ایک نئے فتنے کی تیاری - داؤد ظفر ندیم

میرے بہت سے دوست امام مہدی اور نزول عیسی کے بارے میری تحریر پر ناراض ہیں، حالانکہ میرا مقصد اس عقیدے کی وضاحت کی کوشش کرنا تھا، کیونکہ یہی وہ عقیدہ ہے جس کی وجہ سے تاریخ اسلام میں بہت سے کذاب پیدا ہوئے، بہت سے فتنوں نے جنم لیا اور مستقبل میں بھی اس وجہ سے بہت سے فتنے جنم لے سکتے ہیں.

میں انٹرنیٹ پر مختلف علما کے بیانات اور بعض دوسری رپورٹیں پڑھ کر چونکا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ کسی نئے فتنے کے ظہور سے پہلے علمائے کرام کو امام مہدی کی آمد اور نزول عیسی کی پیشین گوئیوں کے بجائے یہ خبردار کرنے کی ضرورت ہے کہ اس عقیدے کی وجہ سے سادہ لوح مسلمان کسی نئے دھوکے میں نہ آئیں. میں حیران ہوں کہ آمد مہدی اور نزول عیسی پر ایک پوری مہم اس طریقے سے چلائی جا رہی ہے جیسا کہ یہ مستقبل قریب میں رونما ہونے والا واقعہ ہو۔ اور لوگوں کو اس کے لیے تیار کرنا بہت اہم ہو۔

اس دوران ایسی رپورٹیں پڑھنے کو ملی ہیں کہ ہولوگرافک ٹیکنالوجی کے ذریعے آسمان پر سیڑھیوں کا منظر دکھانے اور اس سے ایک نوجوان کے اترنے کے تجربے کیے جا رہے ہیں۔ 1922ء تک شاید یہ سائنسی طور پر ممکن ہو کہ کسی ایک منتخب شہر میں اس ٹیکنالوجی کے ذریعے یہ منظر اس شہر کے تمام لوگ دیکھ سکیں اور پھر وہ نوجوان نزول عیسی کا دعوی کر سکے گا۔ دنیا بھر کے مسلمان جو مسلسل شکست خوردگی کی حالت میں ہیں، ان کے لیے اس عیسی کی آمد میں بہت کشش ہوگی۔ ایسا مسلمانوں کے نزول عیسی کے عقیدے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش ہوگی۔ اس سے پہلے ان چار پانچ سالوں میں دنیا بھر کے منتخب علماء مسلمانوں کو آمد مہدی اور نزول عیسی کے لیے ذہنی طور پر تیار کریں گے، کچھ لوگ دانستہ ملوث ہوں گے، مگر اکثریت ایسے جذباتی علماء اور لوگوں کی ہوگی جو نادانستگی میں اس سلسلے میں استعمال ہوں گے، اور ایسے لوگوں کو سختی سے خاموش کروانے کی کوشش کریں گے جو اس عقیدے کی کسی بھی طریقے سے مخالفت کریں گے یا کسی ممکنہ فتنے سے خبردار کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ حیرت کی بات ہے کہ اس عقیدے کی وجہ سے اسلام کی تاریخ میں بہت سے کذاب پیدا ہوئے، اور ان میں سے بعض اپنی بلند حوصلگی کو آزمانا چاہتے تھے تو بعض کو باقاعدہ اسلام دشمنوں نے تیار کیا تھا۔ اس کے بعد علما کو زور لگانا پڑتا ہے کہ وہ ختم نبوت کے عقیدے کی تشریح کریں اور ان کذاب لوگوں کی حقیقت کو سامنے لائیں حالانکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ علما لوگوں کو بتلائیں کہ نزول عیسی اور آمد مہدی کے عقیدے کا اصل مطلب کیا ہے؟ جب تک علما ان عقائد کی تشریح کی طرف توجہ نہیں دیں گے، کذاب اور فتنوں کی آمد کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔

Comments

دائود ظفر ندیم

دائود ظفر ندیم

دائود ظفر ندیم تاریخ، عالمی اور مقامی سیاست، صوفی فکر اور دیسی حکمت میں دلچسپی رکھتے ہیں، سیاسیات اور اسلامیات میں ماسٹر کیا ہے۔ دلیل کے لیے باقاعدہ لکھتے ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں