چائنیز لینٹرن پلانٹ - ثناء اللہ خان احسن

یہ خوبصورت پودا اپنے پھلوں کی ساخت کی وجہ سی عرف عام میں چائنیز لینٹرن کہلاتا ہے۔اس کو ونٹر چیری (Winter Cerry) یا بلیڈر چیری ( Bladder Cherry) بھی کہا جاتا ہے۔ ویسے اس کا سائنسی نام (Physalis alkekengi) ہے۔ یہ پودا nightshade plants فیملی سے تعلق رکھتا ہے جس میں آلو، ٹماٹر، اور کیپ گوز بیری شامل ہیں۔ یہ پودا دوائی اور غذائی دونوں فوائد رکھتا ہے۔ اس کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ سدا بہار ( perennial) پودا ہے۔ مجھے ذاتی طور پر سدا بہار قسم کے پودے پسند ہیں کہ ایک مرتبہ لگانے کے بعد ان کی ہری بھری تازگی اور سال میں دو مرتبہ پھل پھول نگاہوں کی تازگی اور باغ کی سجاوٹ کا باعث بنے رہتے ہیں۔ موسمی پھولوں پر بڑی محنت کرنا پڑتی ہے اور جب ان کے ختم ہونے کا وقت آتا ہے تو سخت کوفت ہوتی ہے۔ خالی گملے اور سوکھے پودے عجب منحوس منظر پیش کرتے ہیں۔

اس پودے کو زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت بھی نہیں ہوتی، لگانا بھی بڑا آسان ہے اور نہایت آسانی سے ہو جاتا ہے۔ اس کی جڑ ادرک یعنی ( Rhizome) ٹائپ کی ہوتی ہے جو زمین میں اندر ہی اندر متوازی بڑھتی جاتی ہے۔ تو اگر آپ یہ پورا پودا کاٹ بھی دیں تو اپنی جڑوں سے دوبارہ پھوٹ آتا ہے۔ آپ اسے کیاری، گملے یا کسی بھی مناسب چیز میں لگا سکتے ہیں۔ بیج کے ذریعے بھی یہ بآسانی اگ آتا ہے۔ اس کو لگانے کا بہترین موسم، موسم بہار کا آخری حصہ ہے۔ یہ ہر طرح کے موسم میں ہو جاتا ہے لیکن بہت زیادہ سرد اور برفانی علاقوں میں ذرا مشکل سے ہوتا ہے۔ یہ مکمل دھوپ میں بھی ہو جاتا ہے اور روشن سایہ دار جگہوں پر بھی لیکن اس کے لیے بہترین بات یہ ہے کہ اس کو آٹھ گھنٹے تک دھوپ لگنی چاہیے۔ بنیادی طور پر یہ دھوپ کا پودا ہے۔ آپ اس کی بیج نرسری یا سیڈ شاپ سے حاصل کرسکتے ہیں۔

آپ اس کو اپنے اپارٹمنٹ یا فلیٹ کی بالکونی یا کھلی کھڑکی کے ساتھ بھی لگا سکتے ہیں۔ لیکن اس پر دھوپ پڑنا ضروری ہے۔ ایک بات یاد رکھیے کہ جو باغ یا پودے یا درخت جنوبی سمت میں ہوتے ہیں، وہ بہترین نشو و نما دکھاتے ہیں۔ پھل اور سبزیاں جن کا رخ جنوب کی جانب ہو وہ بہترین پھل لاتے ہیں۔

ویسے تو یہ پھل اپنے پودے میں لگا ہوا ہی خوبصورت معلوم دیتا ہے لیکن اس کے ذریعے مزید سجاوٹ بھی کی جا سکتی ہے۔ جیسا کہ آپ تصویر میں اس کا جالی نما ڈیزائن دیکھ رہے ہیں اس کے لیے آپ جیسے ہی اس کا پھل سرخ رنگ کا ہو اس کو یا ایک شاخ جس پر بہت سے پھل لگے ہوں توڑ لیجیے۔ اور اس کو کسی اندھیرے کمرے وغیرہ میں ایک یا دو ہفتے کے لیے لٹکا دیجیے۔ سرخ غلاف نما چھلکا گل جائے گا اور اس کی اندر موجود رگیں جالی جیسا ڈیزائن بنا لیتی ہیں جس کے درمیان پھل لٹکا ہوا بہت خوبصورت معلوم دیتا ہے۔ ایک ہفتے تک یہ چل جاتا ہے یا آپ پھل کو بھی اسی کے درمیان سوکھنے دیجئے۔ پھر آپ اس کی کسی بھی سوکھی شاخ یا ڈوری وغیرہ پر سجاوٹی ارینجمنٹ کر سکتے ہیں۔ جتنا خوبصورت یہ تصویر میں نظر آرہا ہے یہ سب فوٹو گرافی اور لائٹنگ کا کمال ہے ورنہ درحقیقت یہ اتنا خوبصورت نظر نہیں آتا۔ البتہ اس کے سرخ پھل پودے میں لگے زیادہ بہتر معلوم دیتے ہیں۔

اسلام آباد میں اس کے بیج مندرجہ ذیل پتے پر دستیاب ہیں۔

‏Four seed shops in Ayub Market, F-8 Markez Isb: Awan, Green Impex and 2 others. All are in the same place after Ali Medical Centre.

کراچی والے ایمپریس مارکیٹ کی عبداللہ سیڈ اسٹور پر معلوم کریں اور لاہور والے اپنے علاقے کی نرسری یا کسی اچھے سیڈ اسٹور سے۔ یہ یاد رکھیے کہ اس کو لگانا اور دیکھ بھال کرنا کوئی مشکل کام نہیں اور تقریبا ہر علاقے میں ہو جاتا ہے۔