ہوم << دوست کیسے جیتیں، لوگ کیسے متاثر کریں؟ تنویر گھمن

دوست کیسے جیتیں، لوگ کیسے متاثر کریں؟ تنویر گھمن

آپ کے اردگرد کچھ لوگ ضرور ایسے ہوں گے جو دوسروں کے دلوں میں فوراً جگہ بنا لیتے ہیں۔ ان کے ساتھ وقت گزارنا ایسا لگتا ہے جیسے آپ کسی خوشبو دار باغ میں بیٹھے ہوں۔ ان کی باتوں سے سکون ملتا ہے۔ لوگ ان کی طرف قدرتی طور پر کھنچتے چلے جاتے ہیں۔ وہ جس دروازے پر دستک دیتے ہیں، کھل جاتا ہے ۔

کیا یہ کوئی پیدائشی صلاحیت ہے یا ہنر جو کوئی بھی سیکھ سکتا ہے؟ تو خوشخبری یہ ہے کہ یہ ایک آرٹ ہے جسے کوشش سے کوئی بھی سیکھ سکتا ہے۔ ہماری آج کی کتاب اس موضوع پر ایک کلاسک کی حیثیت رکھتی ہے ۔ میں شرط لگا سکتا ہوں یہ کتاب پڑھنے کے بعد انسانی تعلقات کے بارے میں آپ کی سوچ بدل جائے گی۔

یہ کتاب 1936 میں پہلی بار شائع ہوئی اور آج بھی لاکھوں دلوں پر راج کر رہی ہے، انسانی تعلقات کے فن کو آسان، دلکش اور مؤثر طریقے سے بیان کرتی ہے۔ چاہے ذاتی زندگی ہو ، جاب ، بزنس یا کیریئر ، کامیابی کا سب سے اہم جزو تعلقات ہیں۔ لوگ آپ کے علم، صلاحیت یا قابلیت کو اتنا یاد نہیں رکھتے جتنا وہ آپ کے برتاؤ اور ان کے ساتھ آپ کے تعلق کو یاد رکھتے ہیں۔ یہ کتاب ڈیل کارنیگی کی مشہور کتاب How to Win Friends & Influence People ہے۔

کارنیگی کا پہلا اصول نہایت سادہ لیکن جادوئی ہے: "دوسروں میں حقیقی دلچسپی پیدا کریں۔" لوگ ہمیشہ چاہتے ہیں کہ انہیں اہمیت دی جائے، ان کی بات سنی جائے، اور ان کے خیالات کو تسلیم کیا جائے۔ جب آپ کسی کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ وہ آپ کے لیے اہم ہے ، تو وہ قدرتی طور پر آپ کے قریب آ جاتے ہیں۔ یہ تعلقات کی بنیاد ہے، جس ہر کامیاب رشتے کی عمارت کو کھڑی ہوتی ہے۔ دوستی کیا ہے؟ اہمیت دینا، دلچسپی دکھانا ۔ محبت کیا ہے؟ توجہ دینا، اہمیت دینا۔

سچی مسکراہٹ کا جادو بھی اس کتاب میں بار بار بیان کیا گیا ہے۔ مسکراہٹ وہ بین الاقوامی زبان ہے جسے دنیا کا ہر انسان سمجھتا ہے یہ زبان دلوں کے فاصلے مٹاتی ہے۔ دلوں کے ناقابلِ تسخیر فلعے مسکراہٹ کی ہلکی سی دستک سے اپنے دروازے کھول دیتے ہیں ۔ مسکراہٹ نہ صرف آپ کی شخصیت کو دلکش بناتی ہے بلکہ دوسروں کو آپ کی طرف کھینچنے کا سب سے آسان اور مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

مصنف کے بقول لوگوں کے دلوں پہ راج کرنے کا ایک دلچسپ اصول یہ ہے کہ لوگوں کے نام یاد رکھیں۔ ہر انسان کے لیے اس کا نام سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے۔ جب آپ کسی کو اس کے نام سے مخاطب کرتے ہیں، تو یہ نہ صرف عزت کا اظہار ہوتا ہے بلکہ یہ بھی کہ وہ آپ کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ چھوٹا سا عمل بڑے اثرات پیدا کرتا ہے۔ تو لوگوں کے نام یاد رکھیں اور انہیں ان کے پسندیدہ نام سے مخاطب کریں ۔

ایک اور شاندار اصول، جو واقعی آپ کے تعلقات کو بدل سکتا ہے، وہ یہ ہے کہ دوسروں کی بات سننے کی عادت ڈالیں۔ اکثر لوگ صرف بولنے پر توجہ دیتے ہیں اور جب خاموش ہوتے ہیں تو اپنی باری کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔ اور کچھ تو دوسروں کی بات کاٹ کر اپنی کہانی شروع کر دیتے ہیں۔ لیکن جو لوگ سننے کا فن جانتے ہیں، وہ دوسروں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ جب آپ کسی کی بات کو توجہ سے سنتے ہیں، تو وہ یہ محسوس کرتا ہے کہ آپ اس کی رائے کی قدر کرتے ہیں، اور یہی چیز آپ کے تعلق کو گہرا اور مضبوط بناتی ہے۔

کارنیگی کا ایک زبردست مشورہ یہ بھی ہے کہ دوسروں سچی ، پْرخلوص تعریف کریں۔ جب آپ کسی کی تعریف کرتے ہیں یا اس کے خیالات کو تسلیم کرتے ہیں، تو آپ اس کے دل میں جگہ بناتے ہیں۔ یہ تعریف مصنوعی یا جھوٹی نہیں ہونی چاہیے، بلکہ مخلص ہونی چاہیے۔ مخلصانہ تعریف لوگوں کو خوشی دیتی ہے اور آپ کے تعلقات کو گہرائی دیتی ہے۔

کارنیگی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دوسروں کو متاثر کرنے کے لیے تنقید سے گریز کریں۔ اگر آپ کسی کی غلطیوں کو نرمی سے درست کرتے ہیں اور انہیں شرمندہ کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، تو وہ آپ کی عزت کرنے لگتے ہیں۔ اسی طرح، اپنی غلطیوں کو فراخدلی سے قبول کرنا بھی انسانی تعلقات کی سائنس میں بہت اہمیت رکھتا ہے ۔اگر آپ اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں، تو یہ آپ کو ایک قابل اعتماد اور دلکش شخصیت بناتا ہے۔

How to Win Friends and Influence People کا سب سے بڑا پیغام یہ ہے کہ زندگی میں کامیابی کے دروازے ان تعلقات سے کھلتے ہیں جو آپ بناتے ہیں۔ تعلقات نہ صرف آپ کی ذاتی زندگی کو خوبصورت اور خوشگوار بناتے ہیں بلکہ آپ کے کیریئر کو بھی کامیابی کی بلندیوں تک لے جاتے ہیں۔

یہ کتاب ایک یاد دہانی ہے کہ دوسروں کے دل جیتنا محض باتوں کا کھیل نہیں بلکہ ایک آرٹ ہے ، یہ ایک ہنر ہے ، ایک سکل ہے۔ جو ہر کوئی سیکھ سکتا ہے۔ اگر آپ دوسروں کے دلوں میں جگہ بنانا چاہتے ہیں، اپنی شخصیت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، اور کامیاب تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، کامیابی ، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں تو یہ کتاب آپ کے لیے ایک خزانہ ہے۔
تنویر گْھمن ۔

Comments

Avatar photo

تنویر گھمن

تنویر گھمن مصنف، ماہر تعلیم، اور ٹیچرز ٹرینر ہیں۔ شعبہ تعلیم میں دو دہائیوں سے سرگرم ہیں، اور تدریسی اصلاحات، سیکھنے کے جدید طریقوں اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی پر کام کر رہے ہیں۔ بطور مصنف انھوں نے ذاتی کامیابی اور سیلف ہیلپ کے موضوع پر پچھلے سو سالوں میں لکھی جانے والی 100 سب سے مؤثر کتابوں کو اردو قارئین کے لیے 5 منٹ کی آسان تحریروں میں پیش کرنے کا منفرد سلسلہ شروع کیا ہے۔ اس کا مقصد عالمی سطح پر مشہور کتابوں کی اہم ترین باتوں کو سادہ اور آسان انداز میں پیش کرنا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ذاتی بہتری، کامیابی اور ذہنی نشوونما کے اصولوں سے استفادہ کر سکیں۔

Click here to post a comment