسرے صوبے کی عین سرحد پر بند کر دیں اور پھر طاقت کا اتنا سفاک مظاہرہ بھی کریں؟ پھر یہ بھی سوچیں کہ کیا پھر کورٹ یہی فیصلہ کرتی؟ کمیشن بنانے کے مسئلے پر کورٹ کے سابقہ رویے اور آج کے رویے پر فرق تو امید ہے کہ اب صاف واضح ہوگا۔
یہی امید کی وہ کرن ہے جو مجھ جیسے رجائیت پسند لوگوں کو شکر پر ابھارتی ہے کیونکہ مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ اس دفعہ کورٹ اور ریاستی ادارے واقعی تلاشی لینا چاہتے ہیں۔ یاد ہوگا۔ چند دن قبل میں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ دھرنے کی نوبت بھی نہ آئے اور شریفوں سے جان بھی چھوٹ جائے۔ لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے میری سن لی ہے! فالحمد للہ علی ذلک

Comments

Click here to post a comment