ہوم << زندگی کیسے گزریں -ڈاکٹر اسامہ شفیق

زندگی کیسے گزریں -ڈاکٹر اسامہ شفیق

زندگی کے ھنگام میں کچھ وقت اپنے لیے نکالیں۔ اس بھاگتی دوڑتی زندگی میں جب سب کا ھدف خوب سے خوب تر کی تلاش اور زیادہ مال و دولت ھو تو زندگی میں ایک مقام ایسا بھی آتا ھے کہ جب انسان اس دوڑ سے تھک کر سوچتا ھے کہ وہ کہاں ھے اور کیا کررہا ھے؟ یہ مقام ھر انسان کی زندگی میں آتا ھے لیکن کچھ اس مقام پر رک کر ان سوالات کے جواب تلاش کرتے ہیں اور کچھ اپنے نصیب اور اپنی جدوجہد کو کوسنے دیکر دوسروں سے مقابلہ کرتے ہیں۔
اپنی زندگی کے تجربے کی روشنی میں چند باتیں، ذاتی مشاہدہ عرض کیے دیتا ھوں۔

1-رزق کہاں سے اور کیسے ملے گا یہ سب نصیب سے ھے۔ آپ کا کام رزق حلال کی جستجو، محنت اور اپنے رب سے دعا کرنا ھے۔

2-اس میں یہ بات بھی شامل خیال رہے کہ رزق اتنا ھی ملے گا جتنا مقدر میں ھے لیکن انسان کا اختیار بس اس کو حلال یا حرام سے کمانے پر ھے۔

3- جدوجہد اور سعی کے بغیر انسانی زندگی نامکمل ھے لیکن یہ جدوجہد و سعی عارضی چیزوں کے بجائے پائیدار و مستقل چیزوں کے لیے ھونی چاھئے۔

4- زیادہ پیسہ زیادہ ضرورت کو جنم دیتا ھے لہذا کبھی یہ نہ سوچیں کہ اتنا پیسا جمع کرونگا تو یہ ھوگا اور اس کے لیے کوھلو کے بیل نہ بنیں اگر آپ زیادہ پیسہ باآسانی کمارہے ہیں تو بہت اچھا ھے ورنہ اپنی صلاحیتوں کو محض اس پیسے کی دوڑ میں ضائع نہ کریں۔ آپ کی ذات، خاندان اور جسم و روح کا بھی آپ پر حق ھے اس کو کبھی فراموش نہ کریں۔

5- زندگی کی چکاچوند اور دوسروں سے اپنا موازنہ نہ کریں۔ آپ خود اپنی ذات میں مکمل انسان ہیں جو چیزیں اللہ نے آپ کو عطا کیں ہیں وہ آپ کے لیے بہترین ھے اس پر راضی رہیں۔ شکوہ شکایات یا کسی کو دیکھ کر مال و دولت کی دھن میں اس جیسا بنے سے گریز کریں۔

6- انسان کے لیے اس کا اصل سرمایہ جو کبھی ختم نہ ھوگا حتی کہ موت کے بعد بھی جاری و ساری رہے گا وہ نیک و صالح اولاد، علم جو کسی کو سکھایا اور صدقہ جو آپ نے دیا۔ اس میں اس کی بھی وضاحت ضروری ھے علم حکمت، اچھا مشورہ، کسی بات پر چشم پوشی کسی کی اشک شوئی بھی صدقے کی تعریف میں شامل ہیں اور احادیث میں بکثرت اس کو بیان کیا گیا ھے۔

7- اس دنیا کو بالآخر ختم ھوجانا ھے، چاھے آپ ارب پتی ھوں یا کنگال حساب کتاب کے مراحل سب کے گزرنے ہیں لہذا نیکی کرنے کی عادت ڈالیں خواہ وہ راستے سے کسی تکلیف دہ چیز کا ھٹانا ہی کیوں نہ ھو۔ اس کو ھمیشہ یاد رکھیں کہ زندگی کے چھوٹے امتحان کا رزلٹ آخرت میں سب کے سامنے ظاہر ھوگا۔ لہذا نیکی کے بدلے میں نیکی کی عادت تو دراصل حساب کتاب دنیا میں پورا کرنا ھے اصل کام برائی کے جواب میں بھی بھلائی ھے جوکہ مطلوب ھے۔

8- اس بات کا مکمل یقین رکھیں کہ اس زندگی میں نہ تو آپ کی تمام اچھائیوں کا اور نہ تمام برائیوں کا بدلہ ملے گا۔ لہذا کسی کا اچھا رہن سہن پرتعیش زندگی نہ تو اس کے اچھے اعمال کا صلہ ھے اور نہ ہی کسی کی غربت و افلاس اس کے گناھوں کا بدلہ۔ یہ تو سب امتحان ھے سب کا الگ الگ پرچہ ھے حل سب کو الگ طریقے سے کرنا ھے لہذا اس میں بھی کسی کی بلاوجہ نقالی سے گریز کریں۔

میں زندگی کے اس موڑ پر خود کو محسوس کرتا ھوں کہ جہاں انسان کی واپسی کا سفر شروع ھوجاتا ھے۔ یاد رکھیں زندگی بہت مختصر ھے اور میرا یا آپ کا کوئی دن بھی آخری دن ثابت ھوسکتا ھے لہذا زندگی کو جئیں بھرپور طور پر لیکن اس بات کو ھمیشہ مقدم رکھیں کہ یہ ایک عارضی جگہ ھے لہذا اس میں ھمیشگی والے اقدامات اتنے نہ کریں کہ ھمیشہ والی زندگی فراموش ہو جائے۔ اللہ تعالیٰ مجھ کو اور آپ کو زندگی کا حقیقی شعور اور عافیت والی زندگی و آخرت نصیب فرمائے آمین۔

Comments

Click here to post a comment