اسلام کے اصول معاشیات، سیرت کی روشنی میں - امیرجان حقانی

انسانی دنیا میں واحد رسول اکرم ﷺ کی ذات اقدس ہے جو ہر پہلو سے کامل و اکمل ہے۔ اور جو دین آپ ﷺ پر نازل کیا گیا وہ بھی کامل و اکمل ہے۔ پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے جو بہترین نظامِ زندگی آسمان اور زمین کے درمیان ہمیشہ کے لیے ہوسکتا تھا، وہ آپ ﷺ اور قرآن کے ذریعے اللہ نے عطا کیا ہے۔ آپ ﷺ نے پوری زندگی انسانیت کو پستی سے نکال کر بلندیوں تک پہنچانے کا جو بہترین فریضہ انجام دیا، اس کی کوئی نظیر ملنی مشکل ہے۔\r\n\r\nآپ ﷺ کی مثالی طرز زندگی اور کمال طرز حکمرانی نے خطہ یثرب کو دنیا کی سب سے بہترین فلاحی ریاست میں بدل کر رکھ دیا۔ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ اس اولین اسلامی فلاحی ریاست کے تمام پہلوؤں کو ہمہ وقت سامنے رکھے تاکہ ان مشکل ترین حالات میں اسوہ حسنہ کی روشنی میں مسائل حل ہو سکیں۔\r\n\r\nآج ہم اگر قومی و بین الاقوامی سطح پر معاشی زندگی کا جائزہ لیتے ہیں تو ہمیں استحصالی نظام نظر آتا ہے، خود غرضانہ اور مفاد پرستانہ طرزِ عمل وہ بنیادی ناسور ہے جو عظیم اسلامی اقدر کی تخلیق، ارتقا اور استحکام کے لیے رکاوٹ ہے۔ جب انسانی طرزِ عمل اور زندگی میں حرص، لالچ، بخل و کینہ، بغض و عداوت، خود غرضی اور مفاد پرستی اور ان جیسے پہلوؤں غالب ہو جائیں تو فلاح الناس کی خاطر سول سوسائٹی اور معاشرے سے انفاق فی سبیل اللہ، نفع بخشی اور دوسری عظیم اقدار مفقود ہوجاتی ہیں۔ لازمی طور پر اس کے نتیجے میں ارتکاز دولت کا رجحان بڑھ جاتا ہے، عام آدمی معاشی کسمپرسی کا شکار ہوجاتا ہے۔ نتیجے کے طور پوری معاشرت میں زندگی عدم توازن کا شکار ہوجاتی ہے اور ایسے میں خونی انقلاب بھی برپا ہوتے ہیں۔\r\n\r\nہم نے رسول اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ کی روشنی میں صرف معاشی انقلاب اور پہلوؤں پرگفتگو کرنی ہے جو ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اور لازمی بھی ہیں۔\r\n\r\nاسلام کا اقتصادی و معاشی نظام ہمہ گیر ہے۔ اس میں بہت ساری تفصیلات ہیں۔ آپ ﷺ کی زندگی معیشت کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتی ہے۔ ان میں درجہ ذیل امور و پہلو بہت اہم ہیں۔ معشیت اسلامی کا تصوراتی پہلو، معیشت و معاشرت کا باہمی تعلق، فلاحی معیشت کا قیام، اخلاق حسنہ اور معیشت کا باہمی تعلق اور معیشت و ریاست کا تعلق، پھر ملکیت و عدم ملکیت، جائز نفع خوری، ارتکاز دولت، مفادعامہ اور ان جیسے کئی پہلو ہیں جن کا سیرت رسول ﷺ کی روشنی میں تفصیلی مطالعہ و تذکرہ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم تنگی داماں کی وجہ سے ان تمام پہلوؤں پر مدلل اجمالی روشنی ڈالی جائے گی۔\r\n\r\nکوئی بھی نظام زندگی کا وجود اس وقت تک نہیں آسکتا جب تک اس کے پس منظر میں کوئی واضح نظریہ، تصور اور ضابطہ موجود نہ ہو۔ اسلام کا معاشی نظام بھی ان بنیادی نظریات و تصورات اور تعلیمات پر مبنی ہے جو قرآن و سنت سے میسر آتے ہیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلامی معاشی نظام کے بنیادی تصورات اور تعلیمات عطا فرمائیں جو ہر دور کے لیے رہنما اصول کا درجہ رکھتی ہیں۔اور ان کو آسانی سے نافذ العمل کیا جاسکتا ہے۔ مثال کے طور پر\r\n\r\n(1) معاشی سرگرمیوں کی اہمیت کا اِدراک\r\nنبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ میں معاشی سرگرمیوں کی اہمیت واضح نظر آتی ہے۔ آپ ﷺ نے احسن طریقے سے نفع مند مال کمانے کی تعریف فرمائی ہے۔\r\nبخاری شریف میں روایت ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”وہ مال کتنا ہی اچھا ہے جو کسی نیک و پارسا انسان کے پاس ہو۔“ (بخاری ، الدب المفرد : 112، رقم : 299)\r\nاسی طرح قرآن کریم میں ارشاد باری تعالی ہے: ولا توتوا السفہاء ا موالکم التِی جعل اللہ لکم قِیاما.(النسا، 4 : 5) ”اور احمقوں کو تم اپنا (یا ان کے) مال سپرد نہ کرو جنہیں اللہ نے تمہاری معیشت کی استواری کا سبب بنایا ہے۔“\r\nاس حدیث مبارکہ اور آیت کریمہ سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ انسانی حیات کی استواری میں مال و دولت بنیادی معاون و مددگار ہوتے ہیں۔\r\n\r\n(2)مسئلہ معاش اور نیکی و بدی\r\nآپ ﷺ نے مسئلہ معاش کو براہ راست انسانی زندگی میں نیکی اور بدی کا ایک فیصلہ کن عامل قرار دیا ہے۔ امام بیہقی نے یہ حدیث نقل کی ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”ممکن ہے غربت و افلاس (کا رد عمل) کفر کی حد تک پہنچ جائے۔“ (بیہقی، شعب الایمان، مکتبۃ الرشد للنشر والتوزیع بالریاض ، 9 : 12 ، رقم : 6188)\r\nاسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے زندگی کے اعتدال کو بھی معتدل معاشی سرگرمیوں سے مشروط قرار دیا۔ ارشاد نبوی ﷺ ہے: ”خرچ میں اعتدال آدھی معیشت ہے۔“ (بیہقی، شعب الایمان، متکبۃ الرشد للنشر والتوزیع بالریاض، 2003 م ، 8: 503، رقم : 6148)\r\n\r\n(3) کسبِ معاش کی پابندی کا تصور\r\nآپ ﷺ کے دیے ہوئے تصور معیشت میں ہر شخص کو اپنی استطاعت اور طاقت کے مطابق فکر معاش اور کسب معاش کرنا لازم ہے۔ غفلت اور سستی کی اجازت قطعا نہیں ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رزق حلال کے حصول کو فرض قرار دیا ہے۔ سنن الکبری میں ہے: ”رزق حلال کی تلاش فرض عبادت کے بعد (سب سے بڑا) فریضہ ہے۔“ (بیہقی، السنن الکبری، 6 : 211 ، رقم : 11695)\r\nاسی طرح سنن ابن ماجہ میں ہے: ”بےشک سب سے پاکیزہ (رزق ) جو تم کھاتے ہو وہ تمہارے ہاتھوں کی کمائی ہے۔“ (ابن ماجہ، السنن، کتاب التجارات، باب ما للرجل من مال، 2 : 768، رقم : 2290)\r\nایک اور حدیث امام ابن حنبل نے نقل کی ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ”تم اپنی روزی کو زمین کے پوشیدہ خزانوں میں تلاش کرو۔“ (ا حمد بن حنبل، فضائل الصحابہ، 1 : 313، رقم : 431)\r\nآپ ﷺ کے ارشاد کہ زمین کے پوشیدہ خزانوں میں رزق تلاش کیا جائے، پر غور کیا جائے کہ اللہ نے مملکت پاکستان میں کتنے پوشیدہ خزانے چھپا رکھے ہیں۔ ان تمام خزانوں سے ہمارا رزوق وابستہ ہے۔ اسی طرح ہاتھ کی کمائی، اگر معاشرے کے افراد محنت کرنا چھوڑ دیں توایک ایسا معاشرہ وجود میں آئے گا جہاں افراد، معاشرہ کی تخلیقی سرگرمیوں کے بجائے عضو معطل بن جائیں گے۔ سو ایسے افراد کو اسلامی معاشرہ قطعا گوارا نہیں کرتا۔\r\n\r\n(4) تجارت کی اہمیت\r\nاسلام میں تجارت کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ امین اور صادق تاجروں کے لیے آپ ﷺ کا ارشاد ہے: ”سچے اور امانت دار تاجر کا حشر نبیوں، صدیقوں اور شہیدوں کے ساتھ ہو گا۔“ (ترمذی، السنن، کتاب البیوع، باب ما جا فی التجارۃ، 3 : 515، رقم : 1209)\r\n\r\n(5) کسبِ معاش کے بغیر انفاق فی سبیل اللہ ممکن نہیں\r\nقرآن کریم میں غریبوں، لاچاروں اور مستحقین پر خرچ کرنے کا حکم ہے، اسی کو انفاق فی سبیل اللہ کہتے ہیں۔ انفاق فی سبیل اللہ کی یہ فضیلت اور مقام تب ہی میسر آئے گا جب افراد معاشرہ حتی المقدور اپنی تمام تر توانائیوں کو حصولِ رزقِ حلال کے لیے بروئے کار لائیں گے۔ کسب معیشت اور ابتغا رزق کی اہمیت کو قرآن حکیم نے جا بجا بیان کیا ہے: ”پھر جب نماز ادا ہو جائے تو زمین میں پھیل ہو جا اور (پھر) اللہ کا فضل (یعنی رزق حلال) تلاش کرنے لگو۔ (الجمعہ، 62 : 10)“\r\nاسی طرح ارشاد باری ہے: ”اور یہ کہ انسان کو (عدل میں) وہی کچھ ملے گا جس کی اس نے کوشش کی ہوگی۔ (النجم، 53 : 39)“\r\n\r\n(6) مزدور کا خیال رکھنا\r\nآج دنیا کا بڑا مسئلہ مزدور بنا ہوا ہے۔ انسانی دنیا میں بڑی تفریق مزدور کے حقوق کے حوالے سے پائی جاتی ہے۔ ایک طبقہ مزدو کو کلی حاکمیت دیتا ہے جبکہ دوسرا طبقہ برابر مزدور کا استحصال کرتا ہے۔ تاہم اسلام میں بہت واضح احکام ہیں۔ امام طبرانی نے ایک حدیث نقل کی ہے۔ علامہ ناصر البانی نے اس سے صحیح قرار دیا ہے۔ آپ ﷺ کا ارشاد ہے: ”مزدور کی مزدوری اس کے پسینے کے خشک ہونے سے پہلے ادا کرو۔“ ( طبرانی، المعجم الصغیر، 1 : 43، رقم : 34) یہ ہے مزدور کے ساتھ دلی اور واقعی ہمدردی۔\r\n\r\n(7) مفادِعامہ کو اِنفرادی مفادات پر ترجیح\r\nسیرت رسول ﷺ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ آپ ﷺ نے عامۃ الناس کے مفاد کو ذاتی و انفرادی مفاد پر ترجیح دی ہے۔ تاہم ذاتی حق ملکیت کی کبھی نفی نہیں کی۔ قرآن حکیم نے جہاں جہاں بھی انفاق فی سبیل اللہ کی ترغیب دی ہے، وہاں افراد معاشرہ کی ملکیت کو تسلیم کرتے ہوئے یہ ترغیب دی گئی ہے. قرآن کریم میں ہے: ”اور ان کے اموال میں سائل اور محروم (سب حاجت مندوں) کا حق مقرر تھا. (لذاریات، 51 : 19)“\r\nاسلام نے انفرادی حق و مفاد کو تسلیم کیا تاہم کسی فرد یا جماعت کو اسلامی ریاست میں یہ حق نہیں دیا جاتا کہ وہ ایسے معاشی مفاد کے حقوق کی مالک بنے جو عامۃ الناس کے مفاد کے خلاف ہو۔ ضرورت پڑنے پر خود رسول ﷺ نے اجتماعی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دیا ہے۔ اسلامی معیشت کے اس زریں اصول کی وضاحت اس حدیث سے ہوتی ہے۔ چنانچہ ابوداؤد میں ہے: ”حضرت ابیض بن حمال رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ وہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور مآرب میں نمک کی جو جھیل تھی، اس کو عطیہ کے طور پر مانگا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اجازت دے دی۔ ایک شخص نے یہ دیکھ کر عرض کیا یا رسول اللہ! آپ نے نمک کا ہمیشہ جاری رہنے والا خزانہ کیوں اس کے حوالے کر دیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کی اصل حقیقت سے آگاہی کے بعد واپس لے لیا اور دینے سے انکار فرما دیا۔“ (ابوداؤد، السنن، کتاب الخراج والامارۃ والفئی، باب فی قطاع الارضیین، 3 : 174، رقم : 3064)\r\nحدیث مبارکہ سے یہ اصول واضح ہوتا ہے کہ مفاد عامہ کے معاملے میں اسلام کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کرتا۔ آپ ﷺ نے کئی مقامات پر مفادعامہ کو ذاتی و مخصوص جماعت کے افراد پر ترجیح دی ہے۔\r\n\r\n(8) اِرتکازِ دولت کی مذمت و ممانعت\r\nرسول اکرمﷺ کی سیرت کا مطالعہ بتاتا ہے کہ آپ نے ارتکاز دولت کی ہر شکل کی مذمت اپنے قول و فعل دونوں سے فرمائی ہے. اپنی آسائشوں اور تسکین کے لیے مستحقین اور معاشرہ و ریاست کے مفلوک الحال لوگوں کی ضروریات کو مدنظر نہ کرکے دولت جمع کرنا ارتکاز مال کہلاتا ہے۔ شریعت نے اس طرح کے ناجائز ارتکاز مال کی کھلی ممانعت فرمائی ہے اور اس کو باعث عذاب شدید قرار دیا ہے۔\r\nقرآن کریم میں آتا ہے: ”اور جو لوگ سونا اور چاندی کا ذخیرہ کرتے ہیں اور اسے اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے تو انہیں دردناک عذاب کی خبر سنا دیں۔ (التوبہ، 9 : 34)“\r\nارتکاز دولت کی ممانعت اس لیے ہوئی کہ مال و دولت صرف مخصوص طبقات کے درمیان گردش نہ کرے بلکہ معاشرے کے تمام افراد مستفید ہوں۔\r\n\r\n(9) درخت لگانا اور کھیتی باڑی کی افادیت و اہمیت\r\nمعیشیت میں کھیتی باڑی اور درختوں کی اہمیت واضح ہے۔ درخت لگانا، کھیتی باڑی کرنا اسلام میں بہت عظمت اور افادیت کی بات ہے۔ ان سے نہ صرف انسانوں کو فائدہ پہنچتا ہے بلکہ جانوروں تک بھی پہنچتا ہے۔ صحیح مسلم میں روایت ہے: ”جو مسلمان درخت لگاتا ہے یا کھیتی باڑی کرتا ہے اور اس میں سے جانور یا انسان یا چوپائے اپنی خوراک حاصل کرتے ہیں تو یہ عمل اس (مؤمن) کے حق میں صدقہ بن جاتا ہے۔“ ( مسلم، الصحیح، کتاب المساقاۃ، باب فضل الغرس والزرع، 3 : 1189، رقم : 1553)\r\n\r\n(10) بنجر زمینوں کا آباد کرنا\r\nاسلام نے بنجر اراضی اور بڑے بڑے بیابان علاقوں کو زندہ کرنے اور کھیتی باڑی کے قابل بنانے کے عمل کو بہت اہمیت دی ہے۔ بنجر اور مردہ زمینوں کو آباد کرنے پر حق ملکیت تسلیم کیا گیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ”جس نے کسی مردہ زمین کو آباد کیا، وہ اسی کی ملکیت ہوگی۔“ (ابوداؤد، السنن، کتاب الخراج والامارۃ والفیئی ، باب فی خذ الجزیۃ، 3 : 178، رقم : 3073)\r\n\r\n(11) مستشرقین اور ان کے پیروں کا نقطہ نگاہ اور رسول اللہ کی معاشی زندگی\r\nآپ ﷺ کی معیشت کے حوالے سے عموما دو نقطہ نظر پائے جاتے ہیں۔ ایک مستشریق کا نقطہ نظر ہے اور ایک ان کے پیروکار جدید مسلم مؤرخین کا۔ ان دونوں کا خلاصہ یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا تعلق ایک کمزور معاشی طبقے سے تھا۔ اور سماجی طور پر بھی آپ کم شرف طبقے سے تھے۔ اس قسم کی خیالات کا اظہار ان کی کتب میں ملتا ہے۔ بطور مثال ڈی ایس مارگولیتھ کی کتاب محمد اینڈ دی رائز آف اسلام (مطبوعہ لندن) ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ تاہم مولانا شبلی نعمانی نے اپنی کتاب سیرت النبی اور دیگر مصنفین نے اس قسم کے خیالات کی سخت تردید کی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ ﷺ کے معاشی و اقتصادی افکار کی درست سمت میں تحقیق کی جائے تو بہترین اسلامی و اقتصادی اصول فراہم ہوسکتے ہیں۔ بڑی حد تک مسلم ریاستوں اور محققین نے یہ کام کیا بھی ہے۔\r\nعنفوان شباب پر قدم رکھتے ہی آپ ﷺ نے قریش کے نوجوانوں کی طرح تجارت کا مشغلہ اپنایا۔ آپ کی مکی زندگی کا ایک بڑا حصہ تجارت پر مشتمل ہے۔ بچپن ہی میں آپ ﷺ کے تجارتی اسفار یمن و شام کے ہوئے۔ پھر ام المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبری کے ساتھ مضاربت کے اصولوں پر کی جانے والی تجارت تاریخ کا ایک انمول باب ہے۔ یاد رہے کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا سامانِ تجارت لے کر شام جانے تک آپ بطور تاجر اپنی حیثیت مسلم اور اپنی مہارت و محنت اور ذہانت منوا چکے تھے۔\r\nاسی طرح ابتدائی دور ہجری میں آپ ﷺ کی معاشی و اقتصادی ضروریات کی تکمیل کا سب سے بڑا ذریعہ مکی و مدنی صحابہ کرام رضی اللہ عنہ کا ایثار بھرا ہدیہ و نذرانہ ہوتا تھا۔ اسی وسیلہ نے آپؓ اور آپؓ کے متعلقین اور اہل وعیال کے لیے تین بنیادی ضرورتوں روٹی، کپڑا اور مکان کی سبیل پیدا کی تھی۔ یہ ذہن میں رہے کہ یہ ایک ذریعہ ہی تھا، مگرآپ ﷺ کا ترکہ و وراثت، ازواجِ مطہرات کے اپنے اموال، خرید و فروخت اور تجارت، کافی حد تک کھیتی باڑی، زراعت و باغبانی اور مویشی پالنا، دستکاری، مال غنیمت وغیرہ، دوسرے وسائل ِ معاش تھے۔ ان سے آپ ﷺ اور اہل وعیال کی بنیادی ضروریات احسن طریقے سے پوری ہوتی تھیں۔ آپ ﷺ نے سادہ اور اعتدال کی زندگی اختیار کی، نہ مال و دولت کے انبار سے داد عیش دی نہ ہی زہد و فقر اختیار کر کے رہبانیت کا درس دیا۔ اعتدال آپ ﷺ کی پہچان ہے۔ نبوی معیشت اعتدال کے جادہ قرآنی پر مبنی تھی۔ فقر سے پناہ مانگی اور اسراف کی ممانعت فرمائی، اور صبر و شکر کی ترغیب دیتے ہوئے خود اس کا نمونہ بنے۔\r\n\r\nخلاصہ کلام\r\nسیرت رسول ﷺ اور احادیث سیرت کے عمیق مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ ﷺ کی معاشی و اقتصادی زندگی اور تعلیمات اور بنیادی تصورات اپنے معنی و مفہوم اور روح کے لحاظ سے پوری انسانی دنیا میں انفرادیت کے حامل ہیں۔ یہ وہ نظام ہے جو دیگر معاشی نظاموں سے ممتاز ہے اور نافذالعمل بھی ہے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کی ضمانت عطا کرتا ہے۔ یہ بات واضح ہونی چاہیے کہ ایسے بنیادی ڈھانچے کے قیام میں حقیقی رکاوٹ وہ سماجی اور معاشی ناانصافیاں ہیں جو جاگیردارانہ، سرمایہ دارانہ اور کمیونزم و اشراکیت کے نظام کی خصوصیات ہیں اور جنہوں نے انسانی سماجی زندگی میں دولت کے غلط و بےجا ارتکاز، اور اسی طرح جائز حق ملکیت سے محرومی اور فرد کی پیداواری قوت کی لوٹ کھسوٹ کی شکل میں سر اٹھا رکھا ہے، اور جو وسیع پیمانہ پر بددیانتی، بددلی اور مایوسی پیدا کر رہی ہیں۔ اس کے مقابلے میں آپ ﷺ کے عطا کردہ معاشی اصولوں اور رہنمائی کے مطابق حصول رِزق اور حق معاش میں سب انسان برابر ہیں۔\r\n\r\nبدقسمتی سے آج مملکت خداداد پاکستان کی معیشت پر قابض دولت مند طبقہ نے 20 کروڑ لوگوں کے انحطاط پذیر سماجی ڈھانچے میں اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں۔ اسلام اس کی اجازت قطعا نہیں دیتا۔ اگر اسلام نے افراد کی آمدنی اور نجی ملکیت میں تفاوت کی اجازت دی بھی ہے تو اس میں ان کی صلاحیتوں اور قابلتیوں کو مدنظر رکھا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی و مذہبی دہشت گردی کے ساتھ معاشی دہشت گردی کا بھی تعلیمات نبوی ﷺ کی روشنی میں خاتمہ کیا جائے۔\r\n

Comments

امیر جان حقانی

امیر جان حقانی

امیرجان حقانیؔ نے درس نظامی کے علاوہ کراچی یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور جامعہ اردو سے ماس کمیونیکشن میں ماسٹر کیا ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اسلامی فکر، تاریخ و ثقافت کے ایم فل اسکالر ہیں۔ پولیٹیکل سائنس کے لیکچرار ہیں۔ ریڈیو پاکستان کے لیےپانچ سال سے مقالے اور تحریریں لکھتے ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.