ہوم << سمجھ میں نہ آنے والی باتیں - محمد عامر خاکوانی

سمجھ میں نہ آنے والی باتیں - محمد عامر خاکوانی

ویسے تو مجھے کئی باتیں بالکل سمجھ نہیں آ رہیں، اسی وجہ سے خاموش رہا کہ شائد زیادہ دانشمند لوگ ان کی حکمت جان پائیں ہوں گے۔ ویسے تو مجھے وائٹ ہاوس میں ہونے والی مشہور زمانہ ملاقات کی سمجھ بھی نہیں آئی کہ مدعو کیوں کیا گیا، جانے والے کیوں گئے، وہاں کیا ہوا وغیرہ وغیرہ۔ مگر خیر چلیں اسے چھوڑ دیتے ہیں کہ بہرحال پاکستان کو کچھ فائدہ بھی اس سے ملنے کا امکان ہے۔

مجھے یہ بات ٹھیک سے سمجھ نہیں آئی کہ پاکستان نے اتنے اتاولے پن میں صدر ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لئے کیوں نامزد کر دیا۔ یہ ظاہر ہے اخلاص پر مبنی نہیں تھا، ایک موو تھی، ایک چال ہی تھی کہ شائد اس بہانے ایران پر حملہ رک جائے، مگر کیا واقعی پاکستانی حکمران اور فیصلہ ساز یہ سمجھتے تھے کہ اتنی آسانی سے یہ معاملہ ختم ہوجائے گاَ؟ کیا انہیں لگتا تھا کہ ٹرمپ صدر نوبیل انعام کی لالچ میں چپکا بیٹھا رہے گا اور امریکہ میں طاقتور ترین پرو اسراہییل لابی خاموش بیٹھی تماشا دیکھتی رہے گی؟

کیا ہم سمجھتے تھے کہ جنہوں نے ایران پر حملہ کیا اور پھر غیر متوقع طور پر ایرانی جواب میں اتنا نقصان بھی اٹھایا ، کیا وہ اس ایجنڈے کو نامکمل چھوڑ دیں گے؟ لگتا ہے کہ پاکستانی مقتدر قوتوں اور فیصلہ سازوں نے امریکہ اور اسراہیہل کو انڈر ایسٹیمیٹ کیا۔ مجھے لگتا تھا کہ امریکہ بچنے کی کوشش تو کر رہا ہے مگر اسے کسی نہ کسی مرحلے پر مداخلت کرنا پڑے گی اور وہ نیوکلیئرتنصیبات پر بمباری ضرور کرے گا، کیونکہ اس کے بغیر فردو میں نقصان پہنچانا ممکن نہیں تھا۔ اپنے گزشتہ کالم میں یہی خدشہ ظاہر کیا۔ بدقسمتی سے وہی ہوا۔

دوسری بات جو مجھے بالکل سمجھ نہیں آ رہی کہ امریکہ نے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے نہایت قابل مذمت، شرمناک کام کر دیا۔ ایرانی نیوکلیئر تنصیبات پر شدید بمباری کر دی۔ امریکہ نے اعلان کیا کہ ہم نے انہیں مکمل تباہ کر دیا ہے۔

اب ایران کی جانب سے اس کی بار بار تردید کیوں کی جا رہی ہے ؟ اگر ایران کی تنصیبات مکمل تباہ نہیں ہوئیں، ایرانیوں نے کمال ہوشیاری سے افزودہ یورینئم کہیں اور شفٹ کر دی تھی، جیسا کہ وہ اب کہہ رہے ہیں تو پھر وہ اس کا اعلان کیوں کر رہے ہیں؟ انھیں تو خوش ہونا چاہیے کہ امریکہ بے وقوف بن گیا ہے اور سب کچھ تباہ کرنے کا دعویٰ کر رہا ہے جبکہ ان کے پاس تو افزودہ یورینئم موجود ہے اور مستقبل میں وہ کسی بھی وقت اپنے ٹارگٹ یعنی نیوکلیئر بم بنانے کی طرف جا سکتے ہیں۔

ایران تو بار بار امریکہ کو بتا رہا ہے کہ بھائی صاحب آپ کو غلطی لگی ہے، آپ نے اپنا ایجنڈا مکمل نہیں کیا، آپ کا کام ابھی رہتا ہے۔ ہم سیانے بن کر اصل چیزیں ہٹا چکے تھے، اس لئے اب دوبارہ آ کر انہیں بھی تباہ کرو۔ کیا ایرانی واقعی یہی چاہتے ہیں ؟ کیا ایرانی واقعی اتنے جذباتی، اتنے بے وقوف ہیں ؟ یہ بات میرے ذہن میں فٹ نہیں بیٹھ رہی ۔ ایسا کون کرتا ہے یار ؟

خود رہبر انقلاب خامنائی صاحب کے قریبی مشیر جن کی موت کی خبر پہلے چل گئی تھی، اب تردید ہوگئی ، انہوں نے بیان جاری کیا ہے کہ ایران کی افزودہ یورینئم محفوظ ہے ۔ ایسا کیوں کہا جا رہا ہے؟کسی سمجھدار دوست کو اس کا کارن یا سبب سمجھ آئے تو پلیز کمنٹس میں مجھے بھی سمجھا دیجئے گا۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ امریکی حملے کامیاب رہے، ایرانی نیوکلیئر تنصیبات تباہ ہوگئیں، افزودہ یورینیم بھی، تابکاری البتہ اس لیے ظاہر نہیں ہوئی کہ یہ سب کچھ بہت نیچے ، بہت گہرائی میں تھا، اگر کئی سو میٹر نیچے گہرائی میں یہ موجود تھا تو ممکن ہے تابکاری باہر نہ آ ئے۔

ایسا تو نہیں کہ ایرانی قیادت یورینیم محفوظ ہونے کا عذر اس لیے پیش کر رہی ہے تاکہ ایرانی عوام ناراض ہو کر مطعون نہ کرنا شروع کر دیں۔ یا انھیں لگ رہا کہ شکست خوردگی کا تاثر نہ ملے۔ اگر ایران کی یورینیم واقعتاً بچ گئی ہے، ان کی کہیں اور خفیہ نیوکلئیر تنصیبات موجود ہیں جو تباہی سے محفوظ رہ گئی ہیں تو وہ اس بارے میں خاموش رہیں۔ ان حملوں پر اپنا احتجاج ضرور کرتے رہیں، جوابی حملے بھی کریں، جو جی میں آتا ہے کریں، مگر ان دعووں سے تو امریکی بمبار طیارے دوبارہ سے حملہ آور ہوں گے، چند مزید ٹھکانوں کو تباہ کر دیں گے، اس تباہی کو تو دعوت نہ دی جائے۔