ہوم << پھل مکھانے یا فاکس نٹ - زارا مظہر

پھل مکھانے یا فاکس نٹ - زارا مظہر

آج ایک سپیشل ناشتے کے بارے میں جانتے ہیں جو ایک بھرپور دن کے لئے بہترین آغاز کا کام دے گا مختلف وٹامنز سے بھرپور ایک غذا جو بچوں , جوانوں اور بوڑھوں کے لئے یکساں مفید ہے یہ ہے پھل مکھانہ یا fox nut مجھے حیرت ہے اس ہرب کو آج تک وہ اہمیت کیوں نہیں مل سکی جتنی اہمیت کا یہ متقاضی ہے ۔ اسے صرف زچہ کی پنجیری میں استعمال کیا جاتا ہے باقی شائد ہی اسکے استعمال کی کبھی نوبت آتی ہو ۔

آئیے جانتے ہیں مکھانہ کیا ہے اور یہ ہمارے لئے کیسے فائدہ مند اور کیوں ضروری ہیں ۔ میرا تجربہ ہے کہ کوئی بھی غذا اس وقت زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے جب آپ اسے بڑھتی عمر میں یا جوانی میں اور صحت میں اپنی غذا کا حصہ بنا لیتے ہیں۔ قدرت نے ہمارے لئے طرح طرح کی اجناس میں توانائی اور صحت کے لئے خزانے بھر دئیے ہیں ہم اپنی لاپروائی کی بنا پہ ان مفید اجناس سے فائدہ اٹھانے سے قاصر رہتے ہیں ۔

جیسے مکھانے ایک جڑی کے بیج ہیں جن کی کاشت کافی مشکل کام ہے اس کا بیج کھلے پانی میں غالبا جوہڑوں , تالابوں اور حوضوں میں پھینکا جاتا ہے اور بغیر کسی کھاد کی مدد کے اگایا جاتا ہے ۔ پودا اور پھل کانٹوں سے بھرے ہوتے ہیں اس لئے مکھانے کی کاشت اور مکھانے کا پانی میں حصول ایک مشکل ترین کام ہے ۔ سفید مکھانے ایک سخت اور سیاہ رنگ خول میں بند ہوتے ہیں جسے مخصوص مزدور ہی سرانجام دے سکتے ہیں ۔

سفید مکھانے کچی اور تازہ حالت میں بھی جسم کو توانائی اور طاقت پہنچانے کا ذریعہ ہیں فرائی کر کے بھی متعدد طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے جیسے آپ اپنی پسند کے مطابق ایک پیالے میں مٹھی بھر فرائی یا کچے مکھانے ڈالیں اور گرم گرم دودھ انڈیل کر ایک بیش قیمت انسنٹنٹ سپر فوڈ بنائیں یہ آپکے دن بھر کی کیلشیم کی ضرورت کے لئے کافی ہے طویل المدتی فوائد کے لئے اسے اپنے ناشتے میں یا دن بھر میں ایک بار لازمی اپنی غذا کا حصہ بنائیں ۔ ناشتے اور پنجیریوں کے علاوہ اسے قیمہ میں بھی پکایا جا سکتا ہے ۔ اس کا ذائقہ بے حد لاجواب ہوتا ہے ۔

مکھانوں کو ہم سادہ طریقے سے کھانے کے ساتھ ساتھ مختلف اجناس میں شامل کر کے بھی ورائٹی لا سکتے ہیں مثلاً جو کا دلیہ میں نے کئی طرح سے بنایا ہے تازہ فروٹس کے ساتھ بھی اور ڈرائے فروٹس کے امتزاج کے ساتھ بھی لیکن جب میں نے جو کے دلیہ کا تجربہ مکھانوں کے ساتھ کیا تو مجھے بے حد فرحت انگیز احساس ملا ۔ زود ہضم ہونے کے ساتھ بے حد ذائقہ دار تھا ۔

مکھانے اینٹی ایجنگ ہیں اس لئے مہنگی کریمز اور بوٹاکس کا بہترین بدل بے بہا ہیں ۔ مکھانے کو ماہرین کی طرف سے اینٹی ایجنٹ یعنی سدا جوان رکھنے والے کھانوں کا درجہ دیا گیا ہے کیوں کہ ان میں ایک خاص مقدار میں اینٹی آکسیڈینٹ پائے جاتے ہیں جو جسم پر پڑںے والے عمر کے اثرات کو کم اور سست کر دیتے ہیں۔

مکھانے جلد کو تروتازه توانا اور چمکدار بناتے ہیں۔ مکھانے جھریاں اور جھائیاں نہیں آنے دیتے اور یوں ان کے استعمال سے جلد جوان رہتی ہے گلوٹن فری ہیں اس لئے وزن کم کرنے میں بھی معاون ہیں اس لئے ڈائٹنگ کرنے والے خواتین و حضرات اسے اپنے ناشتے میں شامل کر کے تروتازہ رہ سکتے ہیں ۔ شوگر اور دل کے امراض سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ ان بیماریوں کے دوران ان کا استعمال بے حد مفید ہے دل کے مریضوں کے لئے تو یہ سپر فوڈ ہے ۔ کیلشیم کا خزانہ ہے اس لئے بڑھتی عمر کے بچوں کے لئے انتہائی مفید ہے ۔

مرد حضرات کی نسبت خواتین میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کی شکایت بہت جلد یعنی پینتیس سال کی عمر سے شروع ہو جاتی ہے جبکہ بزرگ حضرات بھی ایک خاص عمر کے بعد ہڈیوں کی کمزوری کا شکار ہونے لگتے ہیں اور ڈاکٹرز کی طرف سے کئی طرح کے مہنگے سپلیمنٹس ہماری خوراک میں شامل ہو جاتے ہیں Fox nut ان تمام بدمزہ سپلیمنٹ کا بہترین نعم البدل ہیں چنانچہ ہم نے برسوں بعد اپنے مخصوص ناشتے کو قربان کر کے اسے اپنا موسٹ فیورٹ ناشتے کا لازمی جز بنا لیا ہے ۔

Comments

Avatar photo

زارا مظہر

زارا مظہر گذشتہ دس سال سے پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا کا خاصا جانا پہچانا نام ہیں دونوں پہ بیک وقت لکھ رہی ہیں۔ اردو ادب سے بےحد دلچسپی رکھتی ہیں اور اپنے قلم سے آبیاری کرتی ہیں۔ صاحب کتاب مصنفہ ہیں۔ ان کی تصنیف ''دلم'' اپنے معاشرتی موضوعات کی وجہ سے ان کی کتاب ادبی اور عوامی حلقوں میں خوب پذیرائی حاصل کر چکی ہے۔ مختلف لائیبریریز نے بھی بہ اصرار رکھوائی ہے۔

Click here to post a comment