ہوم << شادی نہ کرنے پر ٹیکس کا نفاذ - زیڈ اے قریشی

شادی نہ کرنے پر ٹیکس کا نفاذ - زیڈ اے قریشی

زیڈ اے قریشی آج کل معاشرتی برائیاں اپنے عروج پر ہیں جس کی بنیادی وجہ دین اسلام سے دوری یا دنیاوی خواہشات کا انبار ہے۔ ہمارے معاشرے میں ”کورٹ میرج“ کرنا آسان فعل بنتا جا رہا ہے جس کی بنیادی وجہ دین سے دوری ہے، وہ کیسے؟ اسلام میں حکم ہے جب بچہ جوان ہو جائے تو والدین کی ذمہ داری ہے کہ جتنی جلدی ہو سکے اُس کا ”فرض“ ادا کر دیں لیکن ہمارے معاشرتی نظام نے ”شادی“ کو مشکل اور ”زنا“ کو آسان ترین بنا دیا ہے۔
جب انسان بالغ ہوتا ہے تو جنسِ مخالف کی کشش اُس پر طاری ہونا شروع ہوجاتی ہے، اگر اس کی یہ فطری ضرورت جائز طریقے سے پوری نہ کی جائے تو وہ بچہ ”فرسٹریشن“ کا شکار ہو جائےگا۔ ”فرسٹریشن“ ایک ایسی بیماری ہے جو بہت سے مختلف عوامل سے انسانوں کو لاحق ہوتی ہے جس کی بنیادی وجہ رویوں میں عدم توازن ہوتا ہے، جن میں سے ایک وجہ شادی کا بروقت نہ ہونا بھی ہے۔ جب کسی انسان کی جائز ضرورت پوری نہ ہو تو وہ ”فرسٹریٹڈ“ ہو جاتا ہے، اُس میں ذہنی تناؤ بڑھنے لگتا ہے اور اُس کی رغبت گناہوں یا کسی بھی ایسے فعل میں بڑھتی ہے جس سے وہ وقتی سکون حاصل کرسکے۔ اس کے نتیجہ میں وہ کسی انتہاہ پسند کے ہاتھوں ”ٹریپ“ بھی ہو سکتا ہے، مثلا:ً سٹریٹ کرائم، دہشت گردی، جنسی تعلقات/(کورٹ میرج ) وغیرہ وغیرہ میں ملوث ہو جانا۔
دراصل ہمارا معاشرہ اور حکومت وقت موجودہ دور میں مغرب سے بہت زیادہ متاثر ہیں جس کی وجہ سے ”سول سوسائٹیز“ وغیرہ کو بھی بہت جلدی ہی اپنے حقوق یاد آجاتے ہیں، جبکہ انسانی حقوق کی کسی بھی سوسائٹی کو کبھی بھی اپنی مذہبی تعلیمات یاد نہیں آئیں۔ کیونکہ اسلام کے وہ ٹھیکدار نہیں!
خیر بات ہو رہی تھی معاشرتی برائیوں کی تو ہمارا الیکٹرانک میڈیا بھی کسی قسم کوئی کسر ہاتھ سے جانے نہیں دیتا جس کی وجہ سے کوئی بھی شریف انسان اپنے بچوں کے ساتھ آج کل کے انٹرٹینمینٹ پروگرام نہیں دیکھ سکتا۔ افسوس کہ نہ ہی اسلامی نظریاتی کونسل کو قانون سازی کے لیے تجاویز دینا یاد آتا ہے اور نہ ہی ہمارے ایوانوان میں بیٹھے ہوئے کارندوں کو ان معاشرتی برائیوں اور بے راہ رویوں کے سدباب کے لیے قانون سازی یاد آئی۔
ایک مثال بڑی قابل غور ہے کہ!
چین ایک ترقی یافتہ ملک ہے ہمیں اس سے ہی سبق سیکھنا چاہیے کہ جب ان کی آبادی بڑھنے لگی تو انھوں نے اس کے سدباب کے لیے فوراً قانون سازی کی اور دو سے زیادہ بچوں پر پابندی لگا دی اور ہاں اگر کوئی صاحب استطاعت ہے اور وہ دو سے ذیادہ بچے پیدا کرنا چاہے تو وہ بچے پیدا کرے لیکن حکومت کو ٹیکس ادا کرے جس سے حکومت کا ریونیو بھی بڑھے گا This is called give & Take policy۔
اگر یہی فارمولہ پاکستان میں نافذ کیا جائے کہ ہر شخص اپنے بچوں کی شادی Age of Magority یعنی 18 سال کی عمر تک کرے گا اور اگر کوئی صاحب استطاعت ہے اور شادی نہیں کرنا چاہتا تو بےشک شادی نہ کرے لیکن حکومت کو ٹیکس ادا کرے، اس سے بہت سے فوائد حاصل ہوں گے،
1. معاشرتی برائیوں میں کمی
2. کورٹ میرج کا خاتمہ
3. خاندانی نظام مضبوط
4. بدکاریوں میں کمی
5. شادی کا نظام آسان
6. حکومت کی آمدنی
7. فرسٹریشن کا خاتمہ
8. نوجوانوں کی ذہنی پختگی
ان سب فوائد سے بڑھ کر دین اسلام کا نفاذ ہوگا اور ایک خوبصورت اسلامی معاشرہ وجود میں آئے گا۔
عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی، جہنم بھی!
کیونکہ، دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔