دنیا بھر سے کرونا خبریں - محمد سلیم

سعودی عرب میں کل 21 مارچ کو صبح 6 بجے کے بعد سے آئندہ 14 دن تک کیلیئے ہر قسم کی لوکل پروازوں، بسوں، ٹیکسیوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جامعہ ازہر نے فتوی جاری کیا ہے کہ میت کو غسل کفن اور جنازہ امن کے دنوں کا کام ہے کورونا میں اس کیلیئے ہر متبادل طریقہ اختیار کیا جائے ۔

جس سے میت کو چھونا نہ پڑے۔ میت پر صرف پانی انڈیل دینا اور دیگر احتیاطی حربے استعمال کرنا جائز ہوگا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے توقع ظاہر کی ہے کہ ایران کی بیشتر آبادی کورونا کا شکار ہو جائیگی۔ کورونا حفاظتی اقدامات کی قائم کردہ ایک کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے روحانی نے بتایا کہ ایران کے 60 سے 70 فیصد لوگ اس مرض کا شکار ہونگے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ روس اور سعودی عرب کی جاری تیل کی جنگ میں مناسب وقت پر داخل ہو کر اپنا کردار ادا کریں گے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہ روسی اقتصاد کا سارا انحصار تیل پر ہے اور یہ جنگ اس کو تباہ کر دیگی۔ برطانیہ کی قومی صحت کی مجلس نے ملک بھر میں کورونا سے جنگ کیلیئے 5 ارب 80 کروڑ پاؤنڈ کے بجٹ کا اعلان کر دیا۔ اسرائیل کی وزارت صحت نے اسرائیل میں 677 کورونا مریضوں کا انکشاف کیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل میں آخری 2 گھنٹوں میں 100 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔

ارجنٹائن نے پورے ملک کو 31 مارچ تک کیلیئے لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کر دیا۔ لاس اینجلس نے تمام مواطنین کو گھروں میں رہنے تک محدود کر دیا۔ کیلیفورنیا کے گورنر جیفن نیوزوم نے اپنے 4 کروڑ باشندوں کو گھروں میں محصور ہو جانے کا حکم دیدیا۔ گورنر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کے صوبے کے 56٪ لوگ آئیندہ 8 ہفتوں میں کورونا کا شکار ہو جائیں گے۔ روس نے آج بروز جمعہ کورونا کی ویکسین کو انسانوں پر تجربے کا اعلان کر دیا۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے عید نوروز کے موقع پر عوام سے خطاب میں کہا کہ ہم نے تیل پر انحصار نہ کرتے ہوئے بھی کئی اقتصادی سنگ میل طے کر لیئے ہیں اور دنیا اس سال ایران میں بڑے بڑے تاریخی منصوبوں کے افتتاح دیکھے گی۔ موناکو کے شہزادے البرٹ سیکنڈ نے کورونا سے متاثر ہو جانے کا انکشاف کیا ہے۔ بحرین کی سلطنت کے ترجمان اعلان کیا ہے کہ بحرین اپنی سلطنت میں موجود ہر شخص کے پانی اور بجلی کے بل ادا کرنے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ مملکت بحرین یکم اپریل سے یہ ذمہ داری اٹھائے گی اور اپریل، مئی اور جون کے بل خود ادا کرے گی۔

امارات میں ایک کاروباری شخصیت نے کورونا سے جنگ کیلیئے حکومت کو 20 لاکھ درہم عطیہ کیئے۔ سعودی عرب نے آج جمعہ سے حرمین شریفین کے پلاٹوں (ساحات الحرمین) میں نماز پڑھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اٹلی اپنی تمام تر صلاحیتوں کے استعمال اور اپنے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کے باوجود بھی چین سے زیادہ اموات والا ملک بن گیا۔ وفات ہونے والوں کی تعداد اس وقت 3405 اموات سے تجاوز کر چکی ہے۔ جبکہ اس وقت بھی مریضوں کی تعداد 41 ہزار سے زیادہ ہے۔ آخری دن میں 5322 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔