دلیل کا شکریہ - خالد ایم خان

میں بے انتہا شُکر گزار ہوں دلیل ٹیم کا، جنہوں نے میری بےانتہا غلطیوں، سختیوں اور کوتاہیوں کے باوجود میری ہر مقام پر رہنمائی فرمائی، شُکریہ ٹیم دلیل پی کے ، بلا شک آپ لوگ تعریف کے لائیک ہیں ، آپ نے اپناکام احسن طریقے سے پایا تکمیل تک پہنچایا، یہ الگ بات ہے کہ ہم ہمیشہ خوش نہ رہنے کی پالیسیوں پر گامزن رہے ، جس کی وجہ سے آپ لوگ ہم جیسوں سے کبھی خوش تو کبھی ناراض نظر آئے، آپ کے ساتھ چلتی کبھی خوشی کبھی غم کی کیفیات اُس دن دم توڑگئیں جس دن مجھے پچھلے رمضان سے دس پندرہ دن پہلے برین ہیمبرج ھو گیا .
اللہ اکبر ، اللہ اکبر . مجھے ڈاکٹرز نے ہنگامی آپریٹ کیا جس کے بعد بارہ دن تک میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں مکمل بے ہوشی کی حالت میں آخری اسٹیج پر زندگی کے لئے کامیاب قرار دیا گیا ، اللہ اکبر....

اللہ کی طرف سے معجزہ تھا جس کا جتنا بھی شُکر ادا کیاجائے کم ہے ، آپ شاید یقین نہیں کریں گے کہ مجھے یقین کی کیفیات تک پہنچنے پر کافی دن لگے ایک وقت ایسا بھی تھا کہ میں نماز پڑھنا چاہتا تھا لیکن کُچھ یاد نہیں تھا اس کے باوجود ایک مہینے تک میں نماز پڑھتا رہا یقین کریں ایک مہینے کے بعد جب مجھے دوران نماز
" اتحیات للہ وصلاوات" یاد آئی تو میری آنکھوں سے انسوئوں کا نہ رکنے والاایسا دریا اُمڈ پڑا جس میں اللہ تبارک وتعالی کی شکرگزاری کے لئے میرے پاس الفاز کم پڑ گئے ، میری کیفیت ایک معصوم بچہ کی مانند تھی جس میں میں ہنس رہا تھا ، بلک بلک کر رورہا تھا ، روتے روتے ہنستا تھا اور ہنستے ہنستے روتا تھا مجھے بس اللہ کے علا وہ کُچھ یاد نہیں تھا ،پھر ایسے دن بھی آئے کہ مجھے بھولا ہوا پورا قرآن یاد ہوتا چلا گیا بلکل ایسے جیسے کوئی ان دیکھی طاقت میری بھول جانے والی دماغی سوچوں کو پھر سے تروتازہ کئے جاتی ہیں ،میں بہت کُچھ لکھنا چاھتا ہوں ،لیکن لکھ نہیں پا رہا ، دن رات مسلسل جُستجو کر رہا ہوں ،کوشش بحر حال میرا حق ہے آپ سے دعائوں کی دخواست ہے، اس سب کے باوجود۴دن کے بعد پہلی بار جو کچھ لکھ پایا ہوں اُس پر میں اپنے اللہ کا شُکر گزار ہوں ، اس سے پہلے میں نے اپنی زندگی میں قریبا دوسو( 200+)سے زیادہ کالم لکھ چکاہوں ،اس کے علاوہ میں نے فکشن بھی لکھا اور اسلامک ہسٹری پر بھی بہت کچھ لکھا، کچھ ایکسپریس والوں نے کچھ بول نیوز والوں نے تو کچھ دیکر میڈیا سائٹ والوں نے پبلش کئے،لیکن سب سے زیادہ آپ یعنی daleel pk نے میری تحریروں کو پزیرائی بخشی جس کے لئے میں آپ کا مشکور ہوں شکریہ کے ساتھ .