اس سال یک طرفہ تعلق کی گانٹھ کھول دو!!
اس سال, اُن لوگوں کو الوداع کہہ دو جو تم سے صرف مطلب کا تعلق رکھتے ہیں۔
یہ بہت مشکل ہوگا لیکن بہت ضروری بھی: اُن لوگوں کو پیار مت دو جو تم سے پیار نہیں کرتے۔
اُن لوگوں سے بحث کرنا بند کرو جو بدلنا نہیں چاہتے۔ اُن کے لیے وقت مت نکالو جو تمہاری قدر نہیں کرتے۔ اُن کو اہمیت مت دو جو تمہیں ایک آپشن سمجھتے ہیں۔ اُن سے محبت کرنا چھوڑ دو جو تم سے محبت نہیں کرتے۔
تمہارا دل چاہتا ہے کہ تم سب کو خوش کرو، لیکن یہی خواہش تمہارا وقت، طاقت اور ذہانت چھین لے گی۔
جب تم اپنی زندگی پورے دل، خوشی اور مکمل لگن سے گزارو گے، تو ہر کوئی تمہارے ساتھ چلنے کے لیے تیار نہیں ہوگا!
مطلب یہ نہیں کہ صرف تمہیں بدلنا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اُن لوگوں پر محبت لٹانا بند کرو جو تم سے محبت نہیں کرتے۔
اگر تمہیں نظرانداز کیا جاتا ہے یا بھولا جاتا ہے، تو اپنی توجہ اُنہیں دینا بند کرو۔
حقیقت یہ ہے کہ تم ہر کسی کے لیے نہیں ہو، اور ہر کوئی تمہارے لیے نہیں ہے۔ لیکن جتنا زیادہ وقت تم کسی کو مجبور کرنے میں لگاتے ہو کہ وہ تم سے پیار کرے، اتنا ہی وقت تم خود سے چھین رہے ہو۔ دنیا میں بہت سے لوگ ہیں جو تمہارے جیسے ہیں اور پیار کا بدلہ پیار سے دے سکتے ہیں.
لیکن جتنا زیادہ وقت تم اُن لوگوں کے ساتھ چپکے رہو گے جو تمہیں استعمال کرتے ہیں، اتنا ہی تم اپنے قبیلے سے دور رہوگے۔
شاید اگر تم نہ جاؤ، تو یہ لوگ تمہیں بھول جائیں۔
شاید اگر تم کوشش نہ کرو، تو رشتہ ختم ہو جائے۔
شاید اگر تم میسج نہ کرو، تو تمہارا فون خاموش رہے۔
شاید اگر تم پیار نہ کرو، تو واسطہ ختم ہو جائے۔
مطلب یہ نہیں کہ تم نے رشتہ خراب کیا۔ یہ مطلب ہے کہ رشتہ صرف تمہاری کوشش سے چل رہا تھا۔ اٹ واز اے ون وے سٹریٹ!
یہ پیار نہیں، لگاؤ ہے۔
تمہاری زندگی میں سب سے قیمتی چیز تمہاری توانائی ہے۔ تمہارا وقت نہیں، تمہاری توجہ محدود ہے۔ جس چیز کو تم توانائی دیتے ہو، وہی تمہاری زندگی بنتی ہے۔
جب تم یہ سمجھوگے، تو تمہیں احساس ہوگا کہ کیوں تم اُن لوگوں کے ساتھ وقت گزار کر پریشان ہوتے ہو جو تمہارے لیے کسی بھی طرح سے صحیح نہیں ہیں۔
تمہیں یہ بھی سمجھ آئے گا کہ تمہاری زندگی کے لیے سب سے اہم کام یہ ہے کہ تم اپنی توجہ کی حفاظت کرو۔
اپنی زندگی کو ایک خوبصورت گھونسلہ بناؤ، جہاں صرف وہ لوگ آ سکیں جو تمہاری پرواہ کرتے ہیں۔
تمہیں دوسروں کو بچانے کی ذمہ داری نہیں ہے۔
یہ تمہارا کام نہیں کہ تم دوسروں کو قائل کرو کہ وہ اپنی زندگی کیسے سنواریں اور گزاریں!
تمہارا کام یہ نہیں کہ تم ہر کسی کے لیے وقت نکالو اور اپنی زندگی انہیں دان کردو!
تمہارا اصل کام یہ ہے کہ تم جان لو کہ تم اپنی قسمت کے خود مالک ہو، اور تم وہی محبت قبول کرتے ہو جس کے تم مستحق ہو۔
فیصلہ کرو کہ تم سچی دوستی، خالص وابستگی اور مکمل محبت کے لائق ہو، جو ان لوگوں سے مل سکتی ہے جو اس کو وصول کرنے کے قابل ہیں.
ہاں، ہو سکتا یہ چیز تمہیں تنہا کر دے!
مگر ہمت کرو اور پھر تھوڑی دیر اندھیرے میں انتظار کرو...
… اور دیکھو کیسے سب کچھ جلدی بدلنے لگتا ہے۔
----------------
اس سال کی پہلی پوسٹ ڈی موٹیویشنل ہے. تاہم اس کی بھی ضرورت پڑ جاتی ہے.
ہاں، میں نے اس پر بار بار لکھا ہے کہ ہر مسئلے کا علاج محبت ہے اور اگر مسئلہ بڑھ جائے تو محبت کی مقدار بڑھا دو. مگر یک طرفہ محبت خود ایک مسئلہ ہے، کیوں کہ وہ ابیوز میں بدل جاتی ہے. یہ پوسٹ ان لوگوں کے لیے ہے جو ابیوز کا شکار ہیں.
بہت عرصہ قبل ایک وائرل پوسٹ پڑھی، جو مشہور اداکار انتھونی ہاپکنز سے موسوم تھی جو نئے سال کا پہلا پیغام تھا، تاہم تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ اصل مصنفہ برائنا ویسٹ ہیں جنہوں نے 101 مضامین پر مشتمل ایک دھانسو کتاب بھی لکھی ہے. میں نے اسی پیغام کو اردو کے قالب میں ڈھالا ہے.
فیس بک کا زیادہ تر استعمال فوٹو پروگرام ہی ہوتا ہے، مگر اگر اس سے کوئی لہر اٹھنی ہے تو یہ پیغام بے شک اپنے نام سے جہاں تک پہنچا سکتے ہیں تو پہنچائیں. بہت سے لوگ اپنی زندگی جیے بغیر ہی رخصت ہو جاتے ہیں، شاید کسی تک یہ آواز پہنچ جائے. یہ قطع رحمی یا قرابت داری کا خاتمہ نہیں ہے، یہ یک طرفہ استعمال/ٹشو پیپر طریقے کا خاتمہ ہے.
ہاں، کچھ ایسے رشتے ہوتے ہیں جہاں گانٹھ یک طرفہ اور پکی باندھنی پڑتی ہے، وہ ان کنڈیشنل محبت کی بات ہے، تاہم زندگی میں کچھ لوگوں کو تو یہ لائسنس بواسطہ محبت دیا جاسکتا ہے، اگر یہ شارع عام بن جائے گی تو پھر رلنا بھی پڑے گا اور چس بھی نہیں آئے گی.
بحیثیت ماہر نفسیات، مجھے سینکڑوں پیغامات ملتے ہیں ان لوگوں کے جو یک طرفہ محبت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں. ییہ پوسٹ شاید ان کے لیے ہے اور یہ تعداد بہت زیادہ ہے.
اگر آپ کا شمار ان لوگوں میں ہے تو پھر اس سال کچھ ایسا کرو کہ یک طرفہ پھاٹک بند کردو!
شاید 2024 اسی وجہ سے ایک مختلف سال بن جائے.
اس سال یک طرفہ تعلق کی گانٹھ کھول دو - عارف انیس

تبصرہ لکھیے