ہوم << کام چوری کے سدا بہار نسخے - سعدیہ مسعود

کام چوری کے سدا بہار نسخے - سعدیہ مسعود

خواتین کے ایک فیس بک گروپ میں پوچھا گیا ایک ماہر کام چور کیسے بنیں؟
سوال اہم تھا، ہم نے وہاں پر اپنی مومنانہ فراست اور معلومات کے مطابق کمنٹ کر ڈالا۔ پھر سوچا شائد کچھ اور لوگوں کو بھی ضرورت ہو۔ فی الحال گھریلو خواتین کے لیے یہ مشورہ جات ہیں۔ اگر پسند آئے تو مردحضرات کے لئے بھی لکھ دیں گے، آخر ان میں بھی انمول ہیروں کی کمی نہیں۔

گہری پلاننگ
دیکھیں، یہ کافی پلاننگ کا کام ہے۔ اسے ایزی نہ لیں، پوری طرح سوچ بچار کریں۔گھر میں جس دن کام زیادہ ہونے کا امکان ہو ،کہانی اس سے ایک دن پہلے سے شروع کر دیں۔

منصوبے میں لچکدار رہیں
یاد رکھیں بہانہ زیادہ سولڈ نہ ہو، چیک نہ کیا جا سکتا ہو(جیسے بخارکم بخت فوری تھرمامیٹر لگا کر چیک ہوجاتا ہے )۔اس لئے بخار کے بہانے کی کوئی ضرورت نہیں، البتہ بوقت ضرورت یہ کہا جا سکتا ہے کہ بخار جیسی فیلنگ ہے،مگر ماتھا ٹھنڈا ہے ، تاکہ تھرمامیٹر کا سوال ہی پیدا نہ ہو۔بہانہ وہ ہو جس میں ضرورت کے مطابق کم زیادہ کرنے کی آپشن موجود رہے ۔

ہوم ورک ضروری ہے
کل کام زیادہ ہے تو آج دوپہر سے ہی اٹھتے بیٹھتے کمر پر ہاتھ رکھیں اور اوکھی اوکھی شکل بنائیں۔ دھیان رکھیں جب شکل بنائیں گھر کے ایک دو افراد اسے دیکھ ضرور لیں۔گھر کے بڑوں کے سامنے ہی بچوں کو ضرور کہیں ، پریشان مت کرو پہلے ہی طبیعت ٹھیک نہیں۔ کمر کے درد کی وضاحت نہ کریں شائد ضرورت کے مطابق بیماری بدلنی پڑ جائے۔ رات کو سوتے وقت آپ کو چکر آ رہے ہیں یہ بات گھر کا ہر بندہ جانتا ہو۔ اٹھتے بیٹھتے لڑکھڑانے کی ایکٹنگ کریں۔ اب آپ کا ہوم ورک مکمل ہے۔

ایکشن کا دن
اس روز صبح اٹھ کرپہلے لمبا گہرا سانس لیں تاکہ ذہن یکسو ہوجائے۔ چند لمحات غور وفکر میں گزاریں، بے شک آنکھیںبند کرلیں۔ خاوند یہ سمجھ رہا ہوگا کہ نجانے اس کی پیاری بیوی کو کیا ہوگیا۔ اسے یہ سوچنے دیں اور پورا فوکس کر کے پہلے طے کریں کہ کمر درد یا چکر یا دونوں۔
گرمی میں اگر سالن، روٹی اور برتن بھی آپ نے ہی دھونے ہیں تو متلی ایڈ کر لیں۔ کوئی مائی کا لال اسے چیلنج نہیں کر سکتا۔
بس اب گھر میں موجود خواتین کے سامنے برا سا منہ بنا کر رکھیں۔ مرد حضرات نے ویسے کوئی مدد نہیں کرنی۔

جذئیات کا خیال رکھیں
اچھی پلاننگ کے ساتھ ساتھ ،منصوبے کی جذئیات پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔ یاد رکھیں موٹیویشنل سپیکر کہتے ہیں کہ ہر کام پورے پروفیشنل ازم اور پیشہ ورانہ مہارت سے کرنا چاہیے۔ گھر کاجو کام شروع کریں، کسی کو مدد کرنے کے لئے بلا لیں کہ ساتھ کروا د،و حالت خراب ہے۔ پھر کام ادھورا چھوڑ کر باتھ روم بھاگ جائیں۔ ہائے ہائے کرتی واپس آئیں، نیم دراز ہو جائیں۔

یہ مت بھولیں کہ ایک سٹیپ ابھی باقی ہے۔
کام ختم ہونے سے پہلے( گرتی پڑتی، لڑکھڑاتی ہوئی) کچن جا کر کام جاری رکھنے والی خاتون کے سامنے شرمندہ ہوں ۔بند ہوتی آنکھیں بمشکل کھول کر ، دردناک مصنوعی مسکراہٹ چہرے پر سجاتے ہوئے کہیں کہ سوری میں بس آتی ہوں۔ جیسے ہی وہ کہیں کوئی بات نہیں ،فورا واپس مڑ آئیں۔

ایک اچھے دن کو کمال خوبصورتی سے مزید اچھا اور آرام دہ بنانے پر ہماری طرف سے مبارک قبول فرمائیں۔
اور ہاں بچے سے سیون اپ یا سپرائیٹ منگا کر اس میں لیموں ڈال کے پی لیں۔ اینوفروٹ سالٹ پی لیں ،فریش ہو جائیں تاکہ جب کھانا لگے ،آپ کہہ سکیں اب بہتر ہوں اور کھانے کے ساتھ انصاف کر سکیں۔
مزید اگلی کلاس میں۔

(سورس آف انفارمیشن :انڈین ڈرامے۔ اور پاکستانی رشتے دار۔)

اور ہاں، یہ دعا بھی ضرور کیجئے گا کہ یہ بلاگ آپ کے گھر کی دیگر خواتین نہ پڑھ لیں۔

Comments

Click here to post a comment