ہوم << وقت کا مؤثر استعمال - فیاض قرطبی

وقت کا مؤثر استعمال - فیاض قرطبی

پچھلے پچیس سال کے مطالعہ کے دوران ایک بات ہمارے مشاہدہ میں آئی ہے کہ بعض شخصیات کو رب نے عام انسانوں کے مقابلہ میں اضافی صلاحیتوں سے نوازا ہوتا ہے . ان سب شخصیات کے پاس جو وقت ہوتا ہے دن کی صورت میں یا دن کے چوبیس گھنٹوں کی صورت میں، وہ تو ہم عام انسانوں کودیے گئے وقت والا ہی دن اور گھنٹے ہوا کرتے ہیں، لیکن وہ اشخاص اس وقت کو ایسے بہترین انداز میں استعمال کرتے ہوئے سینکڑں علمی و تحقیقی کتب تخلیق کرلیتے ہیں. وہ اپنی زندگی کے باقی معاملات بھی احسن انداز میں سرانجام دیتے ہیں، جن میں لوگوں سے ملنا، تقریبات میں شرکت کرنا اور اس کےلیے اندرون و بیرون ممالک کے اسفار کرنا بھی شامل ہوتا ہے.

گزشتہ دنوں زیر مطالعہ رہنے والی کتب میں مولانا ابوالحسن علی ندوی کی اپنی خود نوشت کاروان زندگی کی چند جلدیں اور حکیم سعید کی سیاحت روس و سیاحت اسٹریلیا و سیاحت جاپان سے معلوم ہوا کہ یہ لوگ اپنے وقت کو ضائع نہی کیا کرتے تھے اور اپنی روزانہ کے معاملات روزانہ کی بنیاد پر مکمل کرلیا کرتے تھے. اسی طرح سید مودودی کی زندگی کا مطالعہ کرنے سے بھی معلوم ہوا کہ وہ اپنی تصنیفات کے علاوہ اپنی قائم کردہ تنظیم کی سرگرمیوں کےلیے ملک بھر کے سفر بھی کرتے تھے، اور ماہنامہ ترجمان القران کے معاملات کے ساتھ روزانہ اپنے گھر میں احباب کے ساتھ سوال و جواب کی نشست بھی باقاعدگی سے کیا کرتے تھے. اس کے علاوہ ان شخصیات نے ہزاروں کی تعداد میں ملنے والے خطوط کا مطالعہ بھی کیا اور ان کے جوابات بھی تحریر کیے.

بعض دفعہ انسان حیرت زدہ ہوجاتا ہے کہ ایک اکیلا فرد اتنے سارے کام کیسے سرانجام دے لیا کرتا تھا. ان شخصیات کی زندگیوں کا مطالعہ کرنے سے ایک سبق جو ہم نے اخذ کیا وہ یہ ہے کہ جن افراد کی زندگی کا کوئی مقصد /مشن ہوا کرتا ہے وہ اس کے حصول کےلیے نہ صرف متحرک رہتے ہیں بلکہ وہ اپنی زندگی کے ہر لمحہ کو مفید بنانے کےلیے مؤثر پلاننگ کرتے ہیں.