ہوم << داستانِ حج 1440 ھ قسط (21) - شاہ فیصل ناصرؔ

داستانِ حج 1440 ھ قسط (21) - شاہ فیصل ناصرؔ

اتوار ٢٤ ذى الحج١٤٤٠ھ۔ بمطابق 25 اگست 2019ء

معمول کے مطابق ہم نماز فجر کیلئے حرم گئے، طواف اور نماز اشراق کے بعد بلڈنگ واپس ہوئے۔ ناشتہ کے بعد آرام کیا۔ نماز ظہر اور کھانے کے بعد عصر کیلئے حرم گئے۔

حرم مکی میں بین الاقوامی کلاس میں شرکت : مسجدحرام اورمسجد نبوی کی رئاست عامہ نے حرم مکہ اور مدینہ میں حجاج کرام اور زائرین کی نماز اور تلاوت کی غلطیوں کی درستگی کیلئے جگہ جگہ حلقات اور کلاسز کا انتظام کیا ہے۔ نمازعصر دوسری چھت پر ادا کرنے کے بعد ہم طواف کے ارادے سے اٹھے کہ اتنے میں شیخ عمر اپنا حلقہ سجھانے آیا۔ اپنا مائیک وغیرہ سٹ کرنے کے بعد ہم پہلے لوگ تھے کہ ان سے ملے۔ بہت ہی خوش اخلاق مکہ کے نوجوان عالم دین ہیں۔ ان کی محبت نے ہمیں بیٹھنے پر مجبور کیا۔ ہمارے لئے چائے منگوائی اور کلاس شروع کی ۔

ہمارے ساتھ مالی کا ھارون بھائی آیا اور پھر آہستہ آہستہ دنیا کے مختلف ممالک اور اقوام کے لوگ شامل ہوتے گئے ۔ جن میں مصر، تیونس، بنگلہ دیش، ملائیشیا، افغانستان، صومالیہ، شام، الجزائر،کویت,لیبیا اور دوسرے ممالک کے لوگ شامل تھے۔ میں شیخ کیلئے اردو،پشتو اور انگریزی کی ترجمانی میں مدد کرتا۔ مختلف لوگوں کا یہ کلاس دیکھ کر ایک ساتھی نے اس حدیث کا ذکر کیا جس کا مفہوم ہے کہ جب مختلف لوگ اللہ کے کسی گھر میں اکٹھے ہو کر اللہ کی کتاب کی تلاوت کرتے ہیں۔ تو ان پر سکینت نازل ہوتی ہے، رحمت انہیں ڈھانپ لیتی ہے، ملائک انہیں گھیر لیتے ہیں اور اللہ اپنے پاس ملائکوں میں ان کا تذکرہ فرماتا ہے۔ اللہ تعالی ہمیں اس حدیث شریف کا مصداق بنائے۔نماز مغرب تک یہ خوبصورت کلاس اختتام پذیر ہوئی اور ہم طواف کیلئے اوپر چھت پر گئے۔

پیر ٢٥ ذى الحج ١٤٤٠ ھ بمطابق 26 اگست 2019ء

نمازفجر کدی سٹاف کی مسجد میں اداکی۔حرم جاکر طواف کیا۔ ناشتہ کیلئے واپس ہوئے۔ ظہر کے بعد حرم گئے۔ نماز عصر کے بعد مکتبہ حرم میں مطالعہ کیا۔ مغرب سے قبل شیخ عمر کے پاس آکر نماز ادا کی۔ مالی کے ھارون بھائی سے الوداعی ملاقات کی۔ مغرب کے بعد طواف اور نماز عشاء کے بعد واپسی ہوئی۔ آج ساتھیوں نے رات حرم میں گزارنے کا فیصلہ کیا۔ 12 بجے روانہ ہوئے، ایک بجہ طواف شروع کیا ۔ تلاوت اور قیام اللیل کا موقع بھی ملا۔

منگل ٢٦ ذى الحج ١٤٤٠ ھ۔ 27 اگست 2019ء
نماز فجر کے بعد واپس ہوئے، ناشتہ کے بعد سو گئے۔ نماز ظہر محلے کی مسجد میں ادا کی۔ ظہرانہ کھاکر نماز عصر کیلئے حرم پہنچ گئے ۔ تہہ خانے میں نماز ادا کرکے مغرب تک وہاں رہے۔ مغرب کے بعد نکل کر مسجدابوبکرصدیق ؓ آئے ۔

مسجد ابوبکرصدیق ؓ

ابوبکرصدیق ؓ (جن کا اپنا نام عبداللہ بن عثمان ہے)، رسول اللہﷺ کا یار غار اور رفیق سفر، ہر مشکل میں آپﷺ کا ساتھی اور روئے زمین پر انبیاء کرام علیھم السلام کے بعد بہترین انسان، جن کی صحابیت پر قرآن شاہد ہے اور جن کے بارے میں آپ ﷺ نے فرمایا تھا، میں نے زندگی میں تمام لوگوں کے نیکیوں کا بدلہ دیا، صرف ابوبکر رہ گئے ہیں جن کا بدلہ اللہ تعالی خود دے گا۔
ہجرت کی رات آپﷺ ابوبکر ؓ کے گھر آئے اور رات کی تاریکی میں دونوں ہجرت کیلئے نکل گئے۔ ابوبکرصدیق ؓ کا یہ گھر مسجد حرام سے متصل باب فھد کے سامنے ہے۔ جہاں اب مشہور مارکیٹ اور هوٹل ”شرکة مكه” بنایا گیا ہے۔ لیکن ابوبکرصدیق ؓ کی یادگار کے طور پر بلڈنگ کی ایک چھت کو ”مسجد ابوبکر صدیق ؓ” بنایا گیاہے۔ آج نمازعشاء ہم نے وہاں ادا کی۔ نماز کے بعد اپنی رہائش گاہ کدئ واپس ہوئے ۔

بدھ ٢٧ ذى القعده ١٤٤٠ ھ۔ 28 اگست 2019ء

مكة المكرمة میوزیم (معرض حرمین شریفین) کی سیر

معمول کے مطابق نماز فجر حرم میں ادا کرکے واپس ہوئے۔ ناشتہ کی بعد آج ہم نے حدیبیہ اور غلاف کعبہ میوزیم جانے کا پروگرام بنایا۔ لیکن لیٹ ہونے اور مطلوبہ گاڑی نہ ملنے کی وجہ سے ہم حدیبیہ نہیں پہنچ گئے، البتہ مکہ مکرمہ میوزیم جانے میں کامیابی ہوئی۔ ہوٹل کے سامنے سے دو ٹیکسی بک کرکے ہم میوزیم روانہ ہوئے۔ گاڑی مکہ کی تیسری رنگ روڈ پر جا رہی تھی۔ راستے میں مکہ کی پرانی آبادی بہت خوبصورت منظر پیش کررہی تھی۔ آگے اسی روڈ پر مکہ ٹرین سٹیشن تھا ۔ میوزیم کے قریب سڑک کنارے ایک خوبصورت عمارت ہے، جو “رابطة العالم اسلامى کا ہیڈکوارٹر ہے۔

مکہ مکرمہ میوزیم میں مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی پرانی استعمال شدہ چیزوں کو محفوظ کیا گیاہے۔ غلاف کعبہ بنانے کے پرانے آلات، کعبہ کا قدیم دروازہ، پرانی سیڑھی، پرانے پتھر اور ستون، حجر اسود کا قدیم کور، مقام ابراھیم کا جنگلہ، زم زم کے کنویں میں استعمال شدہ سامان، مختلف مخطوطات جو حرم مکی اور مدنی میں پتھروں پر لکھے گئے تھے، روشنی کے آلات، گھڑیالیں اور دوسرے استعمال شدہ سامان وغیرہ جو ادوار گزشتہ میں بیت اللہ الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں استعال ہوئے ہیں، سب کچھ، توحید کے پروانوں کے دلوں اور آنکھوں کی ٹھنڈک کیلئے یہاں محفوظ کئے گئے ہیں۔ ان آثار کو دیکھنے سے دل کو لذت اور آنکھوں کو طراوت ملتی ہے۔ تقریبا گھنٹہ آدھ گزارنے کے بعد ہم یہاں سے رخصت ہوئے۔ ظہر کدی کی مسجد محمد السبیل میں ادا کرکے کھانے کی بعد حرم گئے اور عشاء کی بعد واپس ہوئے۔

جمعرات ٢٨ ذى الحج ١٤٤٠ ھ۔ بمطابق 29 اگست 2019ء

معمول کے مطابق فجر سے قبل بیدار ہوئے اور وضو بناکر حرم روانہ ہوئے۔ نماز فجر کے بعد طواف کیا۔ اشراق کے بعد بلڈنگ واپس ہوئے۔ نماز عصر سے قبل دوبارہ حرم گئے اور عشاء تک وہاں رہے۔ نماز عشاء کے بعد حاجی نعیم اللہ چیف ایکزیکٹیو باجوڑمدینہ حج اینڈ عمرہ سروس سے ملاقات ہوئی۔ ہمیں اپنے ہوٹل کو لے گئے جو ابراج مکہ کی طرف چند منٹ فاصلہ پر تھا۔ ان کے ساتھ گروپ میں حاجی فضل ودود پنجپیری بھی آئے تھے۔ گپ شپ اور کھانا کھانے کی بعد رات گئے اپنی رہائشگاہ واپس ہوئے۔

Comments

Click here to post a comment