ہوم << ڈپریشن سے نجات کیسے حاصل کریں؟ مفتی محمدعبداللہ نقشبندی

ڈپریشن سے نجات کیسے حاصل کریں؟ مفتی محمدعبداللہ نقشبندی

انسان کو ہمیشہ دو تین چیزوں کی خواہش بے پناہ انعامات اور احسانات سے اندھا کردیتی ہےاور یہیں سے ٹینشن، ڈپریشن اور پریشانیوں کی ابتداء ہوتی ہے. ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ یہ دنیا ہے یہاں انسان کی ہر خواہش پوری نہیں ہوسکتی بلکہ وہ جنت کہلاتی ہے جہاں جو دل میں آئے وہی حقیقت ہوجائے. یہ دنیا دارلامتحان ہے اور امتحان میں وہی کامیاب ہوتے ہیں جو محنت کرتے ہیں، اللہ کے بتائے ہوئے احکامات کی پیروی کرتے ہیں اور تعلیماتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کرتے ہیں.

اللہ رب العزت نے جو نعمتیں انسان کو عطا کی ہوئی ہیں اس میں زیادتی اور بڑھوتری کا طریقہ البتہ بتلایا ہےکہ اللہ کا شکر ادا کرنے والوں کو مزید نعمتوں سے نوازہ جائیگا. شکرِ الہی کے کلمات الحمدللہ، اللھم لک الحمد ولک الشکر اور اپنی مادری زبان میں شکریہ کے لئے جو کلمات ادا کیے جاتے ہیں وہی دل و زبان سے ادا کرنا، شکر کہلاتا ہے. شکر ادا کرنے سے جو دلی سرور اور ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے وہ شکر ادا کرنے والے ہی جانتے ہیں.

میرے ایک دوست مجھے بتاتے ہیں کہ میں اکثر پریشان رہتا تھا غیر ضروری اور لاحاصل خواہشات نے مجھے ڈپریشن میں مبتلا کردیا تھا میں قدرت سے ہمیشہ شاکی اور ناراض رہتا تھا جس کا نتیجہ پریشانیوں کی دلدل میں مزید پھنسنے کی صورت میں نکلتا تھا. وہ مزید بتاتے ہیں ایک دن مجھے اللہ کا ایک بندہ مِلا جو میرے لئے فرشتہء رحمت ثابت ہوا. انہوں نے مجھے ایک طریقہ بتایا جس سے میں پریشانیوں کے دلدل سے نکلا اور خوشیوں کے سمندر میں جاپہنچنا.

میں نے ان سے وہ طریقہ پوچھا تو بتانے لگے کہ انہوں نے مجھے نعمتوں کی ایک لمبی فہرست بیان کی جو مجھے حاصل تھیں مگر میں ان سے یکسر اندھا تھا. اس نے بتایا اللہ نے آپ کو ایمان کی عظیم نعمت سے نوازہ ہے، بہترین صحت عطا کی ہے، رہنے کے لئے چھت دی ہے، اہل وعیال کی دولت عطا کی ہے، دعاؤں کا بیش بہا خزانہ والدین کی صورت میں آپ کے پاس موجود ہے، عزت سے تین وقت کی روٹی مل رہی ہے، پھول جیسے بچے دئیے ہیں، وہ میرے سامنے اللہ کی نعمتیں گِنتے گئے اور میری آنکھیں روشن ہوتی گئیں. آخر میں انہوں نے کہا آپ ایک کاغذ لیں اور اس پر یہ تمام نعمتیں لکھیں، ہر صبح یہ کاغذ پڑھیں، الحمدللہ رب العالمین کہہ کر اپنے دن کا آغاز کرلیا کریں. چنانچہ میں نے پیپر لیا اور ساری نعمتیں لکھ لیں، اب روزانہ صبح وہ ایک نظر پڑھتا ہوں اور نئی صبح کا آغاز کرتا ہوں.

میں نے جب سے یہ طریقہ اختیار کیا ہے میری ٹینشن سکون میں بدل گئی ہے. پریشانیاں، راحت کی صورت اختیار کرگئی ہیں، میرا دل خوشی سے باغ باغ ہوتا ہےاور پورا دن میں شکرِ الہی کے احساسات میں ڈوبا رہتا ہوں. جو بھی دوست، ٹینشن، ڈپریشن اور پریشانی میں مبتلا ہو وہ یہ نسخہ ضرور آزما سکتے ہیں. مجھے یقین ہے اللہ پریشانیوں سے نجات عطا فرمائیں گے کیونکہ اللہ رب العزت اپنے بندوں سے وعدہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں ”اگر تم میرا شکر ادا کروگے تو ہم ضرور بضرور اپنی نعمتوں سے مالا مال کریں گے“