سیاسی حمام اور لولی پاپ کی سیاست – نورین تبسم

رزق کی تعریف بہت وسیع ہے۔ رزق حلال بھی ہوتا ہےاورحرام بھی۔ رزق محنت سے کمایا جاتا ہے تو مال مفت یا مالِ غنیمت کی طرح بےدریغ لٹایا بھی جاتا ہے۔ جو مل جائے اس پر قانع بھی رہا جاتا ہے اور جتنا ملتاجائے، طلب کبھی کم نہیں ہوتی، ہوس کا روپ دھارتی بڑھتی جاتی ہے۔\n\0\nرزق مالک کی عطا ہے تو بھوک انسان کے کردار اور اُس کی حیثیت کا تعین کرتی ہے. زیادہ تر بھوکے ایسے ہیں جن کے پیٹ بھرے ہیں۔ اور سب سے زیادہ غریب وہی ہیں پیسہ جن کے ہاتھ کا میل ہے۔ یہی تضاد اکثر کون امیر؟ کون غریب؟ کی الجھن میں مبتلا بھی کر دیتا ہے۔\n\nبحیثیت قوم خالی پیٹ، ننگے، جاہل، عوام کی بھوک ہمارا مسئلہ نہیں، بلکہ بھرے پیٹ کے پڑھے لکھے افراد کی ہوس اصل فساد کی جڑ ہے۔ عام عوام کی بھوک اگر اخلاقی گراوٹ کی حدوں کو چھو کر قابلِ نفرین اور خلاف خرق اعمال و عادات کو جنم دیتی ہے تو طبقہ اشرافیہ کی بےمہار لوٹ مار اُن کی اپنی نسلوں کو حرام کی کمائی وراثت میں دے کر اُن کی رگوں میں نُطفہ حرام داخل کر دیتی ہے۔ ناسمجھ لوگ نہیں جانتے کہ حرام کا لقمہ وہ گناہ ِجاریہ ہے جو خون میں گردش کر کے اُس کے ثمرات نسلوں تک پھیلا دیتا ہے۔ مہذب اقدار کے حامل بھی اپنی ”عقل“ کی شہادت کی بنیاد پر اس بہتی گنگا سے ہاتھ دھوئے بغیر نہیں رہ پاتے۔\n\nیہ سیاست دان سب کے سب ہر قسم کی شرم یا کسی بھی قسم کے ڈر خوف کا لباس اتار کر ہی سیاست کے اس شرم ناک حمام میں داخل ہوتے ہیں، اور بخوبی جانتے ہیں کہ ہم عام عوام ہوں یا پڑھے لکھے دانشور، سب کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہیں، بس ان کا رنگ اور ڈھنگ مختلف ہے، کسی کی آنکھ پر جہالت کی ہے تو کہیں مصلحت کی، کسی کی آنکھ لالچ و ہوس کی چکاچوند سے بند ہوتی ہے تو کوئی اپنی بزدلی کو قناعت کی بوسیدہ کترنوں میں چھپاتا ہے، اور میڈیا ”سیاہ ست“ دانوں کے لیے ان پٹیوں کی فروخت کا قابل اعتماد چرب زبان ”۔۔۔۔“ ہے۔ اس خالی جگہ کے لفظ کے لیے کسی ”دلیل“ کی ضرورت نہیں۔ روٹی روزی کی خواری میں ریٹنگ کا عذاب جھیلتے چرب زبان اینکرز عوام کے سامنے لفظوں کی بُل فائٹنگ میں مصروف ہیں۔ آنکھیں پھاڑے عام عوام نہیں جانتے کہ وہ تماش بین نہیں تماشا ہیں، کٹھ پُتلیاں ہیں اور اُن کے ہاتھوں میں جن کی اپنی ڈوریاں کسی اور کے پاس ہیں۔آج کل کی میڈیا سیاست میں نئے سے نئے الفاظ میں مخالف کو زیر کرنا شام کی سب سے بڑی تفریح ہے۔ ایسا ہی ایک لفظ ”سونامی“ ہے، جو بظاہر ایک استعارے کے طور پر لیا جا رہا ہے جبکہ حقیقی معنوں میں سونامی ایک بھیانک سمندری طوفان ہے جو جمی جمائی بستیاں پل میں اُجاڑ دیتا ہے۔ ہمارے یہاں سونامی کے آنے جانے کا یوں ذکر ہوتا ہے جیسے کوئی معزز مہمان آنے والا ہے جو ہمارے سارے دکھ درد دورکر دے گا۔ دکھ ہے تو صرف یہ کہ آج ہم اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ معاشی معاشرتی استحصال تو برسوں سے جاری تھا، اب ہمارا جذباتی استحصال بھی شروع ہو چکا ہے بلکہ استحصال تو بہت معمولی لفظ ہے، یہ سیاست دانوں اور اہلِ اقتدار کی ہم عوام کے ساتھ ایک ایسی ”اجتماعی زیادتی“ ہے جس نے نہ صرف ہم عوام بلکہ ہر طبقے میں سے باشعور اور پڑھے لکھے مراعات یافتہ، قانون دانوں اور وردی والوں کو بھی چپ لگا دی ہے۔ درد مند لکھنے والوں کو پڑھ کر وہ فلسطینی یاد آتے ہیں جو پتھر مار کرٹینک کا مقابلہ کرتے دکھائی دیتے تھے اور کبھی کتابوں میں پڑھے بھاپ اڑاتے مشترکہ حمام کی مثال صادق آتی ہے جہاں جسمانی غلاظت جتنی اُترتی ہے اُس سے دُگنا جذب ہو جاتی ہے۔\n\nایک سوال اکثر پوچھا جاتا ہے کہ سیاسی شخصیت نے قوم کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا شعور دیا؟ اس کے جواب میں بےساختہ دل سے نکلتا ہے کہ ملک کو بری طرح لوٹنے والا ہر ”برا“ سیاست دان قوم کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا شعور دیتا ہے لیکن یہ آواز ہم عام عوام کے اپنے کانوں تک بازگشت کی صورت چکر کاٹ کر مایوسی کے بھنور میں ڈوب جاتی ہے۔ ستم یہ ہے کہ ”اچھا“ سیاست دان اس آواز کو کیچ کر لیتا ہے اور اسے اپنے ذاتی ریڈیو کی فریکوئنسی پر سیٹ کر کے ”دمادم مست قلندر“ کے نعرے بلند کرتا ہے۔ اور پھر اُڑن چھو ہو جاتا ہے۔ اور ہم بعد میں ایک دوسرے سے یہی سوال پوچھتے رہ جاتے ہیں۔\n”کس سیاسی شخصیت نے قوم کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا شعور دیا؟“\n\nہم عوام ہمیشہ سیاست دانوں کی لچھے دار باتوں میں آ جاتے ہیں۔ اُن کے دعوے ہمیشہ ریت کی دیوار ہی ثابت ہوئے ہیں، ترقی و خوشحالی کے لولی پاپ دکھاتے ضرور ہیں لیکن اقتدار میں آ کر صرف ان کے ریپرز ہی بانٹتے ہیں اپنے پوسٹرز کی طرح۔ ستم یہ ہے کہ ہمارے سامنے بڑے مزے لے کر یہ لولی پاپ نہ صرف ہضم کر جاتے ہیں بلکہ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ہمارا سرمایہ چھین کر محفوظ کر لیتے ہیں، نہ جانے کس کس قماش کے سوئس بنکوں میں کہ جن کے پاس ورڈ اکثر یہ خود بھی بھول جاتے ہیں. آنکھ کے اندھوں کے پاس تو پھر بھی ایک عذرِلنگ ہو لیکن اصل پکڑ دل کے اندھوں کی ہو گی۔ جو صرف اور صرف پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے وہ بھی صرف ”چند گھنٹوں“ کی ناکام کوشش کی خاطر ہمیشہ کے خسارے کا سودا کرتے ہیں۔ دُکھ لوٹنے والوں کا نہیں بلکہ افسوس یا جھنجھلاہٹ بحیثیت عوام اپنے کردار پر بھی ہے۔ ان لٹیروں کو ہم خود ہی تو آگے آنے کا موقع دیتے ہیں۔کہنے کی حد تک ہم تماش بین قوم تھے لیکن اب ثابت ہوگیا کہ ہمارے سیاست دان تو تماش بین سے بھی ایک درجہ بڑھ گئے۔ تماش بین تو پھر بھی ”مرد“ ہوتے ہیں جو سیڑھیاں چڑھ کر وقتی لذت کی تلاش میں جاتے ہیں۔ ہمارے کرتا دھرتا تو طاقت کے نشے میں دُھت اور دولت کی ہوس میں مبتلا ہو کر ”تالیاں پیٹنے والوں“ سے بھی گئے گزرے نکلے، اُن کا ہاضمہ تو مردار خوروں اور ویمپائر سے بھی بڑھ کر ہے، دنوں میں سب بنا ڈکار کے اندر اتر کر غائب لیکن غلاظت کا نکاس نہ ہونا سب اچھا ہے کی دلیل ہرگز نہیں، یہ آنے والی نسل کی ذہنی بلوغت کے لیے لمحۂ فکریہ ہے جس سے ہم نے کبوتر کی طرح آنکھ بند کر رکھی ہے۔\n\nسیاسی قلابازیاں اور بیماریاں۔\nسیاسی حمام میں ”غسلِ صحت“ کے مزے لوٹنے والے جب طاقت کے حصار سے نکلتے ہیں یا نکال دیے جاتے ہیں تو فوراً ہی ایسے جان لیوا روگ میں مبتلا ہو جاتے ہیں جس کا علاج وطنِ عزیز میں ممکن نہیں ہوتا۔ ستم یہ کہ ملی بھگت سے جیسے ہی باہر قدم رکھتے ہیں، بیماری کا نام و نشان تک غائب ہو جاتا ہے۔ بیماری چاہے ذہنی ہو یا جسمانی انسان کی سوچ پر اثرانداز ہوتی ہے اور بیمار شخص اس بیماری کے ہاتھوں مجبور ہو جاتا ہے کہ اسے اس سے آگے کچھ نہیں دکھتا۔ پھر ہم کیوں اپنے ”راہ نماؤں“ کو الزام دیتے ہیں۔جائز ناجائز سے قطع نظر اپنی زندگی کی خواہش سے ہی تو دوسری زندگیوں سے اُن کا آب حیات کشید کرنے کی خواہش جنم لیتی ہے۔ کوئی اس کے لیے اپنی نسل میں حرام کے تخم کی آمیزش کرتا ہے تو کوئی خاموشی سےعلم وآگہی کی خوشبو رگوں میں آتار کر آنے والوں کے لیے نشان منزل کی بنا رکھتا ہے۔\n\nآج تم یاد آئے اور بےحساب یاد آئے۔۔\n”پاکستان کو ان پڑھوں سے زیادہ پڑھے لکھوں نے نقصان پہنچایا ہے.“ جناب اشفاق احمد کی یہ بات جی چاہتا ہے بڑے بڑے چوراہوں پر آویزاں کی جائے۔

Comments

FB Login Required

نورین تبسم

جائے پیدائش راولپنڈی کے بعد زندگی کے پانچ عشرے اسلام آبادکے نام رہے، فیڈرل کالج سے سائنس مضامین میں گریجویشن کی۔ اہلیت اہلیہ اور ماں کے سوا کچھ بھی نہیں۔ لکھنا خودکلامی کی کیفیت ہے جو بلاگ ڈائری، فیس بک صفحے کے بعد اب دلیل کے صفحات کی جانب محوِسفر ہے۔

Protected by WP Anti Spam