جلدی سے مجھے میرا بیگ دے دیں، مجھے دیر ہو رہی ہے۔ میرے بیٹے نے دروازہ پر کھڑے اپنے جوتے پہنتے ہوئے مجھے آواز دی۔ وہ اسکول جانے کی جلدی میں تھا۔ آج غالباً اس کے سکول میں ایک تقریری مقابلہ تھا۔جس میں شرکت کے لیے اس نے بہت تیاری کر رکھی تھی۔ میں جلدی سے اس کا بیگ لائی اور اس کو تھماتے ہوے دعائیں دیں۔ وہ جاتے جاتے ایک دم پیچھے کی طرف مڑتے ہوئے بولا۔ماما دعا کرنا میری کوئی پوزیشن آئے، مجھے صرف Participation Certificate نہیں چاہیے۔ میں نے پوچھا کیا مطلب؟ اس نے کہا واپس آ کر بتاؤں گا۔
اس کے جانے کے بعد میں گھر کے کاموں میں مصروف رہی۔ اتنے میں اس کے آنے کا وقت ہو گیا۔واپسی پر وہ بہت خوش تھا کیونکہ وہ دوسرے نمبر پر جیت گیا۔ اس نے دوسری پوزیشن کا سر ٹیفکٹ میرے ہاتھ میں تھماتے ہوئے پرجوش انداز میں کہا ماما میں بہت خوش ہوں کیونکہ میری پوزیشن آئی ہے. بھلے دوسری مگر مجھے صرفParticipation Certificate نہیں ملا۔میں نے اشتیاق سے پوچھا کہ کیا مطلب؟وہ کہنے لگا، دیکھیں ماما جب آپ کسی مقابلے میں حصہ لیتے ہیں تو دو طرح کے سر ٹیفکٹ آپ کو ملتے ہیں۔ایک امتیازی یعنی پوزیشن پر لیا گیا اور دوسرا صرف حصہ لینے کا مطلب Participation ،جس کا مطلب ہے کہ آپ کی کوئی پوزیشن نہیں. مگر صرف اس مقابلے میں شریک ہونے کی وجہ سے آپ و یہ ملا ہے۔ماما یہ دوسرا والا سر ٹیفکٹ مجھے با لکل اچھا نہیں لگتا۔میں نے پوچھا کیوں بیٹا کم از کم وہ آپ کو شمولیت پر آپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آپ کو یہ دیتے ہیں، مجھے یہ کافی خوش آئند اقدام لگتا ہے۔میں جو بہت انہماک سے اس کو سن رہی تھی اس کی بات کو روک کر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا۔اس پر وہ منہ بسور کر بولا نہیں ماما، یہParticipation Certificate مجھے ہمیشہ یاد کرواتا ہے کہ میں نے کسی مقابلے میں صرف شمولیت اختیار کی تھی، مگر میں اپنا بہترین کردار ادا کرنے میں ناکام رہا،اور تماشائیوں کی طرح صرف تالیاں بجاتا رہا ،جبکہ میں تو مقابلے کا اہل تھا نہ کہ صرف تماشائی ، جو صرف دیکھنے آئے تھے ان میں اور مجھ میں پھر کیا فرق رہا؟
میں اس کے سوچنے کے انداز پر بہت حیران ہوئی. اس کی بات مکمل ہوئی تو میں نے کہا کہ بیٹا ہار جیت تو زندگی کا حصہ ہیں، کبھی پوزیشن اور کبھی صرف شمولیت۔اس پر اس نے کہا کہ ماما جب آپ اہل ہیں توا سٹیج پر موجودہیں، آپ میں اہلیت تھی تو آپ وہاں تک گئے ، ورنہ آپ بھی تماشائیوں کی طرح تالیاں بجاتے۔ اب وہاں گئے ہیں تو میں پوزیشن سرٹیفکٹ ہی لاؤں گا اپنا سو فیصد دے کر۔اس کا عزم دیکھ کر میرے دل سے اس کی کامیابی کے لیے بہت دعائیں نکلیں۔
بعد ازاں میں نے سوچا کہ زندگی میں ہم نے اس بات پر کبھی غور کیا کہ ہم یہاں صرف شمولیت کا سر ٹیفکٹ لینے آئے ہیں، اللہ سبحانہ تعالیٰ کے سامنے کوئی امتیازی پوزیشن نہیں لینی؟ مگر کیا یہ اتنا آسان ہے؟ ہر مکمل اور اچھی چیز کا حصول اتنا آسان نہیں ہوتا مگر نا ممکن بھی نہیں ہے۔اسٹیج تک پہنچنے کے لیے پہلے خود کو اس کا اہل کرنا ہوگا تو کیا یہ حقوق اللہ کا دائرہ مکمل کرنے سے ممکن ہے، تو ہاں شاید اس سے ہم اس اسٹیج پر پہنچ ضرور جائیں۔مگر پوزیشن کا سر ٹیفکٹ لینے کے لیے حقوق العباد کا دائرہ مکمل کرنا پڑے گا اور اس کی تکمیل اسی صورت ممکن ہے اگر ہم اعلیٰ ظرفی دیکھتے ہوئے لوگوں سے رشتوں میں پوزیشن سر ٹیفکٹ لینے کی کاوش کریں.
تو کیا یہ اتنا آسان ہے؟ نہیں شاید یہ بہت مشکل ہے، کبھی کبھی آپ کو ناممکن بھی لگے گا. اس لیے کہ اللہ سبحانہ تعالیٰ رحمان ہیں،رحیم ہیں اپنے معاملات میں، وہ سخت تو ہیں مگر مان جاتے ہیں، جہاں سے بھی پلٹ جاؤ اپنی آغوش میں لے لیتے ہیں. محنت، لگن، محبت اور تسلسل سے ہم حقوق اللہ تو پورے کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور اس کی رحمت سے امید کرتے ہوئے ہم اسٹیج پر پہنچ جائیں اور اگر وہ چاہے تو ہم پوزیشن بھی لے لیں۔مگر حقوق العباد کو مکمل کرنا بہت مشکل ہے، اس کے لیے ہمارا واسطہ انسانوں سے پڑتا ہے، جن کے حقوق و فرائض کی ادائیگی کے معاملات بہت گراں ہیں دونوں اطراف کے لیے۔ آپ کا معمولی سا اقدام کسی کی دل آزاری کا سبب بن سکتا ہے،آپ کا کہا ایک لفظ کسی کا پورا دن خراب کر سکتا ہے،آپ کا لہجہ کسی کے آنسو کی وجہ ہو سکتا ہے۔ تو اس جگہ آپک و پوزیشن سر ٹیفکٹ کے لیے اپنے رشتے اور اپنے سے منسلک لوگوں سے ان کی زندگی میں اپنی پوزیشن صاف کرنی ہوگی۔مکمل نہ سہی، کچھ کامیابی حاصل کرنے میں آپ کامیاب ہو جاتے ہیں، توا سٹیج پر پہنچ کر پوزیشن سر ٹیفکٹ بھی لے لیں گے۔ رویے بہتر کریں، ان کو اپنی محنت سے سنوارنے کی کوشش کر کے دوسروں کا احساس کر سکتے ہیں۔ان شاء اللہ
تبصرہ لکھیے