اللہ کے فضل وکرم سے ہمارا دلیل کا قافلہ آگے کی طرف بڑھنا شروع ہوگیا تھا۔ ہر روز کوئی نہ کوئی نیا دوست ساتھ آملتا۔ ایسا بھی ہوا کہ کسی محترم قلم کار کی ہم نے کوئی فیس بک پوسٹ اٹھاکر لگائی تو اگلی تحریر انہوں نے ازراہ محبت خود بھیجی۔ ریٹنگ روز بروز بہتر ہوتی گئی۔ تین چار دن پہلے تک ٹاپ ساڑھے چار ہزار میں آگئی تو دلیل سے وابستہ دوستوں کا کہنا تھا کہ اس پر کچھ لکھا جائے۔ میں ٹالتا رہا۔ پھر چار ہزار، ساڑھے تین، تین ہزار اور کل ستائیس سو کی فہرست میں آگئی۔ آج الحمداللہ بائیس جولائی کو دلیل ٹاپ پچیس سو کی فہرست میں آگئی ہے۔ اٹھارہ انیس دنوں میں بغیر کسی پبلسٹی، بغیر کسی سٹوری کو سپانسر کیے ہمیں اللہ نے یہ کامیابی عطا کی ہے۔ ہم رب کریم کے شکرگزار ہیں۔ ہم ان تمام دوستوں کے بھی شکر گزار اور ممنون ہیں جنہوں نے دلیل کو اپنے روزانہ کے مطالعے کا حصہ بنایا، اس کی سٹوریز اپنی فیس بک وال پر شیئر کی اور سب سے بڑھ کر وہ جنہوں نے دلیل کے لیے اپنی تحریریں بھیجیں۔ ان سب کی محبتوں کے ادارہ دلیل اور یہ خاکسار قرض دار ہے۔ اللہ انہیں جزائے خیر دے ۔
دلیل کے حوالے سے دوست مختلف مشورے دیتے رہتے ہیں۔ ہم ان تمام مشوروں، تجاویز کے لیے اوپن ہیں۔ کئی چیزیں ہم کرنا چاہ رہے ہیں، بہت سی ذہن میں ہیں، رفتہ رفتہ ان شااللہ وہ عملی شکل اختیار کرلیں گی۔ لیکن ابھی ہمیں تین ہفتے بھی مکمل نہیں ہوئے، اس لیے مزید بہتری کے لیے کچھ وقت یقیناً درکار ہوگا۔ یہ ان شااللہ طویل سفر ہوگا، جس میں بتدریج بہتری آتی جائے گی۔
دلیل کے حوالے سے تین چار رہنما اصول ہمارے سامنے ہیں۔
منتظمین دلیل کی کوئی مخصوص رائے یا آرا ہوسکتی ہیں، مگر دلیل کے پلیٹ فارم پر اس کا اثر نہیں پڑے گا۔ ہم اپنے سے مختلف نقطہ نظر بھی شائع کریں گے۔ قارئین کو یہ موقع فراہم کرنا ہمارا مقصد ہے کہ وہ تصویر کے مختلف رخ دیکھ، سمجھ کر اپنی رائے بنا سکیں ۔
دلیل صرف نظری یا فکری بحثوں کے لیے نہیں، اس کی مختلف کیٹیگریز ہیں، رفتہ رفتہ ان تمام کے حوالے سے مواد سامنے آتا رہے گا، سوشل ڈویلپمنٹ ایشوز کے حوالے سے ہماری خواہش ہے کہ عمدہ تحریریں دستیاب ہوں تاکہ انہیں شائع کیا جاسکے۔ اسی طرح پاکستانیت، دینیات، ادب کے انتخاب اور انٹرویوز کے حوالے سے بہت کچھ آیندہ دنوں میں ان شااللہ پیش کیا جائے گا۔
ہماری خواہش ہے کہ نوجوان قارئین کی تربیت ہو، اسی وجہ سے یک رخی تحریروں کے بجائے مختلف پہلو سامنے لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ مختلف اسلامسٹ حلقوں کی رائے بھی سامنے آئے، تاکہ باہمی مکالمہ ممکن ہوسکے۔
کرنٹ افئیرز ہمارے اخباری صفحات، کالموں اور ٹاک شوز پر چھائے ہوئے ہیں۔ فطری طور پر دلیل کے لیے لکھنے والے ان رجحانات کو نظرانداز نہیں کرسکتے۔ اس میں کوئی حرج نہیں، تاہم ہماری کوشش ہے کہ کرنٹ افئیرز کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی مواد پیش کیا جاسکے۔ اس کے لیے ہمیں لکھاریوں کا تعاون درکار ہوگا۔
دلیل کو اٹھارہ انیس دنوں میں جو پزیرائی ملی، اس کے لیے میں ذاتی طور پر تمام لکھاریوں، قارئین کا شکرگزار ہوں۔ دعا ہے کہ رب تعالیٰ ہم سے وہ کام لے لے، جو اسے پسند ہو اور جو اس کی خوشنودی اور ہماری بخشش کا باعث بنے۔ آمین۔
’’دلیل ڈاٹ پی کے ‘‘ ٹاپ پچیس سو میں آگئی ہے، پہلا سنگ میل عبور کرلیا - عامر خاکوانی

Bhai ap kam he boht acha kr rhay ho to kesay na top pe ay Allah apko or zada acha likhne ki tofeq atta frmay Ameen
اللّه کرے رونق چمن اور زیادہ
بہت مبارک ہو۔۔۔اللہ اپ کو اور ترقی دے۔۔۔آمین۔
اللہ قبولیت سے نوازے، احقر راقم الحروف کا نام محبت سے لینے پر مشکور ہوں ، امید ہے دلیل ، دلیل کی بنیاد پر ہی میدان مار لے گا، اللہ تعالی اپ کی نیک کاوشوں کو مزید استحکام اور ترقی دے