"وہ آیا اور چھا گیا" کا محاورہ یقیناً چینی کمپنی ڈیپ سیک (DeepSeek) پر پورا اترتا ہے، جس نے چند دن پہلے مارکیٹ میں انٹری دی اور ٹیکنالوجی اور مالیاتی منڈیوں میں زلزلہ برپا کر دیا۔ اس نے نہ صرف سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے بلکہ اے آئی کی پوری صنعت کو ایک نئے دور میں داخل کر دیا ہے۔
ڈیپ سیک نے ایک ایسا اے آئی ماڈل متعارف کروایا ہے جو نہ صرف OpenAI کے GPT ماڈلز کو پیچھے چھوڑ رہا ہے، بلکہ اس کی لاگت بھی محض 1/100 ہے۔ یہ پیشرفت نہ صرف اے آئی کی معیشت کو یکسر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے بلکہ ٹیکنالوجی انڈسٹری کو بھی ایک نئے موڑ پر لے جا رہی ہے۔ امریکہ میں پہلے ہی ایلون مسک اور چیٹ جی پی ٹی کے مالک کے درمیان سرد جنگ نے ماحول گرم کر رکھا تھا، اور اب ڈیپ سیک نے اسے مزید بھڑکا دیا ہے، جس کے نتیجے میں امریکی مارکیٹ دھچکے کا شکار ہو گئی ہے۔
ڈیپ سیک کے "r1" ماڈل کی خصوصیات نہ صرف تیز اور زیادہ ذہین ہیں بلکہ یہ ماڈل کثیرالمقاصد بھی ہے۔ یہ ماڈل اے آئی کی دنیا میں ایک ایسے دور کا آغاز ہے جہاں اب اے آئی بنانے کے لیے بڑے وسائل کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ پچھلے پانچ سالوں میں یہ تصور عام تھا کہ طاقتور اے آئی کے لیے دیوہیکل وسائل ناگزیر ہیں، لیکن ڈیپ سیک نے اس نظریے کو مکمل طور پر غلط ثابت کر دیا ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران، امریکی اسٹاک مارکیٹ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ Nvidia کے حصص کی قیمت میں ایک دن میں 600 ارب ڈالر سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے، جو پاکستان کے کل قرضے سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے (پاکستانی قرضہ تقریباً 150 ارب ڈالر ہے)۔ مجموعی طور پر بین الاقوامی منڈی سے ڈیڑھ ٹریلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے، جو 2000 کے ڈاٹ کام کریش کی یاد دلاتا ہے، جب انٹرنیٹ کی دوڑ میں کمپنیوں نے اربوں ڈالر خرچ کیے، لیکن طلب رسد کو پیچھے چھوڑ گئی۔
آج اے آئی انڈسٹری اسی راستے پر گامزن ہے، لیکن دس گنا تیزی سے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی انڈسٹری کو 600 ارب ڈالر کا ریونیو چاہیے، لیکن حقیقت میں اس وقت صرف 60 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ یہ ایک "خلیج" نہیں، بلکہ "خلا" ہے، اور ڈیپ سیک کا کم لاگت اے آئی ماڈل اس خلا کو ختم کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈیپ سیک کے متعارف ہونے سے پہلے، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی معیشت مصنوعی قلت پر مبنی تھی۔ یہ خیال کیا جاتا تھا کہ صرف بڑی اور امیر کمپنیاں ہی اے آئی بنا سکتی ہیں۔ لیکن اب یہ قصہ ماضی کا حصہ بن چکا ہے۔اور ایک نئی جنریشن کی شروعات ہے.
تبصرہ لکھیے