گوادر سے کارگو چلتا ہے، بھارت جلتا ہے - میر محسن الدین

جب گوادر سے پہلا تجارتی جہاز بین الاقوامی منڈیوں کی جانب چلا تو عجب خوشی کا سماں دل پہ طاری تھا، کچھ الگ ہی طرح کی طمانیت کا احساس نے دل کو آلیا. روشن صبح کے آثار واضح دکھائی دیے اور خواب کو حقیقت کا روپ ملنے پر سر بلند و برتر رب کریم کے آگے بے ساختہ جھکتا گیا. یہ ہمارے لیے فتح اور دشمن کی بدترین شکست تھی. گو کہ اب بھی آگے ہم نے چیلنجوں کو قبول کرتے ہوئے بہت کچھ کرنا ہے مگر یہ یقینی طور ایک بڑا سنگ میل پاکستان نے عبور کیا جو دشمن کو کسی صورت برداشت نہ تھا. پہلے میگا پائلٹ ٹریڈ کارگو کی روانگی سے ایک دن پہلے دہشت گردی کروا کے حوصلے پست کرنے اور روکنے کی کوشش کی گئی مگر یہ تدبیر بھی کارگر ثابت نہ ہوسکی اور پاکستان نےگوادر سے بین الاقوامی منڈیوں میں باقاعدہ انٹری دے دی. سی پیک پراجیکٹ کی اہمیت و اثر انگیزی سے دنیا خوب آگاہ ہے اور دشمن اس سے ہر پل بے چین، خطے اور بہت سے باہر ملکوں کو خوشحالی اور ترقی پر گامزن کرنے والے اس منصوبے کو روکنے کے لیے دشمن نے کیا کیا چال نہیں چلی، دہشت گردی خانہ جنگی کے کیا کیا منصوبے نہیں بنائے مگر اب حالات یہی بتا رہے ہیں کہ دشمن کی سب چالیں، منصوبے اور تدبیریں الٹنے والے ہیں اور ان کو ناکامی و نامرادی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آنے والا. سی پیک کی تکمیل اب ایک زندہ حقیقت بن چکا.\n\nیہ بلاشبہ بہت اہم اور قومی منصوبہ ہے اور قوموں کی زندگی میں اپسے مواقع بہت کم آتے ہیں لہذا ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اس پر ذمہ دار انداز اپنا چاہیے، کسی صوبے کے اس حوالے سے معقول تحفظات ہیں تو وفاقی حکومت کو ان کو دور کرنے کی سنجیدہ سعی کرنی چاہیے اور قومی منصوبے پر اپنی سیاست چمکانے کی بھی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے. یہ بھی ماننا پڑے گا کہ سی پیک پراجیکٹ کی تکمیل میں پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا بنیادی رول ہے.\n\nگوادر کے باقاعدہ آپریشنل اور بین الاقوامی منڈیوں سے کنیکٹ ہونے کے بعد بھارت کو بڑی آگ لگی اور اسی جلن سے مجبور ہوکر بھارتی فوج نے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کرکے تازہ کشیدگی چھیڑ دی. ہمارے 7 جوانوں نے شہادتیں پیش کیں جبکہ اس کے بعد پاک فوج کے دندان شکن جواب میں کئی بھارتی مورچے تباہ اور درجنوں فوجیوں کو نرگ کا ٹکٹ تھمایا جاچکا- یہاں بھی بھارت کو بھاری مالی و جانی نقصان اٹھانا پڑا- بھارت کی شرارت کا منہ توڑ اور پوری قوت سے جواب دینے کے سلسلے میں خیرپور میں رعد البرق کے نام سے پاک بھارت بارڈر کے قریب پاک فوج اور پاک فضائیہ کے شاندار مشقیں بھی ہوئیں جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور وزیر اعظم شریک رہے. مشقوں میں جوانوں نے ملک کی حفاظت کے جذبے ساتھ بہترین پیشہ وارانہ صلاحیت اور مہارت کا مظاہرہ کیا. جنرل راحیل شریف نے جوانوں کے ساتھ نعرے بھی بلند کیے اور بھارت کو اپنی بیداری، تیاری اور ہر آپشن استعمال کرنے کا پرزور پیغام دیا.\n\nپاکستان ایک پر امن اور روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے. بین الاقوامی منڈیوں اور ملکوں پر اثر و رسوخ کے ساتھ ایک اہم طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے اور خطے میں بجا طور ایشین ٹائیگر بننے کی طرف گامزن ہے. مودی سرکار کی انتہاپسند ذہنیت، تنگ نظری اور مسلم دشمنی کے باعث خطے کا ماحول بگاڑنے والا طرز عمل خود مودی بھی کو لے ڈوبے گا.

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com