بھریا میلہ - نورین تبسم

”ہر میلہ اُجڑنے کے لیے ہی ہوتا ہے چاہے وہ زندگی کا ہو یا خواہشوں کا.“

جو آیا ہے اُس نے جانا ہی ہے۔ آنے پر اختیار ہے اور نہ جانے پر۔ شکم ِمادر میں نئی کونپل کی نوید سے لے کر روشنی میں اُس کی رونمائی تک کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی، صرف تجربات، حالات و واقعات کا تسلسل ہی وقت کا مجموعی طور پر تعین کرتا ہے۔ اسی طرح جانے کا بھی کوئی بھروسہ نہیں۔ آنے والے کل کے لیے تو پھر بھی اپنے طور پر بچ بچاؤ کا سوچا جا سکتا ہے، پر جب بلاوا آتا ہے سب دھرے کا دھرا رہ جاتا ہے۔ آ نے کا اور جانے کا پتہ نہیں تو پھر کیا روگ لگانا، کیا سوچنا؟ لیکن ایسا نہیں ہوتا۔ ہم دنیا میں آمد کے وقت تو اپنی سوچ کے زاویے سے ناواقف ہوتے ہیں لیکن جاتے وقت اس سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں اور کسی حال میں اس دُنیا سے کوچ کرنا نہیں چاہتے۔ بہت کم بلکہ وہ ولی اللہ ہوتے ہیں جو اپنی جان جان ِآفرین کے سپرد یوں کرتے ہیں گویا عاجزی انکساری کے ساتھ قرض واپس کر رہے ہوں۔

ہمارے فہم ہماری عقل کا امتحان اسی وقت ہوتا ہے جب بلاوا آ جائے۔ ہمیشہ پہلے سے کی گئی تیاری کام نہیں آتی۔ اصل ہنر اپنی مرضی سے بھریا میلہ چھوڑنے کا ہے۔ یہ ہنر آ جائے تو زندگی سے جُڑی دوسری خواہشات کو اپنانا اور چھوڑنا آسان ہو جاتا ہے۔ کبھی کوئی میلہ کسی کے جانے سے نہیں اُجڑا۔ ہم خود اپنے آپ کو اُس کا ”کُل“ جان کر چھوڑنا نہیں چاہتے حالانکہ ہم تو اُس کے ایک جزو سے بھی کم تر ہیں۔ یہ بات شاید ہمارے جانے کے بعد دوسروں کی آنکھوں میں ہمارے لیے اُترتی ہے جب وہ ہماری تمام عمر کی لاحاصل تپسّیا کا نچوڑ دیکھتے ہیں۔ اس سے پہلے کہ دُنیا تمہیں چھوڑ دے تم خود اپنی رضا سے کسی بڑی چاہ کی خاطر اسے چھوڑ دو۔ اگر مہلت ملی لوٹ آنے کی اور کوئی منتظر رہا تو پھر وقت ہی وقت ہے۔ ورنہ اپنے راستے پر چلتے جاؤ اور دوسروں کو اُن کی راہ چلنے دو۔ جھگڑا نہ کرو۔ دل میلا نہ کرو۔
آخری بات
میلے میں جا کر میلہ چھوڑنا اور میلہ چھوڑنے کا حوصلہ رکھنا ہی راز ِزندگی ہے۔

Comments

نورین تبسم

نورین تبسم

جائے پیدائش راولپنڈی کے بعد زندگی کے پانچ عشرے اسلام آبادکے نام رہے، فیڈرل کالج سے سائنس مضامین میں گریجویشن کی۔ اہلیت اہلیہ اور ماں کے سوا کچھ بھی نہیں۔ لکھنا خودکلامی کی کیفیت ہے جو بلاگ ڈائری، فیس بک صفحے کے بعد اب دلیل کے صفحات کی جانب محوِسفر ہے۔

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.