ہوم << تو کیا آپ کو بھی سبز چائے پسند نہیں؟ حنا نرجس

تو کیا آپ کو بھی سبز چائے پسند نہیں؟ حنا نرجس

حال ہی میں علم ہوا ہے کہ کچھ لوگوں کو سبز چائے سرے سے اچھی نہیں لگتی. بہت حیرت ہوئی. نہیں نہیں گھبرائیے نہیں. میں اس کے فوائد بتانے نہیں جا رہی. وہ تو پہلے سے آپ کے علم میں ہیں.
بتانا صرف یہ ہے کہ اگر بالفرض آپ کو مختلف فلیورڈ پیکنگز والی چائے پسند نہیں ہے تو نہ پیئں. مقامی کمپنیز کے کچھ فلیورز مجھے بھی اچھے نہیں لگتے. ویسے اچھی اور مہنگی کمپنیز کی فلیورڈ چائے بہت مزے کی ہوتی ہے. مجھے تو میری چھوٹی بہن تحفے میں دیتی ہے. اب بھی یو ایس سے آئی تو کافی سارے فلیورز دیے. شکریہ، ڈیئر سسٹر!
جی جی بالکل میں آپ ہی کے مسئلے کے حل کی طرف آ رہی ہوں. تو آپ ایسا کریں سادہ کابلی یا افغانی گرین ٹی/قہوہ لیں اور اپنی پسند کے مطابق بدل بدل کر مختلف اشیاء کا اضافہ کر کے نت نئے فلیورز بنائیں اور لطف اٹھائیں. جیسے
الائچی اور گلِ بادیان
الائچی اور دارچینی
سونف اور ادرک
لیموں اور شہد
پودینہ کے چند تازہ پتے
(مزید کے لیے کمنٹس چیک کرتے رہیے گا. کارآمد اضافے کی قوی امید ہے.
اپنی مرضی کا کوئی بھی کمبینیشن بنائیں. ایک وقت میں ایک، دو، تین جتنی چیزوں کا چاہیں اضافہ کریں. لیموں اور شہد تو ہر فلیور کے ساتھ ہی اچھے لگتے ہیں. الائچی اور دارچینی کو خود گرائنڈ کر کے الگ الگ چھوٹے جارز میں ڈال کر رکھیں. ایک کپ کے لیے ایک ہلکی سی چٹکی کافی ہے. زیادہ مقدار میں پیس کر نہ رکھیں، خوشبو و ذائقہ متاثر ہوتا ہے.
اب یہ ایک الگ بحث ہے کہ چائے، خواہ کوئی سی بھی ہو، خود بنا کر پینی چاہیے یا بس بیٹھے بٹھائے مطلوبہ فلیور کے ساتھ چائے حاضر کیے جانے کا آرڈر کرنا چاہیے.
اسے فی الحال کسی اور وقت کے لیے اٹھا رکھتے ہیں.