ہری پور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف 40 چوروں کے ساتھ قطر بھیک مانگنے گیا ہے۔ ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ انہیں کوئی بھیک نہیں دے گا سب کو معلوم ہے یہ چور ہیں.
ہم نے پاکستان کو ان چوروں سے آزاد کرانا ہے، میرے خلاف دہشت گردی کا کیس درج ہونے پر ساری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کبھی بھارت کی حکومت بھی ایسا فیصلہ نہیں کرتی کہ وہ دوسرے لوگوں کے لیے اپنی جانیں قربان کرے ہم نےامریکا کی جنگ میں شریک ہو کر80 ہزار پاکستانیوں کو کھودیا، ہم مزید کسی ملک کی خارجہ پالیسی کے لیے اپنے لوگوں کو قربان نہیں کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے روس سے سستا تیل خریدنے کی کوششں کی تو ہمیں سازش سے ہٹا کر امپورٹڈ حکومت کو ملک پر مسلط کردیا گیا، مگر انہیں قوم کسی صورت تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے اور میں اپنی قوم کے حقوق کے ساتھ کھڑا ہوں۔انہوں نے کہا کہ شہباز گل امریکا سے اپنی نوکری چھوڑ کر پاکستان آیا اسے جیل بھیج دیا گیا، میں نے ایسا کیا کہا جو میرے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اداروں کے خلاف بالکل نہیں ہے، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ملک میں صاف شفاف الیکشن کرائیں جائیں، میں پورے ملک میں عوام کو تیار کرنے جا رہا ہوں، آپ سب تیار رہیں اور میری کال کا انتظار کریں۔
تبصرہ لکھیے