بیچارے گل - بنت یحییٰ

باغ تو دیکھے ہوں گے نا آپ نے؟ اور ان باغات کی خوبصورتی کی وجہ بھی آپ جانتے ہوں گے۔ جی ہاں! وہ خوبصورتی وہاں کھلے رنگ رنگ کے پھولوں اور سلیقے سے تراشیدہ پودوں کی بدولت ہے اور ہاں! سب سے خاص بات وہاں کھلے ہر پھول کی ہر پودے کی ساخت بالکل جدا ہوتی ہے اور کبھی کسی نے انگلی تک نہیں اٹھائی کہ بھئی ایک ہی قطعہ ارض پر ایک ہی مالی کی کاوش سے یہ جدا جدا رنگ کیوں رونما ہوئے؟ بلکہ جناب، میں اور آپ تو اسی چیز کو سراہتے ہیں وہاں۔

معاملہ بگڑتا ہے تو ہمارے ماتحت پائے جانے والے پھولوں اور کلیوں پر

ہاں یہاں تو ہم حق پر ہیں نا؟

بڑے بھائی کا+A آیا تم کو شرم آنی چاہیے۔۔ دیکھو ذرا !ندا آپا ڈاکٹر بن گئيں اور تم وہی سدا کے نالائق نکھٹو!

اففف آرٹس بھی کوئی پڑھنے کی چیز ہے؟ سائنس پڑھو سائنس!

اپنے کزن کو دیکھا ہے کہاں " نوکری" لگی اس کی؟ تم سے تو امید لگانا ہی بیکار ہے!

کلاس میں 6 بچے تم سے آگے ہیں، فائنل پیپرز میں فرسٹ نہ آئے تو برا حال ہو گا تمہارا!

اور ………

اسی طرح کے جملے صبح شام ہمارے ورد زباں ہیں کیونکہ ہم تو گلاب کو چنبیلی بنا کر رہیں گے۔ بھئی ہم ماں باپ ہیں، ہم اساتذہ ہیں، ہم زیادہ جانتے ہیں کہ اس بچے کو کیا بننا چاہیے؟ ارے رُکیے تو صرف آپ ہی کہاں؟ یہاں تو پورا تعلیمی نظام ہی طرح طرح کے بیج لے کر ان سب سے گندم اُگانا چاہتا ہے اور جو دانہ ذرا خراب نکلا وہ رہا نالائق، گدھا اور نکما!

اوہ! تو کیا آپ بھی سوچ میں پڑ گئے اپنی کیاری کے لیے؟ شاباش! چلیں سوچ تو آئی۔ دیکھیں زیادہ مایوس نہیں ہونا، بات بہت سادہ ہے (لیکن لوگ کیا کہیں گے؟ پیسہ کیسے کمائے گا؟) میرا یعنی استاد کا اور آپ کا کام بس پودے کے اطراف میں "آب و ہوا" پر چیک رکھنا ہے، وقت پر "پانی" دینا، "کھاد" ڈالنا، "موسم" کے اثرات سے محفوظ بناناہے۔ اور ہاں! اگر پودے پر غیر ضروری "جھاڑ" اُگنے لگے تو اس کی "تراش خراش"…

رہی بات امید کی تو جناب انگور کی بیل سے تربوز کی امید کیونکر لگائی جائے؟ ہمیں تو انگور اور تربوز دونوں کی ہی خواہش ہے۔

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com
/* ]]> */