ہوم << الفریڈ اور برسبین - ڈاکٹر تصور اسلم بھٹہ

الفریڈ اور برسبین - ڈاکٹر تصور اسلم بھٹہ

الفریڈ کی آمد آمد ہے. سارا شہر خوف وہراس کی زد میں ہے. لوگ پچھلے ایک ہفتے سے الفریڈ سے ملاقات کی تیاریاں کر رہے ہیں . دکانوں سپر مارکیٹوں اور پٹرول پمپوں سے دودھ ، انڈے ، بریڈ موم بتیاں ، ٹشو پیپر اور منرل واٹر سب ختم ہو چکا ۔ باقی چیزیں تو سمجھ میں آتی ہیں لیکن لوگ اتنا سارا سٹاک ٹشو پیپر کا کیوں خرید لیتے ہیں اس کی سمجھ آج تک نہیں آئی ۔

الفریڈ کو پہلے جمعہ والے دن آنا تھا اب رفتار تھوڑی سست ہونے کی وجہ سے ہفتے کی صبح کی پیشین گوئی ہے۔ لیکن سکول مارکیٹیں دفاتر کلینکس ہر چیز دو دن سے بند ہے۔ کاروبار زندگی تعطل کا شکار ہے۔ ہر سرکاری محکمہ تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد نوٹیفیکیشن بھیج کر مزید خوف وہراس پھیلانے میں مشغول ہے۔

پہلے آنے والے سمندری طوفان باد باراں خاصے زنانہ قسم کے ہوا کرتے تھے ۔ آسٹریلیا میں اس سال جتنے بھی سائیکلون آئے سارے ہی زنانہ تھے جیسے زوئی، تھیلیا، انیکا ، بلی شارلٹ وغیرہ ، لیکن پچاس سال بعد برسین میں آنےوالےاس سائیکلون کو مردانہ نام کیوں دیا گیا ہے؟ یہ تو محکمہ موسمیات والے ہی بتا سکتے ہیں، لیکن اس مردانہ قسم کے سائیکلون نے دہشت خوب پھیلا رکھی ہے. پچھلے تین دنوں سے میرے کلینک میں آنے والا میرا ہر مریض ایک نئی کہانی لے کر آتا ہے اور خوف ودہشت کی نئی فضا پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔

جان کورل میرا ایک پرانا مریض ہے. وہ ایک سپر مارکیٹ کا مالک ہے اور ہر ایک دو مہینے کے بعد ایک نیا سکن کینسر لے کر آ جاتاہے. ابھی پچھلے ہفتے ایک بی سی سی BCC اس کی ناک سے نکالا، اور سکن گرافٹ سے اس کی ناک کی مرمت کی۔ کل جب زخم دکھانے آیا تو ایک بڑی شاپنگ ٹرالی بھر کر میرے لیے بریڈ، انڈے، شہد، دودھ اور اس طرح کی دوسری چیزیں تحفتاً لے کر آیا، حالانکہ پہلے کیلے، آم، سیب اور تربوز لے کر آیا کرتا تھا. پوچھنے پر کہنے لگا ڈاکٹر تم سارا دن کلینک میں بیٹھے رہتے ہو ، لگتا ہے تمھیں الفریڈ سے بالکل ڈر نہیں لگتا۔ ڈرو اس دن سے جب تین دن تک بجلی نہیں ہوگی اور تم ان نعمتوں کو ترس جاؤ گے ۔ میں نے اس کا شکریہ ادا کیا اورتھوڑی دیر کے لیے الفریڈ سےکچھ خوف وڈر محسوس کیا۔

الیزبتھ محکمہ موسمیات میں کام کرتی ہے. وہ اپنا زخم دکھانے آئی تواس سے پوچھا کہ پہلے تو سارے سمندری طوفان زنانہ ہوتے تھے، اب برسین اور گولڈ کوسٹ پر یہ عنایت کیوں ؟ کہنے لگی ہماری لسٹ میں زنانہ نام ختم ہوگئے ہیں، اس لیے اب سے طوفان مردانہ ہوا کریں گے۔ پھر سرگوشیانہ انداز میں رازداری سے بولی کہ ڈاکٹر تمھیں پتہ ہےکہ ہم نے پہلے اس طوفان کا نام انتھونی رکھا تھا، لیکن اب چونکہ ہمارے موجودہ وزیراعظم کا نام بھی انتھونی البانیز ہے، اس لیے اس کا نام بدل کر الفریڈ کر دیا. میں نے پوچھا کہ اب انتھونی کا کیا ہوگا؟ تو ہنس کر کہنے لگی کہ جب اگلے سال اس وزیراعظم کی چھٹی ہو جائے گی تو پھر آنے والے پہلے طوفان کا نام انتھونی رکھیں گے۔ میں اس کی بات سن کراسے کہتے کہتے رہ گیا کہ ہمارے ہاں تو ایسے فیصلے حافظ اور باجوہ قسم کے لوگ کیا کرتے ہیں، لیکن پھر طرح دے گیا ۔

الفریڈ ابھی دور ہے لیکن اس کی استقبالی نشانیاں پچھلے تین دن سے جاری ہیں۔ ہلکی ہلکی نہ ختم ہونے والی بوندا باندی جاری ہے جس میں اب شدت آتی جارہی ہے۔ ہوا بھی تیز ہوتی جارہی ہے۔ کل جب کٹیگری ٹو والا الفریڈ اپنے پورے کروفر کے ساتھ ساحل سے ٹکرائے گا تو توقع ہے کہ آندھی کی رفتار ایک سو تیس کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی، اور اپنے جلو میں ایک میٹر تک بارش بھی لائے گا ، جو شاید بڑے سیلاب کا باعث بنے، جس سے نپٹنے کے لیے اہل گولڈ کوسٹ اور اہل برسبین پچھلے کئی دنوں سے بوریوں میں ریت بھر بھر کر اپنے گھروں کو محفوظ کرنے میں مصروف ہیں۔

ابھی تھوڑی دیر پہلے بلال کے ساتھ جمعہ کی نماز پڑھنے ایگل بی والی ترکوں کی مسجد میں گیا جو گھر سے چند کلو میٹر دور ہے، تو ہو کا عالم دیکھا. سڑکیں، موٹر وے،گلیاں سنسان تھیں۔ لوگ گھروں میں دبکے بیٹھے الفریڈ کا انتظار کر رہے ہیں۔ مسجد لیکن اہل ایمان سے بھری ہوئی تھی کہ ہمارا ایمان ایسے ہی مراحل پر اپنی طاقت دکھاتا ہے۔ گولڈ کوسٹ مسجد والوں نے بھی نماز جمعہ کے بعد برستی برسات میں ایک بھر پور تصویر لگا کر اپنے اہل ایمان ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

الفریڈ تو جب آئے گا تو دیکھی جائے گی لیکن موسم اس وقت بہرحال بڑا خوشگوار ہے، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا چل رہی ہے۔ ہلکی ہلکی بونداباندی نے اسے مزید چار چاند لگا دیے ہیں۔ گرمیوں میں ایسا موسم قسمت سے ملتا ہے ۔
؀

اج موسم شاکر چَس دا ہے
دل آدھا اے یار کوُں مل آواں

کالج کے دور میں یار لوگ ایسے موسم کو اینٹی جمعیت کہا کرتے تھے، اور کیوں کہتے تھے، یہ وہی بہتر بتاسکتے ہیں، جن کا واسطہ جمعیت سے رہا۔ دعا کہ اللّہ اہل برسبین اور اہل گولڈ کوسٹ کو اپنے حفظ وامان میں رکھے اور کسی ناگہانی سے بچائے ۔ آمین

Comments

Click here to post a comment