اسلام آباد: حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یکم سے 15 دسمبر 2022ء تک فی لیٹر ڈیزل 235.30 پیسے جبکہ پیٹرول 224 روپے 80 پیسے میں فروخت ہوگا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ سردیوں کی وجہ سے مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر قیمت میں 10 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے سات روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ پندہ روز کیلیے مٹی کا تیل 181.83 پیسے جبکہ فی لیٹر لائٹ ڈیزل 179 روپے میں فروخت ہوگا۔
پیٹرولیم لیوی میں دس روپے فی لیٹر اضافہ
دوسری جانب حکومت نے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں اضافہ کر دیا، جس کے تحت پرانے ایکسچینج ریٹ کی ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ ہائی اسپیڈ ڈیزل پرپیٹرولیم لیوی میں دس روپے فی لیٹراضافہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح صفر ہی برقرار رکھی ہے ، پہلے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پرآئل مارکیٹنگ کمپنیوں کامارجن 3.68 روپے فی لیٹرتھا، جو اب بڑھا کر پانچ روپے فی لیٹر کردیا گیا ہے، ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن بڑھا کرچار روپے فی لیٹر کردیا گیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 12.69روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 22.69 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں بھی پندرہ دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔
تبصرہ لکھیے