ہوم << حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ بچانے کے لیے (ن) لیگ نے سر جوڑ لیے

حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ بچانے کے لیے (ن) لیگ نے سر جوڑ لیے

اسلام آباد: پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا اجلاس جاری ہے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، وفاقی وزرا رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، مریم اورنگزیب اور اعظم نذیر تارڑ، سردار ایاز صادق، ملک احمد خان، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس لغاری، رانا مشہود شرکت کررہے ہیں۔

اجلاس میں ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شکست کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کی مرکزی قیادت کا اجلاس طلب کیا تھا۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات میں شکست کی وجوہات اور آئندہ کی حکمت عملی اور حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ بچانے کے لئے حکمت عملی پربھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے کریں گے اورآئندہ کی حکمت عملی کے لئے اتحادی جماعتوں کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل طلب کئے جانے کا امکان ہے۔