ہوم << آئیے مسائل کے جوڑے بنائیں - حنا نرجس

آئیے مسائل کے جوڑے بنائیں - حنا نرجس

1. آپ بلیک ٹی چھوڑ کر گرین ٹی کی عادت ڈالنا چاہتے ہیں کیونکہ بلیک ٹی پی کر گھبراہٹ سی محسوس ہوتی ہے

2. کوئی اچھی، شریف، پھرتیلی، سگھڑ، بس اپنے کام سے کام رکھنے والی، کم گو سی گھریلو ملازمہ/ملازم چاہیے آپ کو، مگر ان صفات کی حامل کوئی نہیں مل رہی/ رہا.

3. صبح شام کے اذکار کرنے میں باقاعدگی نہیں ہے. جب سب کے بیچ بیٹھے آپ اذکار کر رہے ہوتے ہیں تو بار بار آپ کی توجہ بٹتی ہے یا کوئی بچہ بلا لیتا ہے.

4. اپنے وزن کے بارے میں آپ بہت حساس ہیں. ایک آدھ پاؤنڈ کا اضافہ بھی آپ کو پریشان کر دیتا ہے.

5. اگلے دن کا دودھ آنے کا ابھی وقت نہیں ہوتا اور پچھلا پہلے ہی ختم ہو جاتا ہے. احساس تب ہوتا ہے جب بچوں کو فروٹ، بادام یا کھجور شیک کے لیے دودھ کی ضرورت ہو اور پیکٹ والا دودھ (پاؤڈر/لیکویڈ) آپ کم سے کم استعمال کرنا چاہتے ہوں.

6. آپ روزانہ سوچتے ہیں کہ کپڑے رات کو ہی استری کر لوں گا/گی مگر تھکن اتنی شدید ہوتی ہے کہ ہر رات یہ کام صبح پر ٹال دیتے ہیں.

7. واک کے فوائد آپ کو ازبر ہیں. صحن یا چھت پر واک کرنا آپ کو اچھا نہیں لگتا اور باہر کسی پارک وغیرہ میں جانے میں سستی ہو جاتی ہے یا کوئی آپ کو لے کر نہیں جاتا.

8. آپ جانتے ہیں کہ رات کو سورۃ ملک پڑھ کر سونا عذابِ قبر سے نجات کا باعث ہو گا مگر بستر پر لیٹتے ہی آپ کی آنکھ لگ جاتی ہے.

اور... اور... اور...

اسی طرح کے بے شمار چھوٹے چھوٹے مسائل کا سامنا آپ کو سارا دن رہتا ہے. دن اگلا شروع ہو جاتا ہے مگر مسائل وہی کے وہی اور وہیں کے وہیں

تو آئیے ان کی کل تعداد کو دو پر تقسیم کر کے آدھا کر لیتے ہیں.

16120Blacktea مثال کے طور پر ایک اور پانچ کو دیکھیے. بلیک ٹی چھوڑ کر گرین پینا شروع کر دیں، سارا دن چائے میں استعمال(ضائع) ہونے والا دودھ بھی شیک کے لیے بچ جائے گا، دل گھبرانا بھی ختم اور وزن مناسب رکھنے میں بھی گرین ٹی سے جزوی طور پر مدد ملے گی.

carpet clean دو اور چار کو ایک دوسرے سے جوڑ کر دیکھیے. جن بہترین صفات کی حامل ملازم/ملازمہ آپ کو درکار ہے، یقین جانیے وہ صفات صرف آپ ہی میں پائی جاتی ہیں. لہذا خود کام کریں، سمارٹ اور چاق و چوبند رہیں گے.

man-walking-park اب تین اور سات کو لے لیں. پارک میں جانے یا لے جائے جانے کا انتظار نہ کریں. دستیاب جگہ پر واک شروع کر دیں. چکر نہ گنیں بس گھڑی سے وقت دیکھ کر شروع کر دیں. ساتھ ساتھ اذکار کرتے رہیں. 20 منٹ میں دونوں کام ہو جائیں گے. دو وقت کے مسنون اذکار کے ساتھ دو وقت کی واک آپ کو روحانی اور جسمانی تازگی مہیا کرے گی.

soora mulkچھ اور آٹھ کو بھی اکٹھا کر لیں. سورۃ ملک آپ کو ضرور زبانی یاد ہو گی، نہیں ہے تو روزانہ ایک ایک آیت کر کے اب کر لیجئے. رات کو کپڑے استری کرنے کے دوران آپ اس سورۃ کے ساتھ ہی سورۃ بقرہ کی آخری دو آیات اور آیت الکرسی پڑھ سکتے ہیں. صبح کے لیے استری شدہ کپڑے اور تلاوت دونوں پرسکون نیند کی ضامن ہیں:)

یہ تو تھیں چند مثالیں. آپ اپنے مسائل کی لسٹ بنا کر اسی طرح کے جوڑے تلاش کریں. افادہ عام کے لیے کمنٹس میں شیئر بھی کریں. اس طرز عمل سے مسائل ختم تو نہیں ہوں گے لیکن امیدِ واثق ہے کہ تعداد نصف رہ جائے گی!

Comments

Click here to post a comment