ہوم << ریل گاڑی کا سفر -فرح ناز

ریل گاڑی کا سفر -فرح ناز

کسی نے خوب کہا ہے کہ "سفر وسیلہ ظفر ہے" . آج آپ کی خدمت میں ایک سفرنامہ لے کر حاضر ہوں۔

ہمارا سفر شروع ہوتاہے (اپریل کے مہینے) میں، کزن (ماموں کی بیٹی) کی شادی کی تاریخ طے ہوتے ہی دھڑا دھڑ فون آنے شروع ہوگۓ تھے، ماموں، مامی، کے اصرار پر بھائی نے ریل گاڑی کی ٹکٹیں منگوائیں، اور ہم سب جوش و خروش کے ساتھ شادی کی تیاریوں میں مگن ہوگئے تھے۔
اللہ! اللہ! وہ لمحہ آہی گیا جس کا بے صبری سے انتظار تھا،(ریل گاڑی کا سفر ہمیں بچپن سے ہی بہت زیادہ پسند ہے)
رات کو تمام پیکنگ مکمل کیں، اور صبح اٹھتے ہی کھانا پکایا، گیارہ بجے کے قریب بھائی سوزوکی لینے گئے، اتنے میں بارش شروع ہوگئی، اور موسم خوشگوار ہوگیا، گاڑی میں سب بیٹھے اور ہم اسٹیشن کی طرف چل پڑے، راستے میں بارش کی وجہ سے کیچڑ ہی کیچڑ تھا، دوخت اور پتے، دھل کر سر سبز و شاداب ہوگئے تھے، اور ٹھنڈی ہوائیں دل کو فرحت بخش رہی تھیں، راستے میں ہم نے دعا کی اللہ کرے گاڑی لیٹ ہو جاے۔

(سفر کی دعا جلدی قبول ہوتی ہے) اور ریل گاڑی پورے تین گھنٹے لیٹ تھی، گاڑی کا انتظار کرنے کے لیے "ویٹینگ ایریا" میں بیٹھے پھر جلدہی اکتاکر(بھائی اور بہنو) کے ساتھ سٹیشن کا معائنہ کرنے چل پڑے، کراچی کینٹ پر خوب رونق لگی ہوئی تھی، مسافر آرہےتھے، اور کچھ اپنے گھروں کو جارہےتھے، سامان بیچنے والے جگہ جگہ سٹال لگائے بیٹھےتھے، سموسے، پکوڑے، سینڈوچ، کولڈرنک، کی دکانوں پر رش لگا ہوا تھا۔
پھر ساڑھے تین بجے اعلان ہوا کہ
" پاکستان گاڑی پلیٹ فارم پر آرہی ہے"
اور ہم سب جلدی جلدی سامان اکٹھا کرنے لگے، گاڑی کے آتے ہیں سب اس میں چڑھے، اور کھڑکی والی سائیڈ پر جھگڑا شروع، میں بیٹھوں گی یہاں پر، بہنو کی پکار! میں بیٹھوں گا یہاں پر بھائیوں کی پکار!
امی نے کہا! سب تھوڑی تھوڑی دیر بیٹھو، یوں جھگڑا ختم ہوگیا۔

ٹرین میں بیٹھتے ہی ساتھ بھوک نے ہم سب کو ستاناشروع کردیا (صبح سےسب پنجاب جانے کی خوشی میں بھوکےتھے)
پھر ہم نے گرما گرم بیف پلاؤ، قیمہ، اور بیف تکے، سب کو سرو کیے، کچھ لوگ کھانا کھانے کے بعد سوگۓ اور کچھ باتوں میں مصروف ہوگۓ، ہم نے کھڑکی والی جگہ سنبھالی اور قدرت کے حسین نظارے دیکھنے میں مگن ہوگئے، گاڑی اپنی مکمل رفتار سے آگے بڑھتی جارہی تھی، ہلکی ہلکی بارش کی بوندیں، ہوا کے ساتھ ساتھ اندر آنےلگی، باہر سے جنگل، بیاباں، ویران علاقے، اور کہی کہی کھیت کھلیان، اور کہی پر بارش میں بچوں کے جھنڈ، اور کہی ندی پر نہاتی بھینس، اور بکریوں کےریوڑ، اور ندیاں آنے لگی.
گاڑی میں کبھی چاۓلےلو، گرما گرم چاۓ، کبھی ٹھنڈا جوس، اور بریانی، نان چنے، پکوڑے، روٹی، غرض بھانت بھانت کے لوگوں کا آنا جانا جاری تھا۔

ٹرین میں بھوک بھی زیادہ لگتی ہے، ہم کبھی بہنو کی چیزیں کھائیں، اور کبھی بھانجےکی، (تیاری کے چکر ہم اپنے کھانے پینے کی چیزیں منگوانا ہی بھول گۓ)اور ٹرین میں ہر چیز مہنگی،حیدرآباد کا دریا آتے ہی ہم نے زور وشور سے نعرہ لگایا (حیدرآباد کا دریا آگیاہے سونے والو! اٹھو جلدی سے) سب نے دریا دیکھا، اور پھر مووی بنائی دریاکی(بھئی سٹیٹس بھی تو لگاناتھانا) اب رات تک یہی مشاغل جاری رہے، ہنسنا، باتیں کرنا، پلاننگ بنانا،پھر رات کے کھانے سے فارغ ہوکر سب سوگئے، (ہم نے چھ سیٹوں والا پورا کیبن بک کروایا تھابھائی نے پردہ لگادیاتھا،) اور ہم اطمینان کے ساتھ سفر میں مشغول تھے، اور سفر کو خوب انجوائے کررہےتھے، آہستہ آہستہ بہت سے سٹیشن آۓ اور چلے گئے، صبح سات بجے گاڑی خانیوال سٹیشن پر رکی، سب نے منہ ہاتھ دھوۓ، اور ناشتہ کے لیۓ نان چنے، چاۓ، کیک، بسکٹ، منگواۓ۔ ناشتے کے بعد پھر سےہم باہر کے نظارے دیکھنے لگے، اور دوپہر بارہ بجے ہم فیصل آباد کے سٹیشن پر پہنچے،اور ریل گاڑی سے سامان اتروایاگیا، قلیوں کے ذریعے سے، سٹیشن پر لوگوں کاایک اژدھام تھا، ایسا لگ رہا تھا گویا کہ "آج ہی سب کو سفر سے آناہے، یا سفر پر جاناہے."

اتنا رش کہ ہم تو بیہوش ہوتے ہوتے ہی بچے، پھر بھائی اور کزن (ماموں کا بیٹا ہمیں سٹیشن پر آیاتھالینے). انہوں نے لوڈر رکشہ میں سامان لوڈ کیا، اور دوسرے رکشہ میں ہم سب کو بیٹھایا، اور پھر رکشہ سڑک پر رواں دواں ہوگیا، فیصل آباد کی صاف ستھری سڑکیں، وہاں پر ہلکی پھلکی سی دھوپ نکلی ہوئی تھی، مامو کے گھر پہنچتے ہی سب سے دعا وسلام کی، اور فریش ہونے کے بعد" دلہن" سے ملاقات کی، (دلہن مہندی لگوانے میں مشغول تھی). ماموں اور ممانی بچے سب ہمیں دیکھ کر خوش ہوۓ، ہماری ملاقات چھ سال بعد ہوئی تھی۔ یہ تھا ہمارا کراچی سے فیصل آباد کا سفر ہم نے تو خوب انجوائے کیاتھا، کیا آپ سب نے بھی انجوائے کیا؟

Comments

Avatar photo

فرح ناز

فرح ناز عالمہ اور افسانہ نگار ہیں۔ قرآن پڑھنا پڑھانا مشغلہ ہے۔ متعدد کورسز کیے ہیں۔ ختم نبوت کورس کی معلمہ ہیں۔ دین اسلام کی اشاعت، نبی کریم ﷺ کی سیرت کے ابلاغ اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے ذریعے رضائے الہی حاصل کرنا چاہتی ہیں۔

Click here to post a comment